• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ماورا حسین نے وکیل بننے کی ٹھان لی

شائع February 17, 2017
ماورا حسین کا شمار پاکستان کی کامیاب اداکاراوں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ فائل
ماورا حسین کا شمار پاکستان کی کامیاب اداکاراوں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ فائل

پاکستانی اداکارہ ماورا حسین شوبز میں مصروفیات کی وجہ سے ادھوری رہ جانے والی تعلیم کو مکمل کرنے جا رہی ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ دوبارہ سے اپنی ایل ایل بی کی تعلیم مکمل کرنے کا ارادہ کررہی ہیں، اور ایسا محسوس ہو رہا ہے، جیسے وہ اس حوالے سے کافی سنجیدہ ہیں۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ماورا حسین کا کہنا تھا کہ 'میں جو شروع کروں اسے ختم کرنے پر بھروسہ رکھتی ہوں، اور ایسا نہ کرپاوں تو میں خود کو کمزور محسوس کرتی ہوں، میں نے کبھی بھی تعلیم کو نوکری حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں سمجھا، میرے لیے تعلیم حاصل کرنا عمل میں اضافہ کرنا ہے، جہاں میں اپنے کیریئر کو بہتر کررہی ہوں، وہیں اپنے علم میں بھی اضافہ کر رہی ہوں'۔

2014 میں ماورا حسین نے ایل ایل بی پروگرام میں داخلہ لیا، لیکن بولی وڈ فلم 'صنم تیری قسم' میں مرکزی کردار کی آفر موصول ہونے کے باعث انہوں نے اپنی تعلیم میں وقفہ دینے کا فیصلہ کرلیا، لیکن اب انہوں نے اسے مکمل کرنے کا ارادہ کیا ہے۔

انہوں نے وکالت کا انتخاب کرنے کے حوالے سے کہا کہ 'وکالت کی تعلیم کا انتخاب کرنے سے قبل، میں نے 6 ماہ میڈیسن کی تعلیم بھی حاصل کی، اس کے بعد میں نے مزید 6 ماہ کے لیے فیشن ڈیزائننگ بھی سیکھی، میں کچھ ایسا کرنا چاہتی تھی جو مجھے متاثر کرے، اور آخر کار وکالت نے مجھے متاثر کیا'۔

اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ماورا حسین نے لندن یونیورسٹی سے قانون میں ڈپلومہ بھی حاصل کر رکھا ہے، اس کے علاوہ انہیں کانٹریکٹ لاء میں جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ نمبرز حاصل کرنے کا اعزاز بھی ملا تھا۔

البتہ اس بار ماورا حسین کیریئر اور تعلیم دونوں کو ساتھ لے کر چلیں گی، لیکن ان کی پہلی ترجیح تعلیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال میری تعلیم میرے کام سے متاثر رہی، لیکن اس سال مئی تک میری ساری توجہ میری تعلیم پر ہوگی۔

لیکن کیا اس سے ماورا حسین کے ڈرامے 'سمی' کی شوٹنگ متاثر ہوگی؟

اس حوالے سے ماورا نے کہا کہ 'ابھی مجھے سمی کی چند قسط شوٹ کرنی ہیں، جس کے باعث مجھے اپنی کلاسز مس کرنی پڑیں گی، اور اس وجہ سے مجھے بعد میں مزید پڑھنا پڑے گا'۔

ماورا نے بتایا کہ 'ایک ساتھ ہر کام کو لے کر چلنا کافی مشکل ہے، لیکن مجھ میں 48 گھنٹوں تک کام کرنے کی صلاحیت موجود ہے، میں اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتی، جیسے آج میری کلاس منسوخ ہوئی، میں کافی افسردہ تھی کیوں کہ میں اپنے وقت کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتی ہوں'۔

نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'کسی اور کی رائے پر عمل کرنے کی ضرورت نہیں، خود معلوم کریں کہ آپ کیا کرسکتے ہیں اور پھر اسے حاصل کریں'۔

اگر سب کچھ ارادے کے مطابق رہا تو ماورا حسین اگلے سال لندن سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرلیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024