آپریشن رد الفساد: مظفر گڑھ میں 6 'دہشت گرد' ہلاک
مظفر گڑھ: آپریشن رد الفساد کے تحت پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں ایک مقابلے میں 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق مقابلے کے دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر دہشت گردوں کے 4 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی ملتان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر ضلع مظفر گڑھ کے علاقے ٹی پی لنک کینال روڈ پر صبح 4 بج کر 15 منٹ پر مفرور مبینہ دہشت گرد یاسین کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا.
پولیس نے ملزمان کو ہتھیار پھینک کر گرفتاری پیش کرنے کا کہا، جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جب کہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر ان کے 4 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کردی گئیں، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے 6 میں سے 3 مبینہ دہشت گردوں کی شناخت یاسین، عمران اور امجد کے نام سے ہوئی، جب کہ مزید دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ترجمان سی ڈی ٹی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 5 ہینڈ گرنیڈ، 2 رائفل، 2 سرکاری رائفل، 3 پستولیں اور گولیاں بھی بر آمد کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: خانیوال میں سی ٹی ڈی سے مقابلے میں '6 دہشت گرد' ہلاک
خیال رہے کہ اس سے قبل 16 فروری کو بھی سی ٹی ڈی پنجاب نے ضلع خانیوال میں مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
مک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن’رد الفساد‘ جاری کر رکھا ہے، جس کا آغاز بھی 23 فروری سے پنجاب کے شہر راولپنڈی سے کیا گیا تھا۔
پاک فوج، رینجرز اور پولیس نے راولپنڈی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 13 افغان باشندوں سمیت 40 مشکوک افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے بڑے پیمانے پر ہتھیار بھی برآمد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاک فوج کا ملک بھر میں ’رد الفساد‘ آپریشن کا فیصلہ
دوسری جانب اسی روز ہی بلوچستان کے ضلع لورالائی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) اور خفیہ اداروں نے آپریشن ’رد الفساد‘ کے تحت مشترکہ کارروائی میں 23 بارودی سرنگیں برآمد کرلیں۔
یاد رہے کہ بدھ 22 فروری کو پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن ’رد الفساد‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں سیکیورٹی اجلاس میں کیا گیا تھا اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس آپریشن کو شروع کرنے کا مقصد ملک بھر کو اسلحہ سے پاک کرنا، بارودی مواد کو قبضے میں لینا، ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔