• KHI: Maghrib 6:44pm Isha 8:00pm
  • LHR: Maghrib 6:15pm Isha 7:37pm
  • ISB: Maghrib 6:21pm Isha 7:44pm
  • KHI: Maghrib 6:44pm Isha 8:00pm
  • LHR: Maghrib 6:15pm Isha 7:37pm
  • ISB: Maghrib 6:21pm Isha 7:44pm

کراچی: 100 روزہ ’صفائی مہم‘ کا کل سے آغاز

شائع November 30, 2016
وسیم اختر ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے — فوٹو: پی پی آئی
وسیم اختر ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے — فوٹو: پی پی آئی

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ محدود وسائل اور اختیارات کے باوجود کراچی میٹروپولیٹن کورپوریشن جمعرات سے شہر کی صفائی کے لیے 100 روزہ مہم کا آغاز کرے گی۔

پرانی کے ایم سی بلڈنگ میں اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ’اگلے 100 روز میں صفائی کی اس بڑی مہم کے دوران ہم دستیاب وسائل کا استعمال کرتے ہوئے شہر کے بڑے علاقے کی تعمیر نو بھی کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’بلدیاتی حکومت کے نظام کو دنیا میں بنیادی اہمیت حاصل ہے اور اگر یہ تباہ ہوجائے تو اُس ملک میں جمہوریت نہیں چل سکتی۔‘

پریس کانفرنس کے دوران سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن، فیصل سبزواری، امین الحق، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، ایڈووکیٹ عارف خان، ڈی ایم سی وسطی، شرقی اور کورنگی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، معید انور اور نیئر رضا بھی موجود تھے۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی مرمت اور ان کی استرکاری کا کام ڈسٹرکٹ میونسپل کورپوریشنز کے معمول کے کاموں کے ساتھ کیا جائے گا، جس کے لیے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ان کی ٹیم کی مدد کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کی صفائی مہم کا آغاز

انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کے لیے خصوصی اور بڑے پیکج کا اعلان کریں۔

اس کے علاوہ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے درخواست کی کہ وہ انہیں کم از کم اتنے وسائل فراہم کریں، جن سے شہر کے ضروری مسائل حل ہوسکیں۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ’100 روزہ مہم کے دوران کے ایم سی نہ ہونے کے برابر وسائل اور آئینی اتھارٹی کے باوجود تمام ڈی ایم سیز کو مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ کراچی وسطی، شرقی اور کورنگی کی ڈی ایم سیز پہلے ہی اس مہم میں فعال کردار ادا کر رہی تھیں، جبکہ دیگر ڈی ایم سیز سے اس میں شامل ہونے کے لیے مشاورت کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی کو ’اپاہج‘ بلدیاتی نظام دیا گیا، ایم کیو ایم

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس جو بھی وسائل دستیاب ہیں ان کے مطابق ہم عوام کے بھروسے پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مثبت نتائج کے حصول کے لیے کراچی میں مختلف جماعتوں کے تمام منتخب نمائندوں کو باہمی مشاورت سے اعتماد میں لیا جائے۔‘

وسیم اختر نے کہا کہ ان کی ٹیم نے آئندہ 100 روز کے دوران کراچی شرقی، وسطی اور کورنگی کے اضلاع میں سڑکوں کی مرمت اور صفائی ستھرائی کا منصوبہ بنایا ہے۔

اس کے علاوہ ان تین اضلاع کی 15 سے 20 منتخب یونین کونسلز میں اسکول، پارکس، کھیل کے میدان اور ہسپتال بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کب کچرے سے پاک ہوگا؟ کوئی ڈیڈ لائن نہیں

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 8 سال کے دوران شہر کی سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی۔

میئر کراچی نے کہا کہ انہوں نے مہم کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے تعاون مانگا ہے کیونکہ شہر میں عوامی کاموں کا کریڈٹ بالآخر سندھ حکومت کو ہی ملے گا۔


یہ خبر 30 نومبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 مارچ 2025
کارٹون : 21 مارچ 2025