• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسٹینڈ اَپ کامیڈین نے کراچی ادبی میلے کی 'کامیابی کا راز' بتادیا

شائع February 13, 2017

کراچی: بیچ لگژری ہوٹل میں منعقدہ کراچی لٹریچر فیسٹیول میں جب مقبول شخصیات کی نقل اتارنے والے کامیڈین سید شفاعت علی نے اسٹیج سنبھالا تو دور دور تک شائقین کے قہقہوں کی آوازیں سنی گئیں۔

شفاعت علی آج ٹی وی پر 'فور مین شو'، جیو ٹی وی پر 'بنانا نیوز' اور چینل 24 پر 'میرے عزیز ہم وطنوں' جیسے شوز میں کام کرچکے ہیں، تاہم انہیں مقبولیت اُس وقت ملی جب ان کی پاکستانی سیاست دانوں عمران خان، بلاول بھٹو کی نقل اتارنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

پشاور میں پیدا ہونے والے شفاعت علی نے 5 سال کراچی میں کام کیا اور آج کل وہ لاہور میں رہائش پذیر ہیں۔

کراچی میں ادبی میلے کے دوران رکھے گئے ایک سیشن میں شفاعت علی پرفارمنس کے آغاز میں اسٹیج کے درمیان میں رکھی ایک کرسی پر بیٹھ گئے اور اپنا تعارف کچھ یوں کروایا، 'ہیلو، میرا نام شفاعت علی ہے اور یہ (سامنے گارڈن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے) مجھے دربارِ اکبری جیسا لگ رہا ہے'۔

انہوں نے کہا 'ایسا پہلی بار ہوا ہے جب مجھے کراچی کے ادبی میلے میں ایک سیشن کے لیے مدعو کیا گیا، اس سے قبل میں اُن لڑکوں میں تھا جو پیچھے کھڑے رہ کر لڑکیوں کو دیکھتے تھے'۔

مزید پڑھیں: 'مشہور شخصیات کی نقل اتارنے پر دھمکی نہیں دھمکیاں ملی'

انہوں نے کراچی ادبی میلے کے حوالے سے کہا کہ 'یہ اس فیسٹیول کا سب سے بڑا راز ہے، مشہور شخصیات اس میلے میں شرکت کرتیں، لڑکیاں اس میلے میں اُن مشہور شخصیات کو دیکھنے آتیں، لڑکے اس میلے میں اُن لڑکیوں کو دیکھنے آتے اور اس طرح یہاں 13 ہزار کی تعداد جمع ہوجاتی'۔

سید شفاعت علی نے مزید کہا کہ 'مجھے نہیں معلوم تھا کہ کراچی ادبی میلہ ہوتا کیا ہے، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے یہاں مدعو کیا جائے گا اور بڑے بڑے لوگ مجھے سُننے آئیں گے، لیکن ایسا بھی ہوجاتا ہے'۔

یہاں سے شفاعت علی نے کراچی بمقابلہ لاہور جیسے موضوع پر گفتگو کا آغاز کیا اور کہا 'اس بحث کو آج ختم کردیتے ہیں، کراچی میں کام کے لوگ ہیں، لاہور میں ہر کوئی باس ہے'۔

اس دوران آگے کی صف میں موجود لڑکیاں سیفلی لیتی رہیں اور ایک دوسرے سے کہتی رہیں کہ شفاعت علی بہت کیوٹ اور مزاحیہ ہیں۔

اپنے اگلے مرحلے میں شفاعت علی نے ناظرین سے وی وی آئی پی فلائٹس کے حوالے سے بات کی اور دیگر سیاست دانوں اور گلوکاروں جیسے عمران خان، نواز شریف، شہباز شریف، جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی، سعد رفیق، خواجہ آصف، الطاف حسین، بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری، شہزاد رائے، ابرارالحق اور پٹھانے خان کی بھی نقل اتاری۔

ان کی جانب سے ان گلوکاروں اور سیاست دانوں کی اتاری جانے والی نقل نے شائقین کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔

یہ خبر 13 فروری 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024