پاکستان کو ہملٹن میں فتح کیلئے 369 رنز کا ہدف
ہملٹن: نیوزی لینڈ نے روس ٹیلر اور ٹام لیتھم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتح اور سیریز برابر کرنے کیلئے 369 رنز کا مشکل ہدف دیا ہے۔
نیوزی لینڈ نے ہملٹن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو جیت راول صرف دو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
تاہم اس کے بعد کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے اتدائی کا نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے 96 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
ولیمسن 42 رنز بنا کر عمران خان کی وکٹ بنے لیکن لیتھم دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے اور تیسری وکٹ کیلئے روس ٹیلر کے ساتھ 52 رنز جوڑ کر ٹیم کو 200 سے زائد رنز کی مجموعی برتری دلا دی۔
80 کے انفرادی اسکور پر لیتھم کی اننگز بھی تمام ہوئی لیکن اس کے بعد روس ٹیلر نے پاکستانی باؤلرز کا امتحان لینا شروع کیا اور ہنری نکولس کے ساتھ 60 اور 21 گیندوں پر 32 رنز بنانے والے کولن ڈی گورینڈ ہوم کے ساتھ 35 رنز جوڑے۔
کئی ٹیسٹ میچوں سے ناقص فارم سے دوچار تجربہ کار بلے باز نے صرف 134 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے ناقدین کے منہ بند کرا دیے اور 16 چوکوں کی مزین ناقابل شکست 102 رنز کی اننگز کھیلی۔
روس ٹیلر کی سنچری مکمل ہونے کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے 313 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا اور پاکستان کو میچ میں فتح اور سیریز برابر کرنے کیلئے 369 رنز کا مشکل ہدف دیا ہے۔
جب خراب موسم کے سبب دن کا کھیل وقت سے قبل ختم کیا گیا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے ایک بنایا تھا اور اسے میچ میں فتح کیلئے اب بھی 368 رنز درکار ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی بھرپور مزاحمت کے باوجود پہلی اننگز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور کیویز نے 55 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں فتح کی بدولت نیوزی لینڈ کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔