• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

1 کروڑ روپے میں ہونڈا اکارڈ درست انتخاب؟

نئی ہونڈا اکارڈ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہونے کے ساتھ ساتھ خوبصورت بھی ہے مگر کیا آپ کو یہ لینی چاہیے؟
شائع January 4, 2017 اپ ڈیٹ January 6, 2017

پچھلے ہفتے اٹلس ہونڈا نے کئی تبدیلیوں کے ساتھ ہونڈا اکارڈ کو مارکیٹ میں پیش کیا۔ ہونڈا کی جانب سے گزشتہ پانچ ماہ میں پیش کی جانے والی یہ دوسری کار ہے۔ اس کے علاوہ یہ کمپنی کی جانب سے تین سال قبل اکارڈ کی نوویں جنریشن کی فروخت کے آغاز کے بعد پہلا میک اوور ہے۔

ویسے تو ہر کار لانچ کو آٹو ڈویلپمنٹ پالیسی 21-2016 کا پھل قرار دینا اب معمول بن چکا ہے، مگر اکارڈ ان کئی گاڑیوں میں سے ایک ہے جنہوں نے اس پالیسی سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا ہے۔

پڑھیں: ہونڈا اکارڈ 2016 پاکستان میں فروخت کے لیے پیش

نئی ہونڈا اکارڈ میں کئی اصلاحات لائی گئی ہیں، جن میں ظاہری خوبصورتی سے لے کر ایک جدید انفوٹینمنٹ سسٹم بھی شامل ہے۔


کار کی بیرونی بناوٹ


بیرونی ساخت و ڈیزائن کی بات کریں تو جدید اکارڈ میں سوک 2016 کی لانچ کے ساتھ مارکیٹ میں آنے والی ہونڈا کی نئی 'جارحانہ' ڈیزائن لینگوئیج صاف طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔

اس کے اگلے بمپر کو بھی عمدہ طریقے سے تبدیل کر کے بنایا گیا ہے، جب کہ اس کی اس کی پیش رو اکارڈ کے ڈوئل پروجیکٹر ہیڈلائٹس میں جدت لاتے ہوئے نئی ایل ای ڈی ہیڈلائٹس متعارف کروائی گئی ہیں۔

— فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا
— فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا

— فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا
— فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا

پچھلے حصے کو دیکھنے پر آپ فوراً محسوس کریں گے کہ ڈگی اور بمپر کا ڈیزائن اس کی پیش رو اکارڈ جیسا ہی ہے، ہاں عقبی لائٹس میں تھوڑی سی تبدیلی کی گئی ہے۔

ہونڈا اکارڈ کی بیرونی بناوٹ میں دیگر بہتریوں کے ساتھ ساتھ گاڑی میں نئے وہیلز ہیں جب کہ دو پائپس والا سائلنسر بھی ایک اچھا اضافہ ہے۔


اندر کی بات


گاڑی کے اندرونی حصے میں زیادہ تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ شور ختم کرنے والا ایکٹیو نوائز کینسیلیشن سسٹم اور اندرونی درجہءِ حرارت کنٹرول میں رکھنے والا ملٹی زون کلائمیٹ کنٹرول سسٹم اس اکارڈ میں دوبارہ متعارف کروایا گیا ہے، مگر اندرونی حصے میں واحد نمایاں تبدیلی ایپل کار پلے اور اینڈرائڈ آٹو سپورٹ سسٹم ہے جو آپ کی اینڈرائڈ یا ایپل ڈیوائس کو کار کے انفوٹینمنٹ سسٹم سے منسلک کر دیتا ہے۔

بین الاقوامی طور پر نئی اکارڈ میں جس شعبے میں سب سے بڑی تبدیلی لائی گئی ہے، وہ حفاظتی آلات ہیں۔ نوویں جنریشن کی اکارڈ کے اپنے چھے ایئر بیگز کے علاوہ نئی اکارڈ میں 'ہونڈا سینس' ٹیکنالوجی بھی ہے۔ یہ ان فیچرز کا مجموعہ ہے جو مجموعی طور پر حفاظت میں بہتری لاتے ہیں۔

مگر اٹلس ہونڈا اس ٹیکنالوجی کو پاکستان لانے میں ناکام رہی ہے۔

— فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا
— فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا

— فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا
— فوٹو بشکریہ اٹلس ہونڈا

ڈرائیونگ میں مدد دینے والے جو فیچرز ہمیں دستیاب ہیں وہ رفتار کو خودکار انداز میں تبدیل کرتے رہنے والا ایڈاپٹیو کروز کنٹرول، سڑک کی لین پر نظر رکھنے والا لین واچ، اگلے اور پچھلے پارکنگ سینسر، اور کار کو مستحکم رکھنے والا وہیکل اسٹیبلیٹی اسسٹ (VSA) فیچر ہیں، جو کہ کوئی انقلابی فیچرز نہیں، خاص طور پر اگر اس گاڑی کی قیمت دیکھی جائے تو۔


گاڑی کی قیمت


قیمت کی بات کریں تو نہ صرف ہونڈا اکارڈ، بلکہ پاکستان آنے والی 1.8 لیٹر سے بڑی کسی بھی گاڑی کی قیمت ایسی ہی ہوگی۔ لوگوں کو ہونڈا اکارڈ کی قیمت ایک کروڑ ساڑھے 12 لاکھ روپے سن کر دھچکا لگا، لیکن جب آپ قیمت کا موازنہ اس کے پرانے ماڈلز سے کریں گے تو معلوم ہوگا کہ یہ اضافہ تو صرف پانچ فیصد ہے۔

سوال یہ ہے کہ دنیا کے اس حصے میں جہاں ہم رہتے ہیں، وہاں درمیانے سائز کی سیڈان گاڑیاں نسبتاً مہنگی کیوں ہیں؟

اس سوال کا جواب ہمارے حکام کی جانب سے 1.8 لیٹر سے بڑے انجن والی گاڑیوں پر نافذ کیا گیا ٹیکس ہے۔ چوں کہ آٹو ڈیویلپمنٹ پالیسی 21-2016 نے بڑے انجنوں والی گاڑیوں کو نظرانداز کر دیا ہے، لہٰذا کسٹمز ڈیوٹیاں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ ان گاڑیوں کی خریداری کا رجحان کم ہوا ہے۔

تو پاکستان جیسے ملک میں جہاں گاڑیاں شوروم پہنچنے سے پہلے بھاری ٹیکس ادا کرتی ہیں، وہاں کے صارفین کے سمجھنے کے لیے مثال پیش ہے کہ اتنی قیمت میں آپ ایک آڈی A6 اور ہونڈا کی جدید ترین سِوک وی ٹیک ٹربو بھی خرید سکتے ہیں۔ اس کے بعد بھی آپ کے پاس رجسٹریشن اور ایک سال کے ایندھن کے پیسے بچ جائیں گے۔

تو اس صورت میں آپ کیا ایک درمیانے سائز کی لگژری سیڈان اور ایک چھوٹی سیڈان پر ہونڈا اکارڈ کو ترجیح دیں گے؟ شاید نہیں۔

— خاکہ ڈان ڈاٹ کام
— خاکہ ڈان ڈاٹ کام


حرفِ آخر


اگر آپ نئی ٹیکنالوجی سے آراستہ اور جدید سہولیات سے بھرپور، شاندار بناوٹ والی کار کے مالک بننا چاہتے ہیں تو ہونڈا اکارڈ اٹلس ہونڈا پاکستان کی جانب سے متعارف کروائی گئی اب تک کی سب سے بہترین گاڑی ہے۔

تاہم 2.4 لیٹر انجن والی بڑی گاڑی پر آپ کو جس قدر کسٹم ٹیکس ادا کرنا پڑے گا، اس کے بعد اس کی قیمت 1 کروڑ سے کہیں زیادہ بڑھ جائے گی۔ ہونڈا کی جانب سے اتنی بڑی قیمت مقامی مارکیٹ میں ’لائن اپ فلر‘ کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں۔

تو چوں کہ اتنی قیمت میں انتخاب کے لیے دوسرے آپشنز موجود ہیں، تو لگتا ہے کہ بہت کم ہی لوگ 1 کروڑ روپے سے زائد رقم ہونڈا اکارڈ خریدنے کے لیے ادا کریں گے۔

انگلش میں پڑھیں۔


ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دیے گئے تبصروں سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

عدن علی

عدن علی گاڑیوں کے شوقین ہیں اور گاڑیوں کے متعلق خبروں پر نظر رکھتے ہیں۔ انہیں تجسس ہے کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیاں عام ہونے کے بعد یہ صنعت کس سمت میں جائے گی۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔