• KHI: Fajr 5:23am Sunrise 6:41am
  • LHR: Fajr 4:58am Sunrise 6:20am
  • ISB: Fajr 5:04am Sunrise 6:29am
  • KHI: Fajr 5:23am Sunrise 6:41am
  • LHR: Fajr 4:58am Sunrise 6:20am
  • ISB: Fajr 5:04am Sunrise 6:29am

ڈونلڈ ٹرمپ کی تاریخی فتح پر وزیراعظم کی مبارکباد

شائع November 9, 2016

وزیراعظم نواز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کے صدارتی انتخابات 2016 میں تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح یقیناً امریکی عوام کی کامیابی اور جمہوریت، آزادی اور انسانی حقوق پر ان کے پختہ یقین کی علامت ہے۔'

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 'پاکستان اور امریکا کے مضبوط اسٹریجک تعلقات ہیں، جن کی بنیاد آزادی، جمہوریت، باہمی عزت اور مفادات پر قائم ہے۔'

مزید پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 ویں صدر منتخب

نواز شریف کا کہنا تھا کہ 'دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری پائیدار امن، سیکیورٹی اور استحکام کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔'

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں نئی امریکی قیادت کے ساتھ قریبی تعلقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ امریکا سے گہرے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات 2016 کے لیے منگل 8 نومبر کو پولنگ ہوئی، جس کے بعد آنے والے نتائج نے اُس وقت سب کو حیران کردیا، جب ری پبلکن پارٹی کے رہنما ڈونلڈ ٹرمپ، ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن کو اَپ سیٹ شکست دے کر 4 سال کے لیے امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ پاکستان کیلئے اچھے ثابت ہوں گے یا برے؟

اس طرح ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست اور ہیلری کلنٹن کی کامیابی سے متعلق تمام تبصرے، تجزیے اور سروے نتائج غلط ثابت ہوئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن کے درمیان عہدہ صدارت کے لیے کانٹے کا مقابلہ ہوا جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے 290 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ صدر منتخب ہونے کے لیے 538 میں سے کم سے کم 270 الیکٹورل ووٹ کی ضرورت تھی۔

ٹرمپ کی حریف ہیلری کلنٹن 218 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

یہاں پڑھیں:ٹرمپ کی فتح پر بھارت میں ’ہندو سینا‘ کا جشن

ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2017 کو براک اوباما کی جگہ عہدہ صدارت کا حلف اٹھائیں گے اور وہ امریکا کی 240 سالہ تاریخ میں معمر ترین صدر ہوں گے۔

صدر منتخب ہونے پر ہیلری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کرکے انتخاب میں شکست تسلیم کی اور انہیں مبارک باد دی۔

کارٹون

کارٹون : 1 نومبر 2024
کارٹون : 31 اکتوبر 2024