• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

جسٹس عظمت شیخ علیل، پاناما کیس کی سماعت ملتوی

شائع February 1, 2017
(ر) جنرل اظہر کیانی کی رہنمائی میں ڈاکٹرز نے جسٹس عظمت کی اینجیوپلاسٹی کی—فوٹو: ڈان نیوز
(ر) جنرل اظہر کیانی کی رہنمائی میں ڈاکٹرز نے جسٹس عظمت کی اینجیوپلاسٹی کی—فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں جاری پاناما کیس کی سماعت 5 رکنی لارجر بنچ کے رکن جسٹس شیخ عظمت سعید کی علالت کے باعث پیر (6 فروری) تک ملتوی کردی گئی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر جاری پاناما کیس کی سماعت کے لیے معزز جج صاحبان جب سپریم کورٹ پہنچے تو جسٹس آصف کھوسہ نے بتایا کہ لارجر بنچ کے رکن جسٹس شیخ عظمت سعید کی علالت کے باعث کیس کی سماعت کو پیر تک کے لیے ملتوی کیا جاریا ہے۔

جسٹس آصف کھوسہ کے مطابق طبیعت بہتر ہونے پر اگر ڈاکٹرز جسٹس عظمت کو مشورہ دیتے ہیں تو وہ پیر سے کیس کی کارروائی میں حصہ لیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں جسٹس عظمت کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)،جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی)، عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل)، جمہوری وطن پارٹی (جے ڈبلیو پی) اور طارق اسد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔

ان درخواستوں پر گذشتہ ماہ (4 جنوری) سے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں قائم نیا 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کررہا ہے، جس میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس اعجاز افضل، جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس گلزار احمد شامل ہیں۔

گذشتہ روز (31جنوری) کو کیس کی سماعت کے بعد جسٹس شیخ عظمت سعید کو سینے میں تکلیف کے باعث راولپنڈی کارڈیالوجی سینٹر (آر آئی سی) لے جایا گیا جہاں آرمٖڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سابق کمانڈنٹ (ر) جنرل اظہر کیانی کی رہنمائی میں ڈاکٹرز نے ان کی اینجیوپلاسٹی کی۔

جنرل کیانی نے ڈان کو بتایا کہ جسٹس شیخ عظمت سعید کو سینے میں اچانک اٹھنے والے درد کے بعد چیک اَپ کے لیے ہسپتال لایا گیا تھا، 'انجیو پلاسٹی کا عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کردیا گیا اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے'۔

جنرل کیانی کے مطابق جسٹس عظمت کو ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے اور انہیں چند دن ہسپتال میں ہی رہنا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024