• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

2016 اور ریسلنگ: کون ہارا، کس کی ہوئی جیت

شائع December 30, 2016

ڈھلتے سورج کی طرح دھیرے دھیرے اپنی منزل کی جانب بڑھتے سال 2016 نے ریسلنگ کی دنیا پر بھی گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔

بلاشبہ یہ سال ریسلنگ کے حوالے سے خاصہ سنسنی خیز رہا، مداحوں کو کئی خوش خبریاں ملی اور کچھ ناخوشگوار واقعات نے انہیں حیرت میں مبتلا بھی کیا۔

حالیہ برس کہیں کسی کسی ریسلر کے تاریک کیریئر کو نیا سنہرا موڑ ملا تو بعض مایہ ناز پہلواںوں کے کیریئر کی شام اور قصہ تمام ہوا۔

کسی نے اپنے مداحوں کو دیا توقعات سے بڑھ کر رزلٹ، تو کسے نے پرستاروں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

ہار اور جیت کے آنگن میں کبھی آنسو تو کبھی مسکراہٹیں بکھیرتے رواں سال کی چیدہ چیدہ ریسلنگ واقعات کا احوال یہاں پیش خدمت ہے۔

اے جے اسٹائلز کا رائل رمبل میں پہلا ٹاکرا

اے جے اسٹائلز کی واپسی بریکنگ نیوز بن کر سامنے آئی، فوٹو بشکریہ فیس بوک
اے جے اسٹائلز کی واپسی بریکنگ نیوز بن کر سامنے آئی، فوٹو بشکریہ فیس بوک

رواں سال جنوری میں اے جے اسٹائلز ایک 'بریکنگ نیوز' بن کر نمودار ہوئے۔ کئی ہفتوں کی چے مگوئیوں کے بعد اے جے اسٹائلز نے بالاَخر ٹی این اے ریسلنگ کے میدان کو 'ٹا ٹا بائے بائے' کہہ کر 'رائل رمبل' میں اپنا ڈیبیو میچ کھیلا۔

ڈبلیو ڈبلیو ای 'رائل رمبل' میں جے اسٹائیلز کا واپسی پر کھلے دل اور شاندار انداز میں خیر مقدم کیا گیا۔ اتنی عزت اور توقیر شاید وہ تاحیات بھول نہ پائیں گے۔

اپنے کم بیک میچ میں اے جے اسٹائلز نے خاصی بہتر پرفارمنس دی اور نصف گھنٹے تک مقابلہ کرتے رہے، جس کے بعد کیون اوئنز نے ان کو رنگ میں زیادہ دیر ٹکنے نہ دیا۔

ٹرپل ایچ کی 'رائل رمبل' اور چیمپیئن شپ میں فتوحات

ٹرپل ایچ نے حالیہ برس رائل رمبل میں کم بیک کیا، فوٹو  بشکریہ/ ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام
ٹرپل ایچ نے حالیہ برس رائل رمبل میں کم بیک کیا، فوٹو بشکریہ/ ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام

'پارٹ ٹائیمر' ریسلر کے نام سے مشہور ٹرپل ایچ کا 2016 کی پہلی سہ ماہی میں 'رائل رمبل' جیت کر ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن بننا سال کی دوسری بڑی خبر تھی۔ انہوں نے طویل انتظار کے بعد حالیہ برس 'رائل رمبل' میں کم بیک کیا۔

ٹرپل ایچ نے پہلے ڈین امبروز کو اپنے داؤ پیچ اور مہلک حملوں سے ڈھیر کیا اور پھر روایتی حریف رومن رینز کو مات دے کر نہ صرف 'رائل رمبل' بلکہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن شپ کے ٹائٹل پر بھی قبضہ جمایا۔

ٹرپل ایچ اور رومن رینز کا متنازعہ میچ

ٹرپل ایچ کے مداحوں کو رومن رینز کی فتح ہضم نہ ہوئی، فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام
ٹرپل ایچ کے مداحوں کو رومن رینز کی فتح ہضم نہ ہوئی، فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام

رومن رینز نے 'ریسل مینیا 32' میں ٹرپل ایچ کو چاروں شانے چت کر کے خود کو دبنگ انداز میں متعارف کروایا لیکن شائقین کو رومن رینز کی شاندار فتح ہضم نہ ہوئی۔

ٹرپل ایچ کے حامیوں نے شدید نعرے بازی کی اور رومن رینز کی مخالفت میں اتنا شور مچایا کہ میچ متنازعہ بن گیا۔

بالاَخر ڈبلیو ڈبلیو ای حکام کو شائقین سے سختی برتنی پڑی۔ اس کے باوجود ٹرپل ایچ کے پرستار ان کی شکست اور رومن رینز کی کامیابی کو تسلیم کرنے کو تیار نہ تھے۔

کہا جاتا ہے کہ رومن رینز کو بطور 'نیا چہرہ' شرف قبولیت دینا خود کمپنی کے لیے بھی 'کڑوی گولی' کھانے کے مترادف تھا۔

'زخمی شیر' سیٹھ رولنز کی واپسی

سیٹھ رولنز نے زخمی شیر کی طرح کم بیک کیا اور 2 ٹائٹل جیتے، فوٹو بشکریہ فیس بک
سیٹھ رولنز نے زخمی شیر کی طرح کم بیک کیا اور 2 ٹائٹل جیتے، فوٹو بشکریہ فیس بک

سیٹھ رولنز کو انجری مسائل نے گذشتہ سال نومبر سے 6 ماہ تک ریسلنگ سے کوسوں دور کر دیا تھا۔ لیکن ٹھیک ہوتے ہی انہوں نے مئی 2016 میں شاندار واپسی کی۔ وہ آئے، انہوں نے دیکھا اور فتح کر لیا۔

پے پر ویو کے ایونٹ 'ایکسٹریم رولز' میں سیٹھ رولنز نے دو بڑے حریفوں رومن رینز اور اے جے اسٹائلز پر 'زخمی شیر' کی طرح ایسے وار کیے کہ دوںوں نے ہار ماننے میں ہی اپنی عاکفیت جانی۔

میچ کے فاتح سیٹھ رولنز نے ڈبلیو ڈبلیو ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے سینے پر سجایا۔

سیٹھ رولنز کی شاہانہ انداز میں واپسی اور دو بڑے ریسلرز کے ہاتھوں سے ٹائٹل چھین کر چیمپیئن بننے کی وہ ادا ان کے مداحوں کی بھا گئی۔

سیٹھ رولنز کا دوسرا وار

سال کے وسط میں سیٹھ رولنز نے اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے دوسری بار ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 'منی ان دا بینک' ایونٹ میں رومن رینز کو دوبارہ تختہ مشق بناتے ہوئے شکست سے دوچار کیا۔

سیٹھ رولنز کی رومن رینز کے خلاف یکے بعد دیگرے 'ایکسٹریم رولز' اور 'منی ان دا بینک' ایونٹس میں حاصل کردہ فتوحات نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایوانوں میں تہلکہ مچادیا۔ لیکن شومئی قسمت کہ سیٹھ رولنز اپنے دوسرے ٹائٹل کا زیادہ دن دفاع نہ کر پائے۔

ڈین امبروز 'بیٹل گراﺅنڈ' میں سرخرو

ڈین امبروز نے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن شپ کا اعزاز برقرار رکھا، فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام
ڈین امبروز نے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن شپ کا اعزاز برقرار رکھا، فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام

جولائی 2016 میں ڈین امبروز نے سیٹھ رولنز اور رومن رینز کو ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹ بیٹل گراﺅنڈ میں شکست دے کر چیمپیئن شپ کا کامیاب دفاع کیا۔

مقابلہ لگ بھگ بیس منٹ تک جاری رہا، جس میں ڈین امبروز نے اپنے داﺅ 'ڈرٹی ڈیڈز' کا استعمال کرتے ہوئے رومن رینز کو پن کرکے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کا اعزاز برقرار رکھا۔

ایونٹ کا یہ سب سے بہترین میچ سمیع زیان اور کیون اوئنز کے درمیان ہوا جس میں ماضی کے دوست ایک دوسرے کےدشمن بن کر آمنے سامنے ہوئے۔ جبکہ دوسری جانب رینڈی اورٹن کی 9 ماہ بعد ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپسی ہوئی-

فن بیلور کا یادگار ڈیبیو

فن بیلور اولین آزمائش میں سرخرو ہوکر راتوں رات سپر اسٹار بنے۔  فوٹو بشکریہ، فیس بک
فن بیلور اولین آزمائش میں سرخرو ہوکر راتوں رات سپر اسٹار بنے۔ فوٹو بشکریہ، فیس بک

اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ میں فن بیلور جیسی شاندار انٹری آج تک کسی نے نہیں دی۔

آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ریسلر فن بیلور کو 2016 کے ڈبلیو ڈبلیو ای ڈرافٹ میں شامل کیا گیا اور وہ اپنے کریئر کی اولین آزمائش میں سرخرو ہوکر ایک گمنام ریسلر سے راتوں رات سپر اسٹار بن گئے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپیئن شپ ایونٹ میں فن بیلور نے اپنے طاقتور حریف رومن رینز کو شکست کا ایسا مزہ چکھایا کہ ریسلنگ کے شائقین جھوم اٹھے۔

جان سینا کو اے جے اسٹائلز کے ہاتھوں شکست

اسٹائلز نے ڈرامائی لڑائی کے بعد جان سینا کو آخری لمحات میں شکست دی، فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام
اسٹائلز نے ڈرامائی لڑائی کے بعد جان سینا کو آخری لمحات میں شکست دی، فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام

سم سلم کے ایک اہم ٹاکرے میں اے جے اسٹائلز نے انتہائی ڈرامہ خیز لڑائی کے بعد جان سینا کو میچ کے آخری لمحات میں شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی۔ قبل ازیں اے جے اسٹائلز نے 'رائل رمبل' میں بھی ڈیبیو کیا تھا۔

ٹی این اے ریسلنگ سے امپورٹ ہوئے اے جے اسٹائلز نے جب ڈبلیو ڈبلیو ای کے صف اول کے ریسلر جان سینا کو مات دی تو ہر کوئی ان کے گن گانے لگا۔

بروک لیسنر نے رینڈی اورٹن کا سر پھوڑا

بروک لیسنر نے مسلسل حملوں سے رینڈی اورٹن کو لہو لہاں کردیا، فوٹو ، ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام
بروک لیسنر نے مسلسل حملوں سے رینڈی اورٹن کو لہو لہاں کردیا، فوٹو ، ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام

حالیہ برس سمر سلم کا ہی ایک میچ تھا جس میں بروک لیسنر اپنے حریف ریسلر رینڈی اورٹن پر بے رحمی سے ٹوٹ پڑے۔ لیسنر نے رینڈی اورٹن کو سر میں کہنی کے ایسے پے در پے وار کیے کہ وہ لہو لہاں ہوگئے۔

زخمی ریسلر رینڈی اورٹن کو پیشانی پر دس ٹانکے لگوانے پڑے۔ یہ میچ اس وقت ختم ہوگیا جب رینڈی اورٹن کا سر بروک لیسنر کی کہنیوں کے وار کے نتیجے میں پھٹ گیا اور رنگ میں خون ہی خون ہوگیا۔

ریفری کے بار بار روکنے کے باوجود بروک لیسنر نہ جانے کس بات کو بدلہ لینے پر تلے تھے، اس وقت منظر ایسا تھا کہ ریسلنگ سے زیادہ یہ باکسنگ کا مقابلہ لگ رہا تھا۔

کیون اوئنز کو ٹرپل ایچ نے چیمپیئن بنوایا

کیون اوئنز کے کو ٹرپل ایچ کے شاطر دماغ نے چیمپیئن بنوایا، فوٹو بشکریہ فیس بک
کیون اوئنز کے کو ٹرپل ایچ کے شاطر دماغ نے چیمپیئن بنوایا، فوٹو بشکریہ فیس بک

ٹرپل ایچ کی ڈبلیو ڈبلیو ای کے منچ پر واپسی کا کسی اور کو فائدہ ہو نہ ہو، مگر کیون اوئنز کی تو گویا سوئی ہوئی قسمت جاگ اٹھی، جو بیٹھے بٹھائے ڈبلیو ڈبلیو ای کے عالمی چیمپیئن بن گئے۔

اگست کے مہینے میں 'فیٹل فور وے الیمنیشن' راؤنڈ میں سیٹھ رولنز ٹرپل ایچ سے دھوکا کھا بیٹھے۔ میچ کے دوران رومن رینز اپنے دو حریفوں کو قابو کر چکے تھے۔

اس دوران ٹرپل ایچ اچانک آ ٹپکے اور انہوں نے پرانا حساب برابر کرنے کے لیے پہلے رومن رینز اور پھر سیٹھ رولنز کو زیر کیا اور کیون اوئنز کو ٹائٹل جتوا دیا۔

بروک لیسنر گولڈ برگ سے ہار گئے

بروک لیسنر کو گولڈ برگ نے 2 منٹوں میں ڈھیر کردیا، فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام
بروک لیسنر کو گولڈ برگ نے 2 منٹوں میں ڈھیر کردیا، فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام

سال 2016 میں ریسلنگ کے مداحوں کو گولڈ برگ اور بروک لیسنر کے مہا دنگل کا شدت سے انتظار تھا مگر میچ کے نتیجے سے سب کے ارمان ٹھنڈے پڑ گئے۔

ہر کوئی یہ سوچ رہا تھا کہ بروک لیسنر اور گولڈ برگ جیسے دیو ہیکل ریسلر جب رنگ میں اتریں گے تو بڑا ہی سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، لیکن نتیجہ کیا نکلا، بروک لیسنر کی 'بتی گل' ہوگئی۔

سروائیور سیریز کا یہ مقابلہ آدھا گھنٹہ تو کیا 2 منٹ کے اندر ہی اختتام پذیر ہوا۔ گولڈ برگ نے بروک لیسنر کو ایسا گرایا کہ وہ پھر اٹھ نہ سکے اور کچھہ ہی دیر کے اندر ہار مان لی۔

سال کے سب سے بڑے چیلنج میں سرخرو ہونے پر گولڈ برگ کی تو گویا لاٹری نکل آئی، لیکن دوسری جانب بروک لیسنر کے ہوش و حواس گم ہوئے اور وہ سوچتے رہ گئے کہ 'یہ کیا ہوا، کیسے ہوا، کب ہوا۔۔'

بروک لیسنر پر پابندی

اور جاتے جاتے یہ سال بروک لیسنر کے مداحوں کو ایک بُری خبر دے گیا۔ ویڈا ایتھلیٹک کمیشن نے ڈرگ ٹیسٹ میں فیل ہونے کی وجہ سے بروک لیسنر پر ایک سال کی پابندی کے ساتھ ساتھ ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بروک لیسنر کے رواں سال جون میں دو ٹیسٹ لیے گئے تھے جو مثبت آئے۔

تبصرے (1) بند ہیں

زیب Dec 30, 2016 04:31pm
yet an other nice story kaleem bhai, keep it up.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024