• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آصف علی زرداری جلد 'غیرمتوقع اعلان' کریں گے: بلاول

شائع December 26, 2016

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کے والد اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری جلد ہی حکومت سے کیے جانے والے چار مطالبات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر 'غیرمتوقع' اعلان کریں گے۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابائے قوم سیاسی جدوجہد کے ذریعے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، قائد اعظم کا خواب روشن پاکستان تھا اور ہم پاکستان کو قائد کے وژن جیسا بنائیں گے۔

پی پی پی کے 4 مطالبات اور حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک سے متعلق آصف علی زرداری کی حکمت عملی سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر بلاول کا کہنا تھا کہ 'تھوڑا انتطار کیا جائے، آصف علی زرداری اس بارے میں اہم اعلان کریں گے'۔

ماموں مرتضیٰ بھٹو کے بچوں فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار جونیئر سے رابطے کے سوال پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ ان کے اہل خانہ کا حصہ ہیں، طویل عرصے سے ان سے ملاقات نہیں ہوئی لیکن ہمارے دل کے دروازے ان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔

بلاول نے مزار قائد پر حاضری کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے وزیراعلیٰ اور ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی سیدہ شہلا رضا کے ہمراہ سینٹ پیٹرک چرچ کا دورہ کیا اور وہاں جاری تقریب میں کرسمس کا کیک کاٹا۔

اس موقع پر انہوں نے تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔


یہ خبر 26 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024