• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بربادی انڈس ڈیلٹا کا مقدر کیوں بنی؟

شائع February 27, 2017 اپ ڈیٹ February 28, 2017

سندھ گھوڑوں میں شاہوکار،

رتھوں میں شاہوکار، کپڑوں میں شاہوکار،

عُمدہ بنے ہوئے گہنوں میں شاہوکار،

کھانے پینے میں شاہوکار اور

اس سندھو کے کنارے

شہد دینے والے پھولوں سے بھرے پڑے ہیں۔

(— رگ وید منڈل 10)

زندگی کے سارے رنگ، تمام حُسن اور کُل نعمتیں میٹھے پانی کے دم سے ہی ہیں۔ یہ جہاں سے اپنے راستے بناتا گذرتا ہے، وہاں کناروں پر زندگی اور تہذیبوں کو جنم دیتا جاتا ہے۔ دریائے سندھ بھی جہاں سے گذرتا گیا زندگی کو ایمان دیتا گیا، رگوید کے دسویں منڈل میں دریائے سندھ کی دین کو ان ہی الفاظ میں سراہا گیا ہے۔

ایک مکمل تہذیب کے وجود کے لیے چند مخصوص عناصر کا ہونا بہت ضروری ہے، جیسے طبعی ماحول و حالات، سوچنے اور احساس کی صلاحیت اور سماجی اقدار۔ ان میں سب سے پہلا اور زیادہ اہم عنصر ہے طبعی حالات۔

انڈس ڈیلٹا کی ایک تصویر — تصویر ابوبکر شیخ
انڈس ڈیلٹا کی ایک تصویر — تصویر ابوبکر شیخ

سبطِ حسن لکھتے ہیں، "تہذیب کی تشکیل و تعمیر میں طبعی حالات کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے، ہر تہذیب کا اپنا مخصوص جغرافیہ ہوتا ہے، اس کے دریا اور پہاڑ، جنگلات اور میدان، پھل پھول اور سبزیاں، چرند پرند، آب و ہوا، موسم یعنی اُس کا خارجی ماحول اس کے طرز عمل، ذریعہ معاش، رہن سہن، خوراک و پوشاک، مزاج، اخلاق و عادات، جذبات و احساسات غرض یہ کہ اس علاقے کے انسانوں کی زندگی کے ہر پہلو پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔

یہ ہی وجہ ہے کہ ریگستانی علاقوں کی تہذیب قطب شمالی کے برف پوش میدانوں کی تہذیب سے مختلف ہوتی ہے۔ جبکہ سمندر یا دریاؤں کے کناروں پر بسنے والوں کی تہذیب میں زَمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔ خارجی حالات سے قوم کی تہذیب ہی متعین نہیں ہوتی بلکہ افراد کی شخصیت کو بنانے بگاڑنے میں بھی خارجی ماحول کا بڑا ہاتھ ہوتا ہے۔"

جس طرح ہر خطے کی اپنی کہانی، اپنے دُکھ سُکھ اور نصیب ہوتے ہیں، بالکل اسی طرح انڈس ڈیلٹا کے دکھوں سُکھوں کی بھی ایک الگ کتھا ہے۔ ایسا بھی نہیں ہے کہ اس ڈیلٹائی پٹی پر ہمیشہ سے دُکھ و دَرد کی خاردار جھاڑیاں ہی اُگتی آئی ہیں، ماضی میں یہاں رعنائیوں اور سُکھوں کی ٹھنڈی چاندنیاں بھی بہت رہی ہیں مگر ان اچھے دنوں کو ڈھونڈنے کے لیے کچھ تگ و دو زیادہ ہی کرنی پڑے گی۔ کیوں کہ بقول ول ڈیورانٹ، "80 فیصد تاریخ مذہبی پیشواؤں اور بادشاہوں کے کارناموں کی تعریف سے بھری پڑی ہے۔" چلیے پھر بھی کوشش کرتے ہیں کہ ڈیلٹا کے اچھے دنوں کے متعلق تاریخ کے اوراق سے کچھ مل ہی جائے۔

مگر کیا ہم جانتے ہیں کہ ڈیلٹا (مثلث نُما زمین جو کسی دریا کے دہانے پر بن جاتی ہے) کیا ہے؟

اگر ہمارے پاس جواب ہاں میں ہے تو بہت اچھا اور اگر جواب نہیں میں ہے، تب بھی ٹھیک ہے۔ اس نہیں کو ہاں میں بدلنے کے لیے ہمیں ایک مختصر مگر دلچسپ سا سفر کرنا پڑے گا۔ کیوں کہ یہ ہمارے ملک کی زمین کا ہزاروں کلومیٹرز میں پھیلی ہوئی اور اپنی الگ اور نرالی معروضی منظر رکھنے والی اراضی ہے جس کے بارے میں معلومات رکھنا بھی ضروری ہے۔

انڈس ڈیلٹا پر واقع ایک علاقے کی تصویر — تصویر ابوبکر شیخ
انڈس ڈیلٹا پر واقع ایک علاقے کی تصویر — تصویر ابوبکر شیخ

ڈاکٹر ایس ایم اشفاق اپنی کتاب میں لکھتے ہیں، "سندھ کا ڈیلٹا شاید دنیا کی جہازرانی والی بندرگاہوں میں سب سے بڑا دفن ہونے والا ڈیلٹا ہے۔ یہ ڈیلٹا سندھ کی تہذیب کی ابتدا سے گزشتہ صدی کے آخر تک وادئ سندھ اور دور دراز ملکوں مصر، عرب، سمیر، ایران، مشرقی افریقا، مہاراشٹر، سری لنکا اور چین کے باہمی بیوپار کا مرکز رہا ہے۔"

دنیا میں جہاں جہاں بڑے دریا ہیں اُن سارے دریاؤں میں ایک ہی جنونیت بھری ہوتی ہے کہ وہ اونچائی سے نیچے کی طرف جائیں اور سمندر کی گود میں خود کو سما دیں۔ مگر دریا کا میٹھا پانی اُس دھرتی سے کبھی بیوفائی نہیں کرتا جس پر سے وہ گاتا گنگناتا، زمین کو مالا مال اور خوشحالی کے پھول بانٹتا بہتا سمندر کی گود میں تو سما جاتا ہے۔

جہاں جہاں سے سمندر سے ملتا ہے وہاں اپنے ساتھ لائی ہوئی مٹی اور ریت سے زمین بُننا شروع کردیتا ہے بالکل ایسے جیسے ننھی منی چڑیائیں گھاس کے تنکوں سے گھونسلے بُنتی ہیں۔ دریا اور سمندر مل کر جو زمین بناتے ہیں اُس زمین کو ’ڈیلٹائی زمین‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

انڈس ڈیلٹا کا ایک حصہ جو تیزی سے سمندر کا شکار ہوتا جا رہا ہے.— تصویر ابوبکر شیخ
انڈس ڈیلٹا کا ایک حصہ جو تیزی سے سمندر کا شکار ہوتا جا رہا ہے.— تصویر ابوبکر شیخ

انڈس ڈیلٹا کی موجودہ زمینی پٹی جو 16,000 مربع میل یعنی 41,440 مربع کلومیٹرز کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے، اس پٹی کی زمین سمندر کے ساتھ 130 میل یعنی 210 کلومیٹرز تک ساتھ چلتی ہے۔

دریائے سندھ 3000 کلومیٹر کا سفر کرتا یہاں جنوبی سندھ تک آتا ہے، یہ دوسری بات ہے کہ اب برائے نام پانی آتا ہے اس شہنشاہ دریا میں وہ زمانہ کب کا گزر گیا جب 350 ملین ایکڑ فٹ (ایم اے ایف) پانی آتا تھا اور سمندر سے مل کر ڈیلٹا کی اس زرخیز زمین کی تخلیق کرتا۔ ساتھ میں جنم دیا اُس کلچر کو جو اپنی الگ، خوبصورت اور حیاتیاتی تنوع سے بھرپور پہچان رکھتا ہے۔

چلیے جنوبی سندھ (جس کو لاڑ، سندھو ستھین، پتالینی، سندھی، سندھو ، ڈیلٹا اور بہت سارے دوسرے ناموں سے پکارا جاتا ہے) کے متعلق اور کچھ دلچسپ حقائق جانتے ہیں۔

انڈس ڈیلٹا کیسے بنا؟

آپ کوہستان، کاچھو یا تھر جائیں، وہاں کے لوگ اس ڈیلٹائی پٹی کو 'سندھ' کے نام سے جانتے ہیں۔ خشک سالی میں جب تھر سے یہاں کی طرف نقل مکانی زیادہ ہوتی ہے۔ ان دنوں میں آپ اگر تھر جائیں اور اُن کے خالی گھروں کو دیکھ کر مقامی لوگوں سے پوچھیں کہ، ’یہ لوگ کہاں گئے ہیں؟‘ تو فوری جواب ملے گا ’سندھ‘ ۔ یہ جواب وہ ایسے ہی نہیں دیتے بلکہ یہ ایک فطری جواب ہے جو طبعی حالات کی کوکھ سے جنما ہے۔

ان کے سامنے سندھ کی زمین وہ ہے جسے دریائے سندھ کی مٹی اور ریت نے بنایا ہے۔ جہاں کا منظر نامہ اور ساری سندھ سے مختلف ہے کہ یہاں جھیلوں کی بہتات ہے اور کیوں نہ ہو آخر دریائے سندھ کا ہزاروں کلومیٹرز کا سفر یہاں اس ساحلی پٹی پر آکر جو ختم ہوتا۔

انڈس ڈیلٹا کا نقشہ (1838) — ابوبکر شیخ
انڈس ڈیلٹا کا نقشہ (1838) — ابوبکر شیخ

سمندر تک پہنچنے کے لیے جتنے راستے اور بہاؤ دریائے سندھ نے تبدیل کیے ہیں وہ کسی دوسرے دریا نے شاید ہی کیے ہوں گے۔ "انسائیکلوپیڈیا سندھیانا" میں اس بارے میں تحریر ہے کہ، "دریائے سندھ کے سفر کی آخری منزل سے آگے سمندر تک کافی تعداد میں کھاڑیاں یا کریکس (Creeks) جاتی ہیں۔

جنوب مشرق میں ’سیر‘ نامی کھاڑی ہے جو پانی میں پاک و ہند سرحد کا کام کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، کھارک، کوچی واڑی، کاجھر، مل، کانھر، ادھیاڑی، سنہڑی، گھوڑو، کھوبر، قلندری، مٹنی، ترچھان، حجامڑو، چھان، دبو، پئٹانی، کھائی، وڈی کُھڈی، ننڈھی کُھڈی، پھٹی، کورنگی اور گذری کریکس ہیں۔" یہ کھاڑیاں وہ راستے ہیں جو دریا سمندر تک پہنچنے کے لیے جنوبی سندھ میں آ کر بناتا ہے۔

دریا کی دو اقسام ہیں، ایک وہ جن میں ریت اور مٹی کم آتی ہے اور دوسرے وہ جو اپنے ساتھ بڑی مقدار میں ریت اور مٹی لاتے ہیں، ایسے دریاؤں میں ’دریائے نیل‘ اور ’دریائے سندھ‘ قابل ذکر ہیں۔ ان دونوں میں سے دریائے سندھ اپنے ساتھ سب سے زیادہ زرخیز ریت اور مٹی لانے والا دریا ہے۔

ڈیلٹا کا اعزاز اُن دریاؤں کے نصیب میں ہوتا ہے جو اپنے ساتھ زیادہ ریت لائیں۔ سکندر اعظم جب 325 قبلِ مسیح میں ’پٹالا‘ (پاتل، پاتال، پتالینی) پہنچا تھا تو دریا وہاں تک کافی عرصہ پہلے زمین بنا چکا تھا۔ جس طرح دریائے سندھ بحیرہءِ عرب میں جا گرتا ہے بالکل اسی طرح دریائے نیل اپنا 6695 کلومیٹرز کا طویل سفر کرتا ڈیلٹا بناتا بحیرہءِ روم میں جا گرتا ہے۔ اگر قریب سے مشاہدہ کیا جائے ان دونوں دریاؤں کا زمینی لینڈ اسکیپ اور ڈیلٹائی کلچر ایک جیسا ہے۔

نئے اور پرانے ڈیلٹا کے فرق کو ایچ ٹی لیمبرک نے بڑی تفصیل اور گہرائی سے سمجھایا ہے، وہ تحریر کرتے ہیں، "نئے ڈیلٹا اور پرانے ڈیلٹا کو نام دے کر الگ کرنا شاید ممکن نہ ہو، مگر ان دونوں میں بنیادی فرق یہ ہے کہ، پرانا ڈیلٹا ندیوں کے بیچ میں بن چکا ہوتا ہے اور نیا ڈیلٹا جسے ہم ایکٹیو ڈیلٹا کا نام دیتے ہیں وہ ایک تو نرم ہوتا ہے اور جب سیلاب آتا ہے تو ڈوب جاتا ہے، ایکٹیو ڈیلٹا دریا اور سمندر کے بیچ میں کشمکش کا میدان ہوتا ہے جس کی وجہ سے نئی زمین بنتی رہتی ہے۔

ایڈورڈ ویلر بنایا ہوا انڈس ڈیلٹا کا نقشہ جو، جے میورے نے 1867 میں جرنل آف رائل جیوگرافیکل سوسائٹی میں شائع کروایا— ابوبکر شیخ
ایڈورڈ ویلر بنایا ہوا انڈس ڈیلٹا کا نقشہ جو، جے میورے نے 1867 میں جرنل آف رائل جیوگرافیکل سوسائٹی میں شائع کروایا— ابوبکر شیخ

دریا کا پانی سمندر کو آگے آتا دیکھ کر چھوٹے پنکھے (بادکش) کی شکل جیسا پھیل جاتا ہے اور اپنے ساتھ لائی ہوئی ریت پھیلاتا جاتا ہے جو دھیرے دھیرے سے زمین بنتی جاتی ہے اور جیسے جیسے زمین بنتی جاتی ہے سمندر پیچھے کی طرف ہٹتا جاتا ہے مگر اس کی سطح وہ ہی رہتی ہے۔

جب تیز ہواؤں کے دنوں میں سمندر کی مدافعت بڑھتی ہے تو دریا شاخوں میں بٹ جاتا ہے لیکن اپنے ساتھ لائی ہوئی ریت سمندر کے اندر پھینکتا رہتا ہے۔ اسی طرح سمندر کے اندر ریت کے ٹیلے بنتے جاتے ہیں اور زمین بنتی جاتی ہے"۔ اس حوالے سے ہم یہ بخوبی کہہ سکتے ہیں کہ ماضی میں جنوبی سندھ کا مشرقی جانب والا حصہ (بدین) ایکٹیو ڈیلٹا تھا اور اب مغرب کی طرف (ٹھٹھہ) والا حصہ ایکٹیو ڈیلٹا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق، جب دریائے سندھ میں طغیانی آتی تھی تو اس طغیانی کے ایک سو دنوں میں یہ ریت کے گیارہ کروڑ نوے لاکھ معکب گز سمندر کی طرف لے چلتا ہے۔ اگر اس ریت کا مقابلہ ہم نیل ندی سے کریں جو خود ایک زیادہ ریت لانے والا دریا ہے تو یہ پورے ایک برس میں 4 کروڑ معکب گز ہے اور ہم جانتے ہیں کہ، دریائے سندھ میں ریت کی مقدار دریائے نیل سے تین گنا زیادہ ہے۔

جنرل ہیگ اپنی کتاب ’انڈس ڈیلٹا کنٹری‘ میں دریا سے بنی ہوئی نئی زمین کے متعلق تحریر کرتے ہیں، "برٹش راج کے بعد سمندر کی طرف زمین کے بڑھ جانے کے متعلق جاننے کے لیے ہماری بڑی دلچسپی رہی۔ ہم نے اس پر بڑے سروے بھی کیے اور اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ دریائے سندھ جن مختلف ندیوں کی صورت میں سمندر کی طرف سفر کرتا سمندر سے جا ملتا ہے، وہاں نئی زمین بڑی تیزی سے بن رہی ہوتی ہے اور سمندر کو مسلسل پیچھے دھکیل رہی ہوتی ہے۔

ہم نے پہلے 1877 میں اس پر کام کیا تھا۔ جس سے ہمیں پتہ لگا کہ گزشتہ دس برسوں میں ان نہروں کے سمندر میں پانی ڈالنے سے ساڑھے تین مربع میل نئی زمین بنی ہے۔ اور زمین بڑھنے کی رفتار ہر بہاؤ میں ایک جیسی نہیں ہوتی۔ کہیں زمین زیادہ بنتی ہے اور کہیں کم۔"

مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ انڈس ڈیلٹا کا علاقہ دریائے سندھ کی دین ہے۔ اور اس کا بڑا ثبوت یہ بھی ہے کہ اس علاقے کی زرخیزی ایک جیسی نہیں ہے۔ اگر آپ ایک ایکڑ کا بھی کیمیائی تجزیہ کریں تو اس ایک ایکڑ میں بھی زرخیزی مختلف ہوگی۔

اور یہ وہ زمانہ تھا جب سندھ کی ڈیلٹائی پٹی اپنی زرخیزی کے حوالے سے خوشحال بھی تھی اور مشہور بھی۔ دھان اُگانے کے لیے اتنی محنت نہیں کرنی پڑتی تھی۔ دھان کے بیج زمینوں میں ڈال دیے جاتے اور دھان کی فصل کے جیسے جنگل اُگ آتے۔ اُس وقت جو دھان کی جنس تھی وہ پانی بڑھنے کے ساتھ بڑی ہوتی جاتی۔

جیمز میکمرڈو لکھتے ہیں، "پانی کے ساتھ دھان بھی بڑھتی جاتی، کسی کسی علاقے میں تو یہ تین سے چار فٹ تک بڑی ہو جاتی۔" اور دھان اتنی اراضی میں ہوتی کہ فصل کی کٹائی کے لیے کَچھ اور مُلتان سے لوگ یہاں فصل کی کٹائی کے لیے آتے۔

جھیلوں میں سمندر کے پانی کی آمد — تصویر ابوبکر شیخ
جھیلوں میں سمندر کے پانی کی آمد — تصویر ابوبکر شیخ

انڈس ڈیلٹا پر موجود علاقے جہاں پہلے کبھی بے پناہ پانی تھا اور زمین سر سبز و شاداب تھی— تصویر ابوبکر شیخ
انڈس ڈیلٹا پر موجود علاقے جہاں پہلے کبھی بے پناہ پانی تھا اور زمین سر سبز و شاداب تھی— تصویر ابوبکر شیخ

19 ویں صدی کی ابتدا میں ڈیلٹا کے قدرتی حسن کا منظر جیمس برنس نے کچھ اس طرح سے تراشا ہے، "یہاں کے مرکزی بہاؤ اور دوسری ندیوں میں سفر کرتے آپ کو پرندوں کی میٹھی آوازیں سننے کو ملیں گی۔ کناروں پر آپ کو گنے کے کھیت ملیں گے جن کو پانی دینے کے لیے رہٹوں کا استعمال عام ہے. ان رہٹوں کو اونٹ اور بیل بھی کھینچتے دکھائی دیتے ہیں۔

یہاں ٹھنڈے دنوں میں پرندوں کی اتنی بہتات ہے کہ اس کا اندازہ کرنا مشکل ہے۔ مچھلی کے شکار کی تو کیا بات ہے، ایسا لگتا ہے کہ مچھلی پیدا ہی یہاں ہوئی ہے۔ یہاں کیکر اور لئی کے بڑے درختوں کے جنگل ہیں جو یقیناً ایک ڈیلٹا کی خوبصورتی کے زیور ہیں۔‘‘

یہ سارے مناظر ماضی کی خوبصورت ڈیلٹا کے تھے۔ اب ایسا نہیں ہے، جب سے بیراج اور ڈیموں کو ترقی کا مرکزی نقطہ سمجھا جانے لگا ہے تب سے فطرت کی خوبصورتیاں اور مناظر فقط ماضی کا قصہ بن کر رہ گئے ہیں۔ ماضی میں جہاں جھیلیں تھیں وہاں مغرب کی گرم ہوائیں مٹی اُڑاتی ہیں۔

دریا نے سمندر سے مل کر زمین بنانی چھوڑ دی ہے۔ ایک زمانے میں دریا سمندر سے لڑ کر اُس کو دھکیلتا اور نئی زمین بناتا۔ اب سمندر سے لڑنے اور دھکیلنے والا کوئی نہیں اس لیے سمندر مسلسل زمین کھا رہا ہے۔

فطرت کے چلن کا اپنا ایک اُصول ہے، انسان اگر اُس کے راستے میں آئے گا تو فطرت اپنا انتقام لینا جانتی ہے، اور فطرت کے سامنے انسان کی کوئی حیثیت نہیں۔

ابوبکر شیخ

ابوبکر شیخ آرکیولاجی اور ماحولیات پر لکھتے ہیں۔ ان موضوعات پر ان کی 5 کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے لیے فوٹوگرافی اور تحقیقی مطالعہ بھی کر چکے ہیں۔

ان کا ای میل ایڈریس [email protected] ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (11) بند ہیں

Abdul Razzaq Feb 27, 2017 02:45pm
Very informatice article in very plain language. Great.
shahnaz Feb 27, 2017 05:48pm
ڈیلٹا کی جغرافیائی حالات کے متعلق اچھی معلومات ہے۔ سندھو دریا کے پانی کی فراوانی کے متعلق بڑہ کر حیرانگی ہوتی ہے کہ کسی زمانہ میں اتنا پانی بھی آتا تھا۔اور آج کل جو حالات ہیں اُن کو دیکھ کر تو یقین نہیں آتا کہ ماضی میں اتنی فراوانی تھی پانی کی۔ تاریخ کو سمجھانے کا یہ بہتر طریقہ ہے جو شیخ صاحب کا ہے
سجاد شر Feb 28, 2017 02:01am
هي هڪ بهترين آرٽيڪل آهي گذريل ڪجهه عرصي کان سنڌ جي ڊيلٽا يا سامونڊي پٽي واري علائقي ۾ ڊان نيوز وارن ڪافي اسٽوريز ڪيون آهن جيڪي دلچسپ هسٽري اورينٽڊآهن هي آرٽيڪل به انهن مان هڪ آهي A worth reading peace regarding indus delta,which is highly deprived and destructed region of Sindh.Facts figures,comparsion and historic pics and maps make this story perfect.A highly appreciate verse from Ragved,a book which was written on the banks of Indus river.
Murad Quasim Feb 28, 2017 01:23pm
Don't forget it's not just dams and barrages. Dams and barrages ultimately release water to the river. Three of Indus' major tributaries now run dry due to Indus Water Treaty with India. All of Pak population now has to live with two tributaries and the Indus itself.
saeeda sager Feb 28, 2017 04:30pm
A very interesting, information and significant Blog, Its really a nice research work. Well done dear Shaikh Sahb.
latif Feb 28, 2017 09:53pm
nice write up and amazing photography well done sir
Jamal Mar 01, 2017 11:56am
@Murad Quasim infect but Indus river faces serious issue sea level is rising because of global warming land is continuously cutting by sea and ground water level and quality is not acceptable . there is only one solution for that increase the flow of water to down stream most of water utilizing by Punjab for agricultural purpose , if place eye on past Punjab had been sell there water to India during 70 decades, so that is no right to us maximum water by Punjab for being of survive of Sindhis .
Jamal Mar 01, 2017 11:58am
مائی مَتُو کا گاؤں جسے زمین نہیں "سمندر" نگل رہا ہے
Manzar Badar Alam Mar 01, 2017 12:29pm
this whole complexity is superbly explained in a very simple language. enjoyed it thoroughly.
sattar zahid Mar 01, 2017 06:08pm
Main lower sindh ka rahany wala hon or many is ki zarkhezi bhi dekhi hy or ab ujarrna bhi dekh raha hon. Main faqat itna kahata hon k agr sindh main Irrigation System bahtr hojaey or is ki nahren sahi tareqy sy bahen or salyana in ki D-Silting hoti rahy to buht sari jhelen or zamenen barbad hony sy bach jaen gi. Sindh sy jb tk Wadera Shahi khatam nhn hogi tb tk barbadi main or izafa hoga. Is ilaeqy k dard or taklif ki Mr. Abubakar Shaikh ny intahae gaharae sy akasi ki hy jis k liay mubark k musthq hain. Main umed krta hon k yahan k or masalon pr bhi Shaikh sahb zaroor likhen gy. (Sattar Zahid)
noor muhammad SAMOON Mar 03, 2017 06:59pm
its a good write up

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024