• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

بھارتی مصنفین اردو کانفرنس کا حصہ نہیں ہوں گے

شائع November 30, 2016
اردو کانفرنس کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے—۔فوٹو/ ڈان
اردو کانفرنس کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے—۔فوٹو/ ڈان

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے 9 ویں انٹرنیشنل اردو کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کا آغاز یکم دسمبر سے ہوگا۔

کونسل کے عہدیدار احمد شاہ نے اس کا اعلان ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، یہ کانفرنس 4 دسمبر تک جاری رہے گی۔

اردو کانفرنس میں ہر سال بھارتی مصنفین بھی شریک ہوتے ہیں، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث اس سال ہندوستانی مصنفین اس کانفرنس کے مختلف سیشنز کا حصہ نہیں بنیں گے۔

بھارتی مصنفین کی غیر موجودگی کے حوالے سے احمد شاہ کا کہنا تھا کہ وہ مذہب کی بنیاد پر ادب کو تقسیم کرنے پر یقین نہیں رکھتے، انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی مصنفین (گلزار، گوپی چند وغیرہ) نے اردو ادب کے لیے کافی اہم کردار ادا کیا، تاہم ان دنوں وہ پاکستان کا دورہ کرنے سے اس لیے خوفزدہ ہیں کہ واپس جانے پر ہندوستان میں ان کے ساتھ بُرا سلوک نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ویڈیو کی مدد سے چند مصنفین کو اس کانفرنس کا حصہ بنانے کی کوشش کریں گے۔

احمد شاہ کے مطابق امریکا، جرمنی، ڈنمارک، برطانیہ، فن لینڈ اور مصر سے تعلق رکھنے والے اردو مصنفین اس کانفرنس کا حصہ بنیں گے جبکہ پاکستان کے تقریباً تمام معروف اور نامور شاعروں اور مصنفوں کو اس کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کانفرنس کے دوران لوگوں کو پہلی مرتبہ مرزا اطہر بیگ کو سُننے کا موقع ملے گا، جس کے بعد فیض پر ایک خاص سیشن رکھا جائے گا۔

احمد شاہ نے کہا کہ چار روزہ کانفرنس کے دوران ملک میں ثقافتی اداروں اور علاقائی زبانوں کے کردار پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ایونٹ کے موضوع کو برقرار رکھنے کے لیے ایک تھیٹر گروپ مشتاق احمد یوسفی کی کہانی 'حویلی' کو پیش کرے گا، کانفرنس کے آخری سیشن سے قبل انور مقصود شائقین کو 'خدا حافظ' نامی شو سے محظوظ کریں گے۔

یہ خبر 30 نومبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوا

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024