کراچی:چھینے گئے موبائل کے کوڈز کھولنے والے گرفتار
کراچی:سٹیزنز پولیس لائزن کمیٹی(سی پی ایل سی)اور پولیس نے صدر کے علاقے میں موجود موبائل مارکیٹ میں چھاپہ مارکر چوری کیے گئے یا چھینے گئے موبائل فونز کے کوڈ کھولنے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ موبائل فونز کے کوڈ کھولنی والی ڈیوائسز بھی برآمد کرلیں۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ(ایس آئی یو)محمد فاروق اعوان نے اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر صدر کے عبداللہ ہارون روڈ پر واقع موبائل مارکیٹ میں چھاپہ مارکر 2 ایسے افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جو چوری کیے گئے یا چھینے گئے موبائل فونز کے سیکیورٹی کوڈ کھولتے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد سے موبائل فونز کے کوڈ کھولنے والے آلات اور ڈیوائسز سمیت موبائل فونز بھی برآمد کرلیے گئے۔
یہ وڈیو دیکھیں: کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ
ایس ایس پی فاروق اعوان نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ایک دکاندار کا نام محمد وقاص ہے، جسے کینن کمیونیکیشن ال ہارون مارکیٹ جب کہ دوسرے دکاندار دانش کو قواسوا کمیونیکیشن کوئنز کوڈ مارکیٹ سے گرفتار کیا گیا۔
فاروق اعوان کے مطابق دکانداروں کے مبینہ طور پر اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ روابط تھے اور وہ چھینے گئے موبائل فونز مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے، دکاندار جرائم پیشہ افراد کے سہولت کار تھے، اس لیے ان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ( اے ٹی اے) کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پولیس نے حال ہی میں سی پی ایل سی کے ساتھ ’اینٹی موبائل اسنیچنگ سیل‘ قائم کیا تھا، جس کے بعد موبائل مارکیٹ میں چھاپہ ماراگیا۔
مزید پڑھیں: اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ، پولیس کا کردار؟
دوسری جانب ایڈیشل انسپکٹر جنرل پولیس (اے آئی جی پی) ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے کارروائی کو اسٹریٹ کرائمز پر کنٹرول کے لیے اچھی پیش رفت قرار دیا۔
دوسری جانب سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب نے کہا کہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف اٹھایا گیا یہ پہلا قدم ان دکانداروں کے لیے بھی پیغام تھا جو چوری کیے گئے یا چھینے گئے موبائل فونز کی غیرقانونی فروخت میں ملوث ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں سید مراد علی شاہ نے صوبائی دارالحکومت میں بڑھتےاسٹریٹ کرائمز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو مجرموں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کرنے کی ہدایت کی تھی۔