'را' سے تعلق رکھنے والا ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار
سندھ رینجرز نے بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' سے تعلق رکھنے والے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے مبینہ ٹارگٹ کلر کو کراچی کے علاقے گارڈن شو مارکیٹ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
رینجرز ترجمان نے ایک جاری بیان میں کہا کہ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گارڈن کے علاقے شو مارکیٹ سے ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد کی شناخت عتیق عرف جھینکا کے نام سے ہوئی ہے جو ایم کیو ایم لندن کے عسکری ونگ کا رکن ہے اور اس کے بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' سے روابط ہیں۔
رینجرز ترجمان کا دعویٰ ہے کہ ملزم عتیق ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، جلاؤ گھیراؤ، کھالیں چھیننے اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے جرائم میں ملوث ہے۔
بعد ازاں ملزم کی نشاندہی پر شو مارکیٹ میں قائم ایک زیر تعمیر دکان میں چھاپہ مارا گیا جہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔
رینجرز ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ مذکورہ برآمد ہونے والا اسلحہ اور گولیاں ایم کیو ایم لندن کی اعلیٰ قیادت کے ایماء پر کراچی میں بدامنی کی کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں استعمال کرنے کیلئے چھپایا گیا تھا۔
ملزم کی نشاندہی پر برآمد ہونے والے اسلحے میں 2 عدد ایل ایم جی، 4 عدد ایسن ایم جی، ایک عدد 22 بور اسنائپر رائفل، 3 عدد 12 بور رپیٹر، ایک عدد 222 رائفل، 3 عدد 30 بور ماؤزر، 6 عدد 30 بور پستول، ایک عدد 22 بور پستول، اور مختلف اقسام کی 5809 گولیاں شامل ہیں۔
ترجمان رینجرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان رینجرز کی جانب سے دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائیو کا سلسلہ جاری رہے گا۔