• KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm
  • KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm

'دہشت گردوں، ان کے سلیپر سیلز کا بلاامتیاز خاتمہ'

شائع December 14, 2016

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردوں اور ان کے سلیپر سیلز کے بلاامتیاز خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کی کامیابیوں میں استحکام اور یہاں دیر پا امن کے حصول کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورہیڈکوارٹرز کراچی اور رینجرز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں صوبہ سندھ اور خاص طور پر کراچی میں آپریشنل تیاریوں اور آپریشن کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

اس کے علاوہ آرمی چیف کو اب تک آپریشن سے حاصل ہونے والی کامیابیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر فوج، رینجرز اور دیگر حکام کی کاوشوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے امن و امان کی بحالی کیلئے کراچی کے عوام کی قربانیوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ آپریشن میں حاصل کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سلیپر سیلز کا بلاامتیاز خاتمہ کیا جائے گا اور یہاں جاری آپریشن کی کامیابیوں کو مستحکم کیا جائے گا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کراچی میں دیر پا امن کے حصول تک کوششیں جاری رہیں گی۔

جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کی معیشت کا مرکز ہے اور یہاں کی امن و امان کی صورت حال کا پورے ملک کی معیشت پر اثر ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے امن کو درپیش خطرات کو بھانپنے کیلئے خفیہ ایجنسیاں مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں۔

آرمی چیف نے آرمی، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیز کو حکم دیا کہ امن و امان کی صورت حال کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج صوبائی حکومت کی صلاحیت کو بڑھانے اور شہر میں امن کے قیام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کیلئے تمام ضروری مدد فراہم کرے گی۔

آرمی چیف کے کور ہیڈکوارٹر پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار نے ان کا استقبال کیا۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں انھوں نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025