پاکستان ٹیم میلبرن ٹیسٹ کیلئے تیار ہے:سمیع اسلم
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر سمیع اسلم کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم آسٹریلیا کے تیز باؤلرز مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کا سامنا کرنے کو تیار ہیں جنھوں نے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں جارحانہ انداز اپنایا تھا۔
سمیع اسلم نے کہا کہ 'گزشتہ اننگز میں جہاں 450 رنز بنائے گئے تھے جس کے باعث ٹیم میں بہت زیادہ اعتماد ہے اور ہم ان کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں اور کھلاڑی میلبرن ٹیسٹ کے لیے پختہ عزم رکھتے ہیں'۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے اپنی جگہ بنانے والے بلےباز نے کہا کہ وہ سمجھ سکتے ہیں کہ آسٹریلیا کی ٹیم برسبین کی آخری اننگز سے خوف زدہ ہے کیونکہ 'آسٹریلیا پراعتماد تھا کہ وہ باآسانی جیت جائے گا لیکن جب ہم 490 رنز کے قریب پہنچے تو ہر کوئی خوف زدہ تھا جو ایک بڑا مجموعہ تھا'۔
مہمان ٹیم کو یہ بات بھی قابل اعتماد ہے کہ وہ رواں سال ٹیسٹ کرکٹ کی نمبر ایک ٹیم بن گئی تھی۔
مزید پڑھیں: 'پاکستان،میلبرن ٹیسٹ میں واپسی کے لیے پرعزم'
پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف میچ کے پیش نظر پریکٹس کے لیے سلیب کا استعمال کررہی ہے کیونکہ ایشیائی کنڈیشنز میں انھیں ایسی صورت حال کاسامنا نہیں کرنا پڑتا ہے۔
سمیع اسلم نے قومی ٹیم کی پریکٹس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'کچھ کھلاڑی پاکستان میں بھی سلیب پر پریکٹس کرتے ہیں لیکن میں سلیب پر پریکٹس نہیں کرتا، یہ کھلاڑی پر منحصر ہے، باؤنسی گیندوں کے لیے سلیب ضروری ہے اس لیے کئی کھلاڑیوں کے ذہن میں ہوتا ہے کہ باؤنسی وکٹوں کو دیکھتے ہوئے سلیب مددگار ہوگی'۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے بلے باز اب تک 10 ٹیسٹ میچوں میں سنچری نہیں بنا سکے ہیں اس لیے ان پر کافی دباؤ ہے حالانکہ وہ دو مرتبہ ایک اننگز میں 90 سے زیادہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردی کے پیش نظر میلبرن میں سیکیورٹی سخت
سمیع اسلم کا کہنا تھا کہ 'میں نے فرسٹ کلاس اور انڈر19 کرکٹ میں عالمی سطح پر کئی سنچریاں بنائی ہیں اس لیے میں نہیں سمجھتا کہ 90 رنز بنانے کے بعد میرے ساتھ کوئی مسئلہ ہے، ایک یا دو دفعہ میں بدقسمت ثابت ہوا اور میں نے برا کھیلا تاہم میں اگلی دفعہ بڑے اسکور کے لیے پرعزم ہوں'۔
برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ کے 130 اور پیٹر ہینڈزکومب کی پہلی سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 429 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا تھا جس پر سمیع اسلم کا کہنا ہے کہ ہم اس سے باخبر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اسمتھ کا ریکارڈ بہت اچھا ہے لیکن ہماری توجہ کسی ایک کھلاڑی پر نہیں ہے، ہم ان کی پوری ٹیم پر کام کر رہے ہیں لیکن یہ بات ماننے کی ہے کہ دو یا تین کھلاڑی بہت اچھے ہیں، ہمارے پاس اسمتھ کو شروع میں ہی آؤٹ کرنے کا ایک منصوبہ ہے'۔
یہ خبر 24 دسمبر کو ڈان اخبارمیں شائع ہوئی