• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

حکومت مخالف تحریک، 'پیپلز پارٹی نے رابطہ نہیں کیا'

شائع December 30, 2016

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ایک مرتبہ پھر پاناما اسکینڈل کے مسئلے پر حکومت مخالف تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی نے ان کی جماعت سے رابطہ نہیں کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی ملک میں کرپشن اور حکومت مخالف کسی بھی تحریک کا حصہ بننے کے لیے تیار ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس معاملے پر ان کی پارٹی پی پی پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اعلان کی گئی مہم میں شمولیت اور حمایت کیلئے تیار ہے۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں اپنے تین روزہ دورے کے آغاز پر کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے بڑا مسئلہ کرپشن کا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بھی شوکت خانم ہسپتال کا سنگ بنیاد

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاناما پیپرز کا معاملہ حل نہ ہوا تو ان کی جماعت حکومت کے خلاف ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکل کر دباؤ میں اضافہ کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیف نے کرپشن کا ذمہ دار ملک کے موجودہ نااہل حکمرانوں کو قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کی وجہ سے دولت مند امیر سے امیر تر اور غریب مزید غربت کا شکار ہورہا ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کراچی میں موجود ہے اور اُمید کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت آئندہ انتخابات میں لیاری سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں حیران کن نتائج پیش کرے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس میں اصلاحات کی ضرورت ہے جیسا کہ عوام اب ان پر اعتماد نہیں کرتے، اگر کراچی کی پولیس اپنی ذمہ داریوں کا حساس شروع کردے تو یہاں رینجرز کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے رینجرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن کے باعث شہر میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہسپتال کیلئے زمین دینے پر آرمی چیف کا شکریہ

اس سے قبل انھوں نے کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے سٹی میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔

عمران خان نے تقریب سے خطاب کے دوران پاکستان کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال 3 سال میں مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’شوکت خانم ہسپتال میں 1994 سے اب تک مفت علاج پر 26 ارب روپے خرچ ہوئے، مالداروں نے حوصلہ افزائی تو بہت کی لیکن پیسہ سب سے زیادہ بچوں نے دیا۔‘

انہوں نے خطاب میں ہسپتال کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کا بھی تفصیلی ذکر کیا اور کہا کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے کشتیاں جلانی پڑتی ہیں۔

اس کے علاوہ انھوں نے ضلع وسطی اور لیاری میں اپنی پارٹی کی رکنیت کی مہم کا آغاز کیا۔

بعد ازاں وہ ناظم آباد میں قائم امام بارگاہ باب علم گئے اور پٹیل پاڑہ میں پارٹی کے مرحوم کارکن فضل رحیم کے گھر بھی گئے اور ان کے خاندان سے تعزیت کی۔

عمران خان پاکستان کے سابق گلوکار مرحوم جنید جمشید کے گھر گئے اور ان کے بڑے بھائی ہمایوں جمشید سے تعزیت کی، جہاں انھوں نے جنید جمشید کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہ رپورٹ 30 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024