لاہور دھماکے کے سہولت کار کے 2 بھائی پشاور سے گرفتار
پشاور: سیکیورٹی فورسز نے اطلاعات پر کارروائی کرکے گزشتہ ہفتے لاہور میں ہونے دھماکے کے سہولت کار کے 2 بھائیوں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مخبر کی اطلاع پر فاٹا کے علاقے باجوڑ ایجنسی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران لاہور دھماکے کے سہولت کار انوار الحق کے 2 بھائیوں خلیل اللہ اورحمید اللہ سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام ملزمان کو گرفتاری کے بعد مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے لاہور دھماکے کے سہولت کار انوار الحق کو پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) نے گرفتاری کے بعد گزشتہ روز میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا۔
لاہور میں پولیس افسران کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پریس کانفرنس کے دوران مبینہ سہولت کار کی ویڈیو بھی دکھائی۔
ویڈیو میں سہولت کار نے اعتراف کیا کہ ’مال روڈ پر پولیس افسران کو نشانہ بنایا جبکہ 15 سے 20 روز قبل خودکش جیکٹس مجھے پہنچائی گئی تھیں۔‘
سہولت کار کا کہنا تھا کہ ’میرا تعلق جماعت الاحرار سے ہے جس نے مجھے ٹریننگ دی جبکہ میں 15 سے 20 بار افغانستان جاچکا ہوں۔‘
خیال رہے کہ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے رواں ماہ 13 فروری کو ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13 افراد جاں بحق اور 85 زخمی ہوگئے تھے۔
خودکش دھماکا پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر ہوا، جس کے نتیجے میں آج ٹی وی کی ڈی ایس ین جی کا ڈرائیور،انجینئر اور کیمرا مین بھی زخمی ہوئے۔
دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ 'جماعت الاحرار' نے قبول کی تھی۔
دھماکے کے وقت مال روڈ پر فارما مینوفیکچررز اور کیمسٹس کا دھرنا جاری تھا، اور احمد مبین مظاہرین سے مذاکرات کے لیے آئے تھے۔