'خیبر پختونخوا کے 7 منصوبے سی پیک میں شامل'
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ صوبے میں 7 منصوبے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مکمل ہوں گے۔
وہ چین کے شہر بیجنگ میں ہونے والے جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی) کے چھٹے اجلاس میں شرکت کے بعد نوشہرہ پہنچنے پر صحافیوں سے بات کررہے تھے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ جن منصوبوں کو سی پیک کے تحت مکمل کیے جانے کی منظوری ملی ہے ان میں پشاور اور کراچی کے درمیان ڈبل ریلوے ٹریک،دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر، ایک ڈبل روڑ، ریلوے ٹریکس بچھانے اور گلگت سے ایبٹ آباد کے درمیان آپٹک فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'کراچی سرکلر ریلوے سمیت 3 منصوبے سی پیک میں شامل'
ان کا کہنا تھا کہ ہتار کے مقام پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام، پشاور تا ڈیرہ اسماعیل خان روڈ کی دو رویہ سڑک میں تبدیلی اور ان دونوں شہروں کے درمیان ریلوے لائن کی تعمیر بھی ان سات منصوبوں میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ جے سی سی کے اجلاس میں سی پیک کے تحت توانائی اور ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کے منصوبوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
جے سی سی نے مزید 30 منصوبوں کی سی پیک کے تحت تکمیل کی منظوری دی اور جاری منصوبوں کی موثر اور بروقت تکمیل کے لیے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
جے سی سی کے اجلاس میں چینی حکام نے سی پیک میں سندھ کے تین ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرنے کی اصولی منظوری بھی دی تھی۔ ان منصوبوں میں کراچی سرکلر ریلوے، کیٹی بندر اور خصوصی اقتصادی زونز کے پروجیکٹس شامل ہیں۔
جے سی سی کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی وزیر احسن اقبال نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حفیظ الرحمان شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر صنعت شیخ علاؤ الدین پنجاب کی نمائندگی کررہے تھے۔
تبصرے (1) بند ہیں