• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

'میں سمجھی شاہ رخ میرے استقبال کو دوڑتے ہوئے آئیں گے'

شائع February 4, 2017
ماہرہ خان ویڈیو کال کے ذریعے پریس کانفرنس کا حصہ بنیں — ۔
ماہرہ خان ویڈیو کال کے ذریعے پریس کانفرنس کا حصہ بنیں — ۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان آخر کار اپنی بولی وڈ فلم 'رئیس' کی ٹیم کے ساتھ ویڈیو کال کے ذریعے ایک پریس کانفرنس کے لیے اکھٹی ہوئیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ماہرہ خان ویڈیو کال کے ذریعے فلم 'رئیس' کی تشہیر کا حصہ بنیں، جس کے بعد انہوں نے ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بین الاقوامی سطح پر فلم کو ملنے والی کامیابی کے حوالے سے بات کی۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ نے مجھے بگاڑ دیا ہے، ماہرہ خان

یہ پہلا موقع تھا جب ماہرہ خان اپنی ٹیم کے ہمراہ 'رئیس' سے متعلق کسی ایونٹ کا حصہ بنیں، اس سے قبل وہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث اپنی فلم کی پروموشن کا حصہ نہیں بن پائی تھیں۔

اس پریس کانفرنس کے دوران ماہرہ خان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ فلم کی ریلیز سے قبل نروس تھیں، جس پر ان کا کہنا تھا 'مجھے اس بات کا بےحد ڈر تھا کہ لوگ شاہ رخ خان کے کردار کی تعریف کریں گے اور مجھے کچھ خاص اہمیت نہیں دیں گے، لیکن جب فلم ریلیز ہوئی تو میرا سارا ڈر اس پر ملنے والے ردعمل کے باعث ختم ہوگیا، میں سب کی بہت شکر گزار ہوں'۔

ماہرہ خان خود کو شاہ رخ خان کی بہت بڑی مداح مانتی ہیں، جن کا اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ شاہ رخ نے انہیں بگاڑ دیا ہے، ماہرہ کے بقول انھوں نے فلم کی شوٹنگ کا ایک ایک لمحہ انجوائے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ کو 'رئیس' کی تشہیر کیلئے نہیں بلوائیں گے: شاہ رخ خان

اس حوالے سے انہوں نے کہا 'یہ ایک خواب کے پورا ہونے جیسا تھا، میں سوچتی ہوں کوئی شاہ رخ کے ساتھ کام کرنے کے بعد کسی کے ساتھ کام کیسے کر سکتا ہے، شاہ رخ ہمیشہ ہم سب کو اُس وقت بھی ہنساتے تھے جب ہم لوگ کسی سنجیدہ سین کی شوٹنگ ہی کیوں نہ کرنے والے ہوں'۔

اپنے ممبئی کے پہلے دورے کے حوالے سے ماہرہ نے کہا، 'جب میں ممبئی کے ایئرپورٹ پر آئی، تو میں نے سوچا تھا کہ شاہ رخ خان دوڑتے ہوئے آئیں گے اور میرا استقبال کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا'۔

ماہرہ خان نے فلم 'رئیس' میں 'اُڑی اُڑی جائے' گانے پر رقص کے حوالے سے کہا، 'مجھے اس گانے کے لیے بےحد محنت کرنی پڑی اور کوریوگرافرز نے میری بےحد مدد کی'۔

شاہ رخ خان کو بھی 'اُڑی اُڑی جائے' گانا کافی مشکل لگا، ان کا کہنا تھا 'یہ ایک مشکل گانا تھا، میں نے فلم انڈسٹری میں اپنے 25 سالوں کے کیریئر میں کبھی گربا ڈانس نہیں کیا تھا، مجھے اس پر کافی محنت کرنی پڑی، میں ایک پرفارمر ہوں جبکہ ماہرہ خان اور نوازالدین صدیقی بہترین اداکار ہیں، اس لیے انہیں گانا اچھے سے سمجھ آگیا'۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ ماہرہ خان کی صلاحیتوں سے متاثر

شاہ رخ خان سے اس موقع پر ان اداکاراؤں کے حوالے سے سوال کیا گیا جنہوں نے بولی وڈ میں اپنا ڈیبیو شاہ رخ کے ساتھ کیا، جن میں ماہرہ کے علاوہ دپیکا پڈوکون اور انوشکا شرما شامل ہیں، شاہ رخ نے کہا 'دپیکا بولی وڈ سے قبل ساؤتھ میں کام کررہی تھیں، جبکہ انوشکا بھی ماڈلنگ کا حصہ تھیں اور ماہرہ بھی اداکاری کرتی آرہی ہیں، یہ تینوں اداکارائیں ہی میرے ساتھ ڈیبیو کرنے سے قبل کام کرتی آرہی ہیں'۔

نواز الدین صدیقی نے اس دوران ماہرہ خان کے ساتھ مذاق کرتے ہوئے کہا، 'میں بھی ظالما گانے کا حصہ بننا چاہتا تھا تاکہ میں ماہرہ خان کے ساتھ کچھ اور سینز کر سکتا'۔

خیال رہے کہ فلم 'رئیس' اب پاکستان میں بھی ریلیز ہونے جارہی ہے اور ماہرہ خان اس حوالے سے بےحد پرجوش ہیں۔

ماہرہ نے کہا، 'فلم جلد ہی پاکستان میں ریلیز ہونے والی ہے اور یہاں شائقین اس کا بےصبری سے انتظار کررہے ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ لوگ سینما جاکر رئیس ضرور دیکھیں گے'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024