نوکیا کا فولڈ ایبل فون بنانے کا فیصلہ
نوکیا کی جانب سے ایک بار پھر صارفین کو سرپرائز دیئے جانے کا امکان ہے اور اس کی جانب سے بالکل غیرمعمولی اسمارٹ فون جلد سامنے آسکتا ہے۔
فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی اس کمپنی نے گزشتہ دنوں نوکیا سکس کے ذریعے اسمارٹ فون مارکیٹ میں واپسی کی تھی اور اب وہ ایسے فون پر کام کررہی ہے جو کہ آدھا فولڈ ہوجاتا ہے۔
یہ نیا اسمارٹ توقعات سے بھی جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس کا اندازہ اس پیٹنٹ سے ہوتا ہے جس میں نوکیا کے اس منفرد ڈیزائن کے فون کو دکھایا گیا ہے۔
نوکیا نے فولڈ ایبل اسمارٹ فون کا پیٹنٹ 2013 میں امریکا میں درج کرایا تھا مگر اس کی اجازت گزشتہ سال کے آخر میں اسے ملی۔
اس پیٹنٹ کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ فون کسی میک اپ مرر کی طرح بند اور کھلے گا۔
خیال رہے کہ رواں سال سام سنگ اور ایل جی کی جانب سے بھی اس طرح کے فولڈ ایبل اسمارٹ فونز کو متعارف کرائے جانے امکان ہے۔
اس طرح کے ڈسپلے والے فونز کے بارے میں کمپنیوں کا خیال ہے کہ صارفین کو ای بکس پڑھنے یا ویڈیو دیکھنے کا زیادہ اچھا تجربہ ہوگا۔
نوکیا اس بات کی تصدیق کرچکی ہے کہ وہ گوگل کے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر مبنی متعدد اسمارٹ فونز پر کام کررہی ہے جن میں سے ایک نوکیا سکس بھی تھا جسے صرف چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
نوکیا کے مزید فون آئندہ ماہ بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔