• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بلوچستان: دو مغویوں کی لاشیں برآمد

شائع January 13, 2017

گوادر: بلوچستان کے ضلع کچھ اور پنجگور کے علاقے سے اغوا ہونے والے دو مغویوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ ان افراد کو گذشتہ ہفتے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا تھا اور انھیں فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک مغوی کی لاش ضلع کچھ کے علاقے مند کے قریب کتھریز سے ملی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ کے عہدیداروں اور لیویز اہلکار جائے وقوعہ پہنچے اور لاش کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی شناخت آزاد ولد چاکر کے نام سے ہوئی۔

لیویز کے سینئر افسر کا کہنا تھا کہ 'مقتول کو گذشتہ ہفتے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا تھا'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مغوی کو سینے اور سر میں گولیاں ماری گئی ہیں۔

دوسرے مغوی کی لاش ضلع پنجگور کے علاقے کیل کاہور سے برآمد ہوئی جسے لیویز اہلکاروں نے ہسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی شناخت بہرام ولد خدا بخش کے نام سے کی گئی۔

لیویز حکام کا کہنا تھا کہ 'بہرام کو نامعلوم افراد نے ضلع پنجگور کے علاقے سے ہی اغوا کیا تھا' اور اس کے جسم پر متعدد گولیوں کے نشانات ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں مغویوں کے اغوا اور ان کی ہلاکت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے، جبکہ کسی گروپ نے ان کے اغوا اور قتل کرنے کی ذمہ داری بھی قبول نہیں کی ہے۔

لیویز اہلکاروں نے مغویوں کے قتل کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

یہ رپورٹ 13 جنوری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024