یوم پاکستان پر 'اسپیشل' کھلاڑیوں کا قوم کو تحفہ
آسٹریا کے شہر رامسو میں جاری 2017 اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں پاکستان کی خواتین ٹیم نے ایک اور سونے کا تمغہ حاصل کرلیا۔
پاکستان کی خواتین سنو شوئنگ ٹیم نے چار ضرب چار دو میٹر ریلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل کی حق دار ٹھہری۔
قومی ٹیم فاطمہ عامر، فرح احسان،رمشا نعیم اور صباحت طارق پر مشتمل تھی اور ٹیم نے مقررہ فاصلہ ایک منٹ 54.20 سیکنڈز میں طے کیا۔
پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے بھی اسی ریس میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسپیشل ونٹر اولمپکس: پاکستان نے 11 میڈلز جیت لیے
اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی کا کہنا ہے کہ 'یوم پاکستان پر ذہنی طور پر پسماندہ کھلاڑیوں نے قوم کو سونے کے تمغہ کا تحفہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ورلڈ ونٹر گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے'۔
اس میگا ایونٹ میں پاکستان اب تک 14 تمغے حاصل کرچکا ہے جن میں 3 گولڈ میڈل بھی شامل ہیں۔
2017 کے ونٹر گیمز میں 110 ملکوں کے تقریباً تین ہزار اسپیشل اولمپکس ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں۔