• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

کیا کامیاب پروفیشنل کریئر کے لیے کتابی نصاب کافی ہے؟

شائع January 13, 2017 اپ ڈیٹ January 14, 2017

میرا گذشتہ بلاگ اس بارے میں تھا کہ جن نوجوانوں کے پاس ڈگری ہے لیکن ملازمت نہیں ملتی تو انہیں کس وقت کیا کرنا چاہیے، جبکہ یہ بلاگ اس بارے میں ہے کہ آپ جس کسی بھی شعبے میں زیر تعلیم ہیں، کیا اُس شعبے میں پڑھائے جانے والا نصاب عملی دنیا میں کارآمد ہے بھی یا نہیں، یہ کیسے معلوم کیا جا سکتا ہے۔ اور اگر نہیں ہے تو کیا کرنے کی ضرورت ہے؟

ہمارا تعلیمی نظام

کسی بھی ملک کے تعلیمی نظام میں بنیادی شرائط میں سے ایک یہ بھی ہوتی ہے کہ پڑھائے جانے والے نصاب کو ماہرانہ انداز میں متعلقہ شعبے یا مضمون کے تمام تر تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جائے۔

نصاب ترتیب دیتے وقت کافی باتوں کا دھیان رکھنا ہوتا ہے۔ کیا نصاب اس قدر معیاری بھی ہے جو زیر تعلیم نسل کو اس مضمون یا شعبے میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرتے ہوئے مہارت حاصل کرنے کا موقع مل سکے؟ یا کم از کم اتنا معیاری تو ضرور ہو کہ طلبا اس شعبے میں اس قدر تربیت یافتہ ہو جائیں کہ مستقبل میں انہیں ملازمت کے حوالے سے زیادہ مسائل کا سامنا نہ ہو۔

کیا نصابی کتاب دلچسپ پہلوؤں کے ساتھ ترتیب دی گئی ہے یا نہیں، یا پھر مشکل لفظوں اور مبہم تحریر کے ساتھ ایک بور کر دینے والی کتاب ترتیب دی گئی ہے جس سے طلبا کچھ سیکھنے کے بجائے بیزار ہو جائیں؟

ساتھ ہی ساتھ یہ بھی دیکھنا پڑتا ہے کہ نصاب فرسودہ مواد کا حامل تو نہیں؟ کیا نصاب جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے؟ ان سب سوالوں کے جواب ہمارے نظام میں تلاش کیے جائیں تو اطمینان کن جوابات حاصل نہیں ہوں گے۔ اکثر یونیورسٹیوں (خاص کر سرکاری) کا نصاب اس معیار کا نہیں جو ہمیں ایک تربیت یافتہ نسل دے سکے، جبکہ پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کا حال تو بدتر ہے۔

پڑھیے: تعلیمی معیار کی پسماندگی میں امتحانی نظام کا کردار

سندھ میں تعلیم کا حال اس مثال سے واضح ہے کہ نامعلوم مصلحتوں کے تحت سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے فزکس اور کیمسٹری جیسے مضامین کو کئی دہائیوں سے نہیں بدلا۔ کیا گزرتے دنوں کے ساتھ نصاب کی تبدیلی ضروری نہیں؟

اساتذہ

سماجی و مذہبی طور پر معلم کا مقام اور مرتبہ کسی سے بھی ڈھکا چھپا نہیں۔ معلم ہی ہیں جن کی دی ہوئی تعلیم کی لو سے ہی ترقی کے دیپ روشن ہوتے ہیں۔ معلم کا انتخاب ایک غیر معمولی اہمیت کا حامل کام ہے مگر ہمارے ہاں (خاص طور پر پرائمری سطح پر) تو یہ آسامی ان کو مل جاتی ہیں جنہیں نااہلی کی وجہ سے کوئی اور ملازمت نہیں مل پاتی۔

ہاں یہ سچ ہے کہ حال ہی میں صوبہ سندھ میں مقرر کیے جانے والے 19000 کے قریب اساتذہ میرٹ پر منتخب ہوئے جو کہ ایک قابل تعریف بات ہے مگر ماضی میں سیاسی اور سفارشوں کے عوض مقرر ہونے والے اساتذہ سے ہونے والے نقصان کا خمیازہ دو تین نسلیں بھگت رہی ہیں۔

بدقسمتی سے اگر کوئی استاد بہتر انداز میں تعلیم نہیں دیتا تو ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کا کوئی منظم طریقہ کار موجود نہیں ہے اور اگر کارروائی ہوتی بھی ہے تو ہماری نام نہاد سول سوسائٹی اس استاد کی حمایت میں کھڑی ہو جاتی ہے اور انہیں آنے والی نسلوں سے زیادہ اس استاد کے چولہے کی فکر ہو جاتی ہے جس میں وہ ہماری آنے والی نسل کی تربیت کو بطور ایندھن استعمال کر کے جلا رہا ہوتا ہے۔

پروفیشنل تربیت کیسے حاصل کریں؟

جو کچھ کلاسز میں بیٹھ کر نصاب میں پڑھ جاتا ہے، وہ عملی دنیا میں اس وقت تک کامیاب نہیں جب تک کہ نصابی علم عملاً نہ کیا جائے یا کم از کم ایسا ہوتے ہوئے نہ دیکھ لیا جائے۔

مزید پڑھیے: فارغ وقت کیسے گزاریں؟

نصاب (یا تھیوری) تو ایک مقررہ حالات میں عملی کام (پریکٹیل) کرنے کا طریقہ سکھاتا ہے مگر اسی مضمون یا شعبے سے متعلقہ پروفیشنل شعبے میں حالات بدلتے رہتے ہیں اور ایک جیسے نہیں رہتے.

اس کی بڑی مثال انجینئرنگ کی ہے جہاں نصاب یا یونیورسٹی شعبے میں قائم ورکشاپ میں پریکٹیل کروائے جاتے ہیں مگر وہاں جن حالات میں پریکٹیل کروائے جاتے ہیں وہی حالات پروفیشنل دنیا میں نہیں ہوتے اور وہاں ایک ہی وقت میں ایک سے زائد چیزوں کا خیال رکھنا ہوتا ہے جس میں مہارت صرف اسی وقت حاصل ہو سکتی ہے جب تک کہ آپ پروفیشنل دنیا میں اس کام کو سرانجام ہوتا نہ دیکھیں۔

اس لیے طلبا کو ان کے شعبے سے متعلقہ کام عملی طور پر سمجھانے کے کئی مواقع فراہم کیے جاتے ہیں مگر ان میں دو سب سے اہم ہیں۔ ایک ہے انٹرنشپ اور دوسرا ہے اسٹڈی ٹوئر۔

انٹرنشپ اکثر طالبعلم گریجوئیشن کے آخری سال میں انٹرنشپ کرتے ہیں۔ کتابی نصاب اور عملی کام میں موجود فرق کو سمجھنے کا یہ ایک بہترین موقع ہوتا ہے۔ عموماً طلباء آخری سال تک پہنچتے پہنچتے پڑھائی سے بیزار ہو چکے ہوتے ہیں اور پڑھتے بھی ہیں تو صرف امتحانوں میں پاس ہونے کے لیے، جبکہ یہ دونوں باتیں انٹرنشپ میں نہیں ہوتیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ انٹرنشپ میں بتانے/سکھانے/سمجھانے والے کو اپنی معمول کی پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ یہ ایک اضافی کام دیا جاتا ہے جو وہ اسی صورت میں بہتر انداز میں انجام دے گا اگر سیکھنے والا خود بھی دلچسپی رکھتا ہو ورنہ وہ جیسے تیسے صرف اپنا فرض پورا کرے گا۔ دراصل یہی وہ موقع ہے جب ہم تعلیمی نظام سے ذرہ ہٹ کے کچھ سیکھ رہے ہوتے ہیں اور اپنی دلچسپی درکار ہوتی ہے۔

جانیے: پاکستانی تدریسی کتب میں شامل بڑے جھوٹ

یہی وہ موقع ہوتا ہے جب طالب علم سمجھ سکتے ہیں کہ وہ جو پڑھ رہے ہیں یا پڑھ چکے ہیں وہ کتنا اہم ہے اور عملی زندگی میں اس کی کیا افادیت ہے۔ عملی کام کے لیے ایسا کیا کام ہے جو انہیں نصاب پڑھاتے وقت نہیں بتایا گیا تھا۔ یا پھر کوئی چیز جو انہیں کسی وجہ سے نہیں پڑھائی گئی مگر عملی کام کے لیے ضروری ہے اور اسے کلاسز میں روشنی ڈلوانا ضروری ہے۔ جیسا کہ سب کو معلوم ہے کہ یونیورسٹی سے ایک بار ڈگری لے کر نکلے تو پھر کوئی کچھ نہیں سکھائے گا۔ اگر طالبعلمی کے وقت ہی ایسی ضروری چیزوں کا علم ہو جائے تو سیکھنے کے کثیر مواقع دستیاب ہوتے ہیں۔

اسٹڈی ٹوئر جن پر جامعات کے لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں، وہ ایک پکنک ٹرپ تو بن جاتا ہے مگر طالبعلم تھوڑی سی دلچسپی لیں تو اسٹڈی ٹوئر صحیح معنوں میں ایک اسٹڈی ٹوئرہوگا اور اس طرح مذکورہ بالا باتیں بھی سیکھنے کو مل جائیں گی۔

اگر زیادہ کچھ نہیں تو بھی اسٹڈی ٹوئر کے دوران اس ادارے کا تعارف کروانے والے نمائندے سے یہ ضرور پوچھ لیں کہ آپ نے کہاں سے پڑھا ہے؟ آپ نے جو پڑھا وہ کتنا مددگار ثابت ہوا؟ ہمیں اگر یہاں کام کا موقع ملے تو آپ کیا تجویز کریں گے یا ہمیں یہاں آنے سے پہلے پڑھ یا سیکھ لینا چاہیے۔

عبدالحفیظ لغاری

ڈاکٹر عبدالحفیظ لغاری تجزیاتی کیمیا میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتے ہیں اور پیشے کے اعتبار تحقیقی ادارے پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ میں سینیئر سائنٹیفک آفیسر کے طور پر تعینات ہیں۔ وہ مختلف موضوعات پر سندھی اور اردو اخبارات میں لکھتے رہتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024