• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

ٹرمپ کی فتح: 'دھرنا کب شروع ہورہا ہے'

شائع November 9, 2016

اسلام آباد: اُدھر امریکا میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ملک کے 45 ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں اور اِدھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پاکستانی عوام کو اپنے گھر کی خبر لینے کا مشورہ دے ڈالا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے لکھا، 'پاکستانیوں یہی وقت ہے کہ بیرون ملک ہونے والے انتخابات کے بارے میں پریشان ہونا چھوڑیں اور اپنے گھر کے حالات بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔'

عمران خان نے یہ ٹوئیٹ ایک ایسے وقت میں کی ہے کہ جب حالیہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 ویں صدر منتخب

ٹرمپ کی شکست اور ہیلری کلنٹن کی کامیابی سے متعلق تمام تبصرے، تجزیے اور سروے نتائج غلط ثابت ہوئے اور ری پبلکن پارٹی کے رہنما ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن کو اَپ سیٹ شکست دے دی۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن کے درمیان عہدہ صدارت کے لیے کانٹے کا مقابلہ ہوا جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بننے کے کے لیے درکار 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے۔

اس فتح کے بعد 70 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں جانے والے معمر ترین امریکی صدر بن گئے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنی ٹوئیٹ میں عمران خان پر بھی دبے لفظوں میں تنقید کرڈالی۔

بلاول نے لکھا، 'سو دھرنا کب شروع ہورہا ہے؟ مجھے اپنا ٹکٹ حاصل کرلینا چاہیے۔۔۔' ساتھ ہی انھوں نے 'نیا امریکا' کے الفاظ کے ساتھ ایک سوال بھی کر ڈالا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی صدارتی انتخابات: نتائج پر کہیں عوام حیران، تو کہیں پریشان

ٹرمپ کی کامیابی کے اعلان سے قبل انتخابات میں ان کی برتری پر پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے بھی حیرانی کا اظہار کیا۔

انھوں نے لکھا، 'میں جب سو کر اٹھی تو دیکھا کہ امریکا کے الیکٹورل نقشے پر ٹرمپ کی برتری ہے، کیا امریکا سنجیدہ ہے۔'

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما سید علی رضا عابدی نے پاکستانیوں کو تحمل کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ 'ٹرمپ ہمیں اتنا نقصان پہنچانے کے قابل نہیں ہوگا، جتنا ہم خود اپنے آپ کو پہنچا سکتے ہیں'۔

یہاں پڑھیں:ٹرمپ کی برتری: کینیڈین امیگریشن سائٹ کریش کرگئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے بھی امریکی انتخابات کے ناقابل یقین نتائج پر تبصرہ کیا اور لکھا، 'پہلے بریگزٹ اور اب ٹرمپ۔۔ سیاسی اسٹیٹس کو کے حوالے سے ووٹرز کا ردعمل مسلسل عالمی سیاسی اشرافیہ کو حیران کر رہا ہے'۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے بھی ٹرمپ کی کامیابی سے قبل انتخابات میں برتری کے حوالے سے ٹوئیٹ کی اور لکھا، 'ایسا معلوم ہوتا ہے کہ امریکی عوام ہیلری کلنٹن کے جھوٹ پر ڈونلڈ ٹرمپ کی شدت پسندی کو ترجیح دے رہے ہیں۔'

دوسری جانب آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے بھی امریکی انتخابات میں کامیابی پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی اور فیس بک پر اپنے پیغام میں لکھا، 'مجھے امید ہے کہ ٹرمپ پوری دنیا میں امن اور استحکام لانے میں اہم کردار ادا کریں گے اور پاک-ہندوستان تنازعات کے حل کے لیے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو استعمال کریں گے۔'

پرویز مشرف کا مزید کہنا تھا کہ 'ہمیں دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے اعتماد کی فضا میں مل کر کام کرنا ہوگا۔'

تبصرے (1) بند ہیں

gulshan Nov 09, 2016 05:56pm
نائن الیون پر پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کیلئے پھر نائن الیون ہو گیا ،جنوبی ایشیا تیار رہے

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024