• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

میرپورخاص: سنگدل باپ نے 2 بچوں کو قتل کردیا

شائع December 30, 2016

بدین: سندھ کے ضلع میرپورخاص کے قریب گھریلو جھگڑے کے بعد سنگدل باپ نے اپنے 2 معصوم بچوں کو گلا دبا کر قتل کردیا ، پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

میرواہ گورچانی پولیس اسٹیشن کے ہاؤس اسٹیشن آفیسر(ایس ایچ او) اللہ ڈنو پہنور کے مطابق ملزم رانو کولہی نے میرپورخاص کے قریبی گوٹھ قربان علی شاہ میں اپنے 2 بچوں 3 سالہ بیٹی اور ڈیڑھ سالہ بیٹے کو گھریلو جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر گلہ دبا کر قتل کرنے کے بعد ان کی لاشوں کو پانی کے نالے میں پھینک دیا۔

پولیس کے مطابق دونوں بچوں کی لاشیں گاؤں والوں کی جانب سے مچھلی کے شکار کے وقت پانی کے نالے برآمد ہوئیں، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

یہ وڈیو دیکھیں: باپ نے 3 بچوں کو زہر دے کر قتل کر دیا

ایس ایچ او کے مطابق پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا جب کہ ملزم کے سسسر کی فریاد پر واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ(ایف آئی آر) درج کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سندھ کے مختلف علاقوں میں گھریلو تنازعات اور کالے جادو کا علم سیکھنے سمیت دیگر مقاصد کے لیے معصوم بچوں کو قتل کیے جانے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

رواں برس 11 دسمبر کو بھی بدین کے نواحی علاقے میں کالا جادو سیکھنے کے لیے 2 بچوں کو قتل کیے جانے کا واقعہ منظر عام پر آیا تھا، کالا جادو سیکھنے کے لیے اپنے استاد کے کہنے پر بچوں کو قتل کرنے والے ملزم نے پولیس کے سامنے بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

اس سے قبل بھی اسی طرح گزشتہ برس جنوری میں کراچی سے 230 کلومیٹر دوری پر واقع ایک گاؤں میں ایک باپ نے کالا جادو سیکھنے کے لیے اپنے ہی پانچ بچوں کو ہلاک کر دیا تھا۔