تہمینہ جنجوعہ پاکستان کی نئی سیکریٹری خارجہ مقرر
اقوام متحدہ جنیوا میں پاکستان کی مستقل مندوب کے طور پر فرائض انجام دینے والی تہمینہ جنجوعہ کو سیکریٹری خارجہ مقرر کردیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے تہمینہ جنجوعہ کو سیکریٹری خارجہ مقرر کردیا ہے جو اس وقت جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کی حیثیت اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق تہمینہ جنجوعہ مارچ 2017 کے پہلے ہفتے سے بطور سیکریٹری خارجہ اپنے ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔
تہمینہ جنجوعہ انتہائی قابل سفارتکار ہیں اور انہیں اس شعبے میں 32 سالہ تجربہ حاصل ہے۔
تہمینہ جنجوعہ 2011 میں وزارت خارجہ کے ترجمان کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں ادا کرچکی ہیں جبکہ انہیں دو طرفہ اور کثیر الفریقی معاملات میں بہتر طریقے سے کام کرنے کا بھی وسیع تجربہ حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہندوستان ریاستی دہشت گردی کو تقویت دے رہا ہے:تہمینہ جنجوعہ
دسمبر 2011 سے اکتوبر 2015 کے دوران تہمینہ جنجوعہ اٹلی میں پاکستانی سفیر بھی تعینات رہ چکی ہیں جبکہ وہ اکتوبر 2015 سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ہیں۔
تہمینہ جنجوعہ موجودہ سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گی جو دسمبر 2013 سے اس عہدے پر فائز ہیں۔