دنیا کے طاقتور ترین 23 ممالک
دنیا کے طاقتور ترین ملک کے بارے میں زیادہ سوچنے کی ضرورت نہیں کیونکہ امریکا ہی اس وقت واحد سپرپاور ہے لیکن کب تک؟ یہ کہنا کچھ مشکل ہے۔
حال ہی میں ایک میڈیا ادارے یو ایس نیوز اور ورلڈ رپورٹ نے اپنی سالانہ فہرست جاری کی، جس میں 80 ممالک کا جائزہ لے کر انہیں ثقافتی تاریخ، شہریت اور معیار زندگی سمیت متعدد شعبوں کو مدنظر رکھ کر فہرست میں جگہ دی گئی۔
تاہم ایک شعبہ طاقت یا پاور کا بھی تھا جس میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر ممالک کی درجہ بندی کی گئی۔
تو یہاں جانیں کہ اس فہرست کے مطابق دنیا کے طاقتور ترین 23 ممالک کون سے ہیں۔
23۔ قطر

قطر فی کس آمدنی کے لحاظ سے دنیا کا امیر ترین ملک ہے جس کی وجہ وہاں موجود خام تیل کی دولت ہے، تاہم تیل کی قیمتوں میں گراوٹ نے اس کی معیشت کو گزشتہ سال کافی متاثر کیا۔
22۔ اسپین

رپورٹ کے مطابق 1986 میں یورپی یونین کا حصہ بننے کے بعد اسپین کے انفراسٹرکچر، انڈسٹری اور معاشی پالیسوں میں جدت آنا شروع ہوئی۔
21۔ نیدرلینڈ

عالمی عدالت انصاف اور عالمی فوجداری عدالت کا گھر نیدر لینڈ عالمی سیاست میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
20۔ پاکستان

رپورٹ میں کہا گیا کہ سیاسی عدم استحکام، کرپشن اور انتہاپسندی کے خلاف جدوجہد اس رینکنگ میں پاکستان کو آگے بڑھنے سے روکنے والی رکاوٹیں ہیں۔
19۔ سوئیڈن

سوئیڈن میں انسانی حقوق اور استحکام کے لیے بہت زیادہ سرمایہ کاری کی جاتی ہے اور شہریوں کی بہبود کے حوالے سے اسے کافی سراہا جاتا ہے مگر عالمی سطح پر یہ زیادہ طاقتور نہیں۔
18۔ اٹلی

اگرچہ اٹلی کو گزشتہ سال سیاسی بحران کا سامنا رہا مگر پھر بھی وہ اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا جس کی وجہ یورپ میں اس کی تیسری بڑی معیشت کا ہونا ہے۔
17۔ آسٹریلیا

یہ ملک اس فہرست میں 17 ویں نمبر پر ہے تاہم معیار زندگی کی کیٹیگری میں اسے چوتھے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
16۔ بھارت

یہ ملک اس سے پہلے فہرست میں اوپر تھا مگر گزشتہ سال نقد رقم کے بحران نے اس کی معیشت کو شدید دھچکا پہنچایا اور فہرست میں بھی بھارت نیچے آگرا۔
15۔ سوئٹزرلینڈ

یہ چھوٹا یورپی ملک رہائش کے لیے دنیا کا سب سے بہترین مقام قرار دیا جاتا ہے، فی کس آمدنی کے لحاظ سے یہ 11 واں امیر ترین ملک ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے بہت زیادہ پرکشش بھی سمجھا جاتا ہے۔
14۔ ایران

مشرق وسطیٰ میں اہم اسٹریٹجک مقام پر واقع یہ ملک عالمی سطح پر کافی اہمیت رکھتا ہے جبکہ خام تیل اور دیگر قدرتی وسائل بھی اسے اہم بناتے ہیں۔
13۔ ترکی

مشرق وسطیٰ اور یورپی یونین کے درمیان دروازے کا کردار ادا کرنے والا ملک ترکی عالمی سطح پر بہت اہمیت اختیار کرچکا ہے جس کی وجہ اس کے قریبی ممالک میں جاری خانہ جنگی ہے۔
12۔ کینیڈا

کینیڈا رہائش کے لیے دنیا میں دوسرا بہترین ملک ہے، مگر طاقت کے لحاظ سے اسے 12 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔
11۔ جنوبی کوریا
شمالی کوریا سے کشیدگی کے باعث جنوبی کوریا کو عالمی بڑی طاقتوں سے فوجی اور سیاسی معاونت ملتی رہتی ہے جو اسے ایک اہم ملک بناتی ہے۔
10۔ متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اسلحہ درآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے جبکہ تجارتی اہمیت کے باعث اسے عالمی سیاست میں اہم مقام حاصل ہے۔
9۔ سعودی عرب

خام تیل کی دولت سے مالا مال یہ ملک مشرق وسطیٰ کے امیر اور طاقتور ترین ممالک میں سے ایک ہے، جبکہ اسے امریکا، برطانیہ اور دیگر مغربی اقوام کا قریبی اتحادی بھی سمجھا جاتا ہے۔
8۔ اسرائیل

اس کی آبادی تو محض 80 لاکھ سے کچھ زیادہ ہے مگر عالمی سطح پر اس کا اثر و رسوخ حیران کن حد تک بہت زیادہ ہے۔
7۔ جاپان

ٹیکنالوجی کے لحاظ سے سرفہرست چند ممالک میں سے ایک جاپان دنیا کی تیسری بڑی معیشت ہے جو 2011 کے سونامی کی تباہی کے بعد سنبھلنے میں کامیاب رہا۔
6۔ فرانس

یورپ کی چند بڑی معیشتوں میں سے ایک اور دنیا میں سب سے زیادہ اسلحہ برآمد کرنے والا ملک فرانس دنیا بھر میں اپنا اثررسوخ رکھتا ہے۔
5۔ جرمنی

عالمی سطح پر جرمنی کا کردار ہر گزرتے برس کے ساتھ اہمیت اختیار کررہا ہے جس سے انکار ممکن نہیں۔
4۔ برطانیہ

بین الاقوامی معیشت، سیاست، سائنسی اور ثقافتی اثر و رسوخ کے لحاظ سے برطانیہ اہم ترین ممالک میں سے ایک ہے تاہم یورپی یونین سے اخراج کے بعد ہوسکتا ہے کہ اگلے برس اس کی طاقتور ترین ممالک کی اس فہرست میں تنزلی ہوجائے۔
3۔ چین

چین کی ترقی ناقابل یقین ہے، 1.4 ارب آبادی کے حامل اس ملک کو دنیا کی سب سے بڑی فوج رکھنے کا اعزاز حاصل ہے اور یہ 2050 تک دنیا کی سب سے بڑی معیشت بھی بن جائے گا۔
2۔ روس

قدرتی وسائل، فوجی طاقت اور مغربی ممالک کو مختلف معاملات میں نیچا دکھانے والا یہ ملک فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جو کہ حیران کن امر نہیں۔
1۔ امریکا

امریکا کو دنیا کی واحد سپرپاور سمجھا جاتا ہے لہذا دنیا کے طاقتور ترین ملک کا اعزاز بھی تاحال اسی کے پاس ہے مگر یہ کب تک اس کے پاس رہتا ہے اس کا فیصلہ وقت کرے گا۔
تبصرے (1) بند ہیں