زرداری کے قریبی ساتھی 'لاپتہ'
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی غلام قادر مری اپنے ڈرائیور اور دیگر دو افراد سمیت لاپتہ ہوگئے۔
غلام قادر مری کے بھائی اسماعیل مری نے تصدیق کی ان کے بھائی کی گاڑی جام شورو پاورہاؤس کے قریب سے ملی ہے اور ان کا کہنا تھا کہ 'میرے بھائی نوڈیرو سے واپس آرہے تھے'۔
غلام قادر مری کے ایک سیکرٹری کا کہنا تھا کہ لاپتہ ہونے والے دیگر تین افراد کی شناخت خان محمد منگی، سجاد آرائیں اور ڈرائیور محبوب خاص خیلی کے نام سے ہوئی ہے۔
دریاخان مری گاؤں میں رہنے والے غلام قادر مری ٹنڈوالہیار میں بڑی زمینوں کے مالک ہیں جبکہ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے وہ کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں تاہم وہ زرعی زمین اور پی پی پی کی اعلیٰ قیادت کے معاملات کو دیکھتے ہیں۔
وہ گزشتہ ماہ مارچ کے تیسرے ہفتے میں سیاسی اجتماع کے لیے زرداری کے ساتھ حب بھی گئے تھے، کہا جاتا ہے کہ وہ زرداری کی بہن فریال تالپور کے شوہر میر منور تالپور کے بہت قریب ہیں۔
غلام قادر مری کا سندھ اسمبلی کا مستقل پاس بھی گاڑی کے قریب سے ملا ہے۔
حیدر آباد کے ڈی آئی جی خادم حسین نے تصدیق کی کہ غلام قادر مری کی گاڑی پاور ہاؤس کے قریب سے ملی ہے لیکن پولیس کے پاس اس وقت کوئی معلومات نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق مشیر سندھ نواب علی لغاری اسلام آباد سے 'اغوا'
ایس ایس پی جام شورو تنویر عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ انڈس ہائی کے چند علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جارہا ہے لیکن تاحال غلام قادر مری اور ان کے ساتھیوں کے لاپتہ ہونے کا سراغ نہیں ملا۔
خیال رہے کہ سندھ پولیس کے لیے سیاست سے جڑا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے، چند دن قبل اشفاق لغاری سپر ہائی وے سے لاپتہ یا اغوا ہوگئے تھے، لغاری کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ اومنی گروپ کے دبئی کے دفتر میں کام کرتے تھے جبکہ وہ گڈاپ پولیس کی حدود میں لاپتہ ہوگئے تھے۔
چند روز قبل سندھ حکومت کے سابق مشیر نواب لغاری کو نامعلوم افراد نے اسلام آباد سے اغوا کیا تھا، وہ حیدرآباد کے ڈیفنس کے علاقے میں رہائش پذیر تھے اور حال ہی میں اسلام آباد منتقل ہوگئے تھے۔
یہ خبر 8 اپریل کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی