• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

'میں بھی اقرباء پروری کا ذمہ دار ہوں'

شائع March 27, 2017 اپ ڈیٹ March 28, 2017
کنگنا رناوٹ نے کافی ود کرن میں کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام لگایا — فوٹو/ فائل
کنگنا رناوٹ نے کافی ود کرن میں کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام لگایا — فوٹو/ فائل

ہندوستانی اداکارہ کنگنا رناوٹ نے کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام لگا کر بولی وڈ میں نئی بحث کا آغاز کردیا تھا، جس پر کرن جوہر نے انہیں شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔

تاہم اب سوشل میڈیا پر کرن جوہر کی 2014 کی ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں وہ خود اقرباء پروری کی بات کرتے ہوئے اپنے آپ کو بھی اس عمل کا مجرم قرار دے رہے ہیں۔

کرن جوہر نے 2014 میں فرنٹ رو ود انوپما چوپڑا شو میں شرکت کی، جہاں دپیکا پڈوکون اور ٹسکا چوپڑا بھی اس شو کا حصہ تھیں۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوٹ نے لگایا کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام

اس دوران کرن جوہر کا بولی وڈ میں اقرباء پروری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کے علاوہ اور بہت سی وجوہات ہیں جو آپ کو ایک اسٹار بناتی ہیں، بہت سارے قابل لوگ موجود ہیں جنہیں صحیح پلیٹ فارم نہیں ملتا'۔

کرن جوہر کا اپنی فلم 'اسٹوڈنٹ آف دی ایئر' کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ 'فلم میں عالیہ بھٹ کے کردار کے لیے میں نے کم از کم 400 لڑکیوں کو دیکھا، جن میں سے 200 تو بےحد قابل تھیں، وہ تمام چہرے فراموش کردیے گئے کیوں کہ میں نے ان لڑکیوں کو کہیں نہیں دیکھا تھا، ان تمام لڑکیوں میں، میں نے عالیہ بھٹ کا انتخاب کیا اور میں جھوٹ نہ بولوں تو میں اس بات سے متاثر ہوا کہ وہ مہیش بھٹ کی بیٹی ہیں، یہ اقرباء پروری ہے، ہم سب اس کے ذمہ دار ہیں میں بھی اس کا ذمہ دار ہوں'۔

کرن جوہر نے فلم میں شامل دوسرے اداکارہ ورن دھون کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'کیا میں ورن دھون کو فلم میں کاسٹ کرتا اگر وہ ڈیوڈ دھون کا بیٹا نہ ہوتا؟ ان کا بیٹا ہونے کی وجہ سے وہ میری فلم کے سیٹ پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر موجود رہے، اور وہیں مجھے اندازہ ہوا کہ یہ اسٹار بن سکتے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: 'اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو چھوڑ دیں'

کرن جوہر نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بھی کہا کہ 'کیا میں فلم ساز ہوتا؟ میں ایک پروڈیوسر کا بیٹا ہوں، میرے پاس کوئی تجربہ نہیں تھا، میرے والد نے مجھے پلیٹ فارم دیا اور اس لیے میں ایک فلم ساز بنا'۔

انہوں نے ملک میں نظر انداز کیے جانے والے ٹیلنٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'اس ملک میں بہت سے عناصر ہیں جو اسٹارڈم کا تعین کرتے ہیں لیکن ان عناصر میں سب سے پیچھے ٹیلنٹ ہے جو کہ افسوس کی بات ہے'۔

خیال رہے کہ اداکارہ کنگنا رناوٹ نے کرن جوہر کے شو کافی ود کرن کے سیزن 5 میں شرکت کرکے ان پر اقرباء پروری کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ 'اگر میں کبھی اپنی سوانح حیات لکھوں، تو اس میں ایک پورا مضمون شامل کروں گی، جس کا نام ہوگا کرن جوہر کی اقرباء پروری'۔

اس شو کے نشر ہونے کے بعد لوگوں نے اس موضوع پر کافی بحث کی، البتہ جب کرن جوہر سے ایک شو کے دوران کنگنا کے بیان پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کنگنا رناوٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'میں تھک چکا ہوں کنگنا کے ہر وقت عورت ہونے کی حیثیت سے خود کو مظلوم ثابت کرنے پر، آپ ہر وقت خود کو مظلوم ثابت نہیں کرسکتے، ہر وقت ایک دکھی کہانی نہیں سنا سکتے، اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو اسے چھوڑ دیں'۔

یہ بھی پڑھیں: کرن جوہر کا مشورہ، کنگنا رناوٹ کا کرارا جواب

کرن جوہر کے کنگنا کو بولی وڈ کو چھوڑنے کے مشورے کے بعد اداکارہ نے انہیں کرارا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'انڈین فلم انڈسٹری کوئی چھوٹا فلم سٹوڈیو نہیں جو کرن جوہر کو ان کے والد نے ورثے میں دیا، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا تعلق ہر ہندوستانی سے ہے اور اس میں باہر سے آنے والے فنکاروں کی بہت جگہ ہے جیسے میں، جس کے والدین کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ مجھے فارمل ٹریننگ دے سکتے، میں نے اپنا کام سیکھا ہے اور اس کا معاوضہ لیتی ہوں، کرن جوہر کوئی نہیں ہوتے مجھے کہنے والے کہ میں انڈسٹری کو چھوڑ دوں، میں کہیں بھی نہیں جانے والی'۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کرن کی ماضی کی اس ویڈیو پر کنگنا رناوٹ کیا کہیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024