• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'نواز شریف سے مفاہمت نہیں، ن لیگ کو جانا ہی ہوگا'

شائع December 24, 2016

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خلاف کھلی جنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمت نواز شریف نہیں بلکہ جمہوریت کے ساتھ ہے، ن لیگ کو اب جانا ہی پڑے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے مسلم لیگ (ن) کوعقل کے اندھوں اورتنگ نظروں کی جماعت قراردیدیا۔

انہوں نے کہا کہ 'ن لیگ ان لوگوں کی جماعت ہے جو اپنی ناک سے آگے نہیں دیکھتے، اب ان سے کوئی مفاہمت نہیں ہوسکتی ،اب ان سے جھگڑا ہے'۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ذکر پرمولابخش چانڈیو نے ہاتھ جوڑلیے اورکہا کہ وزیرداخلہ سے تو وزیراعظم بھی وضاحت نہیں مانگ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ 'چوہدری نثار کچھ بھی کریں اور کریں وزیراعظم میں طاقت نہیں ہے ان سے پوچھنے کی، وہ ڈرتے ہیں چوہدری نثار سے'۔

یہ بھی پڑھیں: زرداری کی 18 ماہ بعد وطن واپسی، جمہوریت کو بہترین انتقام قرار دیا

مولا بخش چانڈیو نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو دبنگ وزیر بھی قرار دیا۔

مشیراطلاعات سندھ نے کہا کہ آصف علی زرداری کی آمد سے پارٹی کارکنان بہت خوش ہیں لیکن ان کے آنے پرکہیں پریشانی اور کہیں غصہ فطری ہے۔

ڈاکٹر عاصم حسین سے آصف علی زرداری کی ملاقات کے حوالےسے پوچھے گئے سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ انہیں فی الحال اس کا علم نہیں، اگر سابق صدر ملاقات کرتے ہیں تو یہ اچھی بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جن کیسز میں ڈاکٹر عاصم کو پکڑا گیا وہ کیسز بنانے والے خود پریشان ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے حکومت کے خلاف دیگر سیاسی جماعتوں سے مفاہمت کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ 'پیپلز پارٹی نے کبھی تنہا اڑان کا نہیں سوچا'۔

واضح رہے کہ 18 ماہ خود ساختہ جلا وطنی کاٹنے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری 23 دسمبر کو دبئی سے کراچی پہنچے تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی:اہم شخصیت کے قریبی ساتھی کے دفتر پر رینجرز کا چھاپہ

کراچی ایئرپورٹ پر ان کی آمد سے چند لمحے قبل پی رینجرز نے کراچی کے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائی کی تھی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں رینجرز نے آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی کے دو دفاتر پر چھاپے مارے تھے اور اس دوران پانچ افراد کو حراست میں لے کر اہم دستاویزات اور اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس سے قبل بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت سے 4 مطالبات کررکھے ہیں اور ان کی منظوری کے لیے 27 دسمبر تک کی مہلت دے رکھی ہے اور مطالبات پورے نہ ہونے پر 27 دسمبر کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔

اب آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے بعد پیپلز پارٹی کی حکومت مخالف مہم میں تیزی آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے اس حوالے سے کہا کہ 'ہم نے اپنے چار مطالبات دے دیے ہیں اور منظور نہ ہونے کی صورت میں تحریک چلانے کا بھی اعلان کردیا ہے، اس کا طریقہ کار کیا ہوگا اس کا فیصلہ قیادت کرے گی'۔


کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024