• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

سرحد پار سے فائرنگ،پاکستانی سپاہی زخمی: آئی آیس پی آر

شائع February 26, 2017

راولپنڈی: جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں مبینہ طور پر سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان زخمی ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقے منگروتئی میں سرحد پار سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔

پاک فوج کے مطابق زخمی ہونے والے سپاہی کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے وانا میں موجود طبی مرکز میں منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے 4 خواتین زخمی

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھی پاک افغان سرحد پر مشتبہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ 13 فروری سے شروع ہونے والی دہشت گردی کی نئی لہر کے بعد پاکستان نے افغانستان کے ساتھ ملنے والی طورخم بارڈر کراسنگ غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی تھی۔

اس کے بعد پاک فوج کی جانب سے ملک گیر آپریشن 'رد الفساد' شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت پاک افغان سرحد پر مشتبہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاکستان نے 76 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست بھی افغان حکام کے حوالے کی تھی اور ان سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: آپریشن ’رد الفساد‘ کا راولپنڈی سے آغاز

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں تعینات امریکی ریسولوٹ سپورٹ مشن کے کمانڈر جنرل جان نکلسن کو بھی فون کیا تھا اور افغانستان سے پاکستان پر مسلسل دہشت گردی پر احتجاج کیا تھا۔

موٹرویز پر چوکیاں قائم

فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

پاک فوج، پنجاب رینجرز اور پولیس نے ایم ون اور ایم ٹو موٹروے پر مشترکہ چیک پوسٹس قائم کرلیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موٹرویز پرچوکیاں سیکیورٹی و نگرانی کے عمل کو بہتر کرنے کیلیے قائم کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ آپریشن رد الفساد شروع ہونے کے بعد سے پاک فوج، رینجرز اور پولیس پنجاب کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کرنے میں مصروف ہے جس کے نتیجے میں اب تک سیکٹروں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔


کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025