• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہیوی ٹریفک کے 'اوقات کار' پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت

شائع February 18, 2017

کراچی: سندھ حکومت نے شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ہیوی ٹریفک کی آمد ورفت کے اوقات پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت دے دی۔

سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق یہ فیصلہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں ہوا، جس میں کمشنر کراچی اعجاز احمد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آئندہ پیر سے شہر کی حدود میں ہیوی ٹریفک کے اوقات کار کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بھی کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 10 یا اس سے زائد ویلر کی بڑی اور کمرشل گاڑیوں پر دن کے اوقات میں شہر کی سڑکوں پر آنے پر پابندی عائد ہے۔

اجلاس میں مذکورہ فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایات کی گئیں تاکہ ٹریفک کی روانی آسان اور حادثات کو کنڑول کیا جاسکے۔

اجلاس کے دوران شہر میں پارکنگ اور غیر قانونی پارکنگ کے معاملات بھی زیر غور آئے، اس حوالے سے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کو مصروف ترین علاقوں کے لیے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ مختلف علاقوں میں زیر زمین پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے معاملات بھی زیر غور آئے۔

یہ اجلاس حال ہی میں شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے حوالے سے طلب کیا گیا تھا، جن کی وجہ ہیوی ٹریفک تھی۔

واضح رہے کہ ان حادثات میں گذشتہ دو ہفتے کے دوران 17 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

گذشتہ روز کے پی ٹی انٹر چینچ کے قریب ٹرک الٹنے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور دو بچے زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل یونیورسٹی روڈ کے زیر تعمیر حصے پر ہونے والے دو مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے، یہ حادثات تیز رفتاری کے باعث پیش آئے تھے۔

یہ رپورٹ 18 فروری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024