بال کڈ نمبر 180 کا ٹینس اسٹار کے نام خط
عالمی نمبر12 فرانسیسی ٹینس اسٹار جوولفریڈ سونگا نے گزشتہ سال آسٹریلین اوپن میں بال گرل کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد رواں ٹورنامنٹ میں ان کا خط جاری کردیا ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلین اوپن 2016 کے دوسرے مرحلے کے ایک میچ میں جوولفریڈ سونگا اپنے کھیل میں مصروف تھے کہ انھوں نے دیکھا کہ بال گرل کی آنکھوں سے گیند لگنے کے باعث آنسوجاری تھے جس کے بعد انھوں نے کھیل کو روک کر لڑکی کو کورٹ سےباہر جانے میں مدد کی۔
سونگا نے ایک سال بعد جولیانا کی جانب سے شکریہ کے طورپر لکھے گئے خط کو ٹویٹر کے ذریعے جاری کردیا۔
جولیانا نے خط میں عالمی نمبر12 ٹینس اسٹار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے۔
'ڈیئرمسٹر جوولفریڈ سونگا
'میں دوسرے مرحلے کے میچ میں کورٹ سے باہر جانے کے لیے مدد کرنے پر آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی تھی، مجھے یقین نہیں ہے کہ شاید آپ کو میں یاد ہوں لیکن میں بال گرل تھی اور آپ نے کورٹ سے باہر جانے کے لیے مجھے سہارا دیا تھا'۔
سونگا نے اپنے ٹویٹ میں جولیانا کی تصویر کے ساتھ ساتھ خط بھی جاری کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی نمبر ایک مرے کو آسٹریلین اوپن میں اپ سیٹ شکست
جولیانا نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ 'میں اس بات پر بھی معذرت کرنا چاہتی ہوں کہ جس وقت آپ نے مجھے گیند دینے کے لیے کہا تھا تو میں ایسا نہیں کرپائی تھی یا آپ کی بات مان نہیں پائی تھی'۔
'میں بال گرل کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکامی پر بھی معذرت چاہتی ہوں کہ کیونکہ اعلیٰ سطح کی کارکردگی کی توقع کی جاتی ہے'۔
بال گرل نے سونگا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'میرے ساتھ مہربانی کے ساتھ پیش آنے پر آپ کا شکریہ، میں آپ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ آپ نے محسوس کیا کہ مجھے مدد کی ضرورت ہے اور بڑی بات یہ تھی کہ آپ نے مجھے کورٹ سے باہر جانے کے لیے سہارا بھی دیا'۔
'آل دی بیسٹ'
جولیانا، اے او بال کڈ نمبر 180'
واضح رہے کہ سونگا نے گزشتہ روز اپنے میچ میں برطانیہ کے ڈین ایوانز کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی ہے جہاں ان کا مقابلہ 2014 کے چمپیئن اسٹین واورینکا سے ہوگا۔
تبصرے (1) بند ہیں