'پاکستان،میلبرن ٹیسٹ میں واپسی کے لیے پرعزم'
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے قومی ٹیم، آسٹریلیا کے خلاف میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) کی مشکل وکٹ پرروایتی گیند سے سیریز کے دوسرے میچ میں واپسی کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں پہلا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ کھیلا گیا تھا جہاں گلابی گیند استعمال کی گئی تھی جبکہ پاکستان کو 39 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
گرانٹ فلاور کا کہنا تھا کہ 'یہ وکٹ اچھی اور سخت نظر آرہی ہے جو کارکردگی دکھانے کے لیے بہتر ثابت ہوگی'۔
ان کا کہنا تھا کہ باؤلرز کو سخت محنت کرنا ہوگی لیکن ہم انھیں شروع میں ہی مشکل میں ڈال سکے اور گیند بھی ریورس سوئنگ ہوئی تو مجھے یقین ہے کہ ہمارے پاس کچھ کرنے کا موقع ہوگا۔
پاکستانی بیٹنگ کوچ کا خیال ہے کہ میلبرن کی وکٹ یاسر شاہ کے لیے سازگار ہوگی جنھیں گزشتہ میچ میں دفاعی باؤلنگ کرنے پر شین وارن کی تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔
مزید پڑھیں: میلبرن کی تاریخ کا کامیاب ترین اسپیل
فلاور نے کہا کہ 'امید ہے کہ میچ کے اختتام پر یاسر مزید بہتری کے ساتھ سامنے آسکتے ہیں'۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے بلے باز عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان پہلے میچ کی دوسری اننگز کی کارکردگی کو میلبرن ٹیسٹ میں شاید برقرار نہ رکھ سکے کیونکہ یہاں کی کنڈیشنز مختلف ہیں۔
عثمان خواجہ نے اپنی ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمیشہ بہتری کی گنجائش ہوسکتی ہے لیکن ہم اس وقت فاتح ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردی کے پیش نظر میلبرن میں سیکیورٹی سخت
واضح رہے کہ میلبرن میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں سات افراد کی گرفتاری کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔
پولیس کے چیف کمشنر گراہم ایشٹن نے کہا تھا کہ دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے اور اہم مواقعوں پر اضافی پولیس تعینات کی جائے گی۔
گرفتار افراد کرسمس کے دن سینٹ پال کیتھیڈرل اور فیڈریشن اسکوائر کے اطراف میں واقع میلبرن کے فلنڈر اسٹریٹ ٹرین اسٹین پر حملے کی منصوبے بندی کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ اور کرسمس سمیت کئی اہم ایونٹس منعقد ہوں گے اور اسی لیے ہم اضافی احتیاطی اقدامات کر رہے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں 26 دسمبر کو شروع ہوگا۔