• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

پاکستانی ٹوئٹر کے 7 منفرد روپ

شائع November 5, 2016

ٹوئٹر پاکستان میں استعمال کیا جانے والا دوسرا بڑا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جس پر ایک اندازے کے مطابق 35 سے 40 لاکھ پاکستانی ٹویٹس کرتے ہیں۔ فیس بک کے برعکس آپ کو ٹوئٹر پر اظہار خیال کے لیے صرف 140 حروف کی حد میں رہنا ہوتا ہے۔

پروفائل انفرادی ہو یا کسی برانڈ کی، سب کے لیے ایک ہی طریقہ کار استعمال کیا جاتا ہے۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ٹوئٹر پر صحافت، کھیل اور سیاست سے وابستہ افراد چھائے ہوئے ہیں، جن کی ایک بڑی تعداد آج کل ویری فائیڈ کا نیلا نشان حاصل کرنے کی کوشش میں تگ و دو کر رہی ہے۔

صحافیوں اور میڈیا سے منسلک افراد کی ایک بڑی تعداد ٹوئٹر پر فعال ہے جس کی بدولت کئی خبریں ٹی وی کی زینت بننے سے بھی پہلے ٹوئٹر کی ٹائم لائن پر آویزاں ہو جاتی ہے۔ یہ ایک وجہ ٹوئٹر کو باقی سوشل میڈیا میں ممتاز کرتی ہے۔

ٹوئٹر ایک ایسے چوراہے کی مانند ہے جہاں مختلف دلچسپیوں اور سرگرمیوں میں مشغول لوگ اپنا اپنا ٹولہ بنائے بیٹھے گپیں لگانے میں مصروف ہیں۔ ان میں کسی ایک کی دی گئی خبر یا چٹکلہ باقیوں میں آگ کی طرح پھیل جاتا ہے اور کبھی کبھی سب اپنے اپنے بحث و مباحثے میں اتنا مصروف ہوتے ہیں کہ دوسرے گروہوں کی خبر تک نہیں لیتے۔ کئی ٹولے تو ایسے ہیں کہ ان کے علاوہ شاید ہی کسی کو معلوم ہو کہ وہ بھی وہاں موجود ہیں۔

سیاسی ٹوئٹر

سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتیں، ہر جماعت کا سوشل میڈیا ونگ ہر وقت ایکٹو ہوتا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے علاوہ عام لوگوں میں بھی سیاست ہی سب سے مقبول موضوع ہے۔ کبھی کبھار پاکستانی ٹوئٹر سیاسی جماعتوں کا اکھاڑا معلوم پڑتا ہے، جہاں آئے روز ہیش ٹیگز کی جنگ چھڑی ہوتی ہے۔

ایسے نت نئے ہیش ٹیگز متعارف کروائے جاتے ہیں کہ پاکستانی ذہنوں کی زرخیزی پر رشک آتا ہے۔ اب نیچے دیے گئے ہیش ٹیگز ہی ملاحظہ کر لیں، جو ٹوئٹر پر ٹرینڈ ہو رہے ہوتے ہیں۔

جتنی ذہنی قوت اور محنت لوگ ان ہیش ٹیگز کو تخلیق کرنے اور ان کی ٹرینڈنگ میں لگاتے ہیں، اتنی کوشش اگر کسی تعمیری کام میں لگائی جائے تو پاکستانی ٹیلنٹ کا ہیش ٹیگ پوری دنیا میں ٹرینڈ کرنے لگے گا۔

#فسادیبنےپھر_اتحادی

#ناعاقبتاندیشنیازی

#نوازچورتلاشی_دو

#سوہنیاسیٹاںودھادے

#ناچتےگاتےفسادپھیلاتے

#بغضنوازکےشکارذہنیبیمار

عمران خان 44 لاکھ 75 ہزار فالوورز کے ساتھ سب سے زیادہ فالو کی جانے والی سیاسی شخصیت ہیں۔ ان کے بعد مریم نواز شریف کا نمبر آتا ہے جنہیں 24 لاکھ 48 لوگ فالو کرتے ہیں، جبکہ تیسرے نمبر پر 23 لاکھ 15 ہزار فالوورز کے ساتھ اسد عمر ہیں۔

کھیل کا ٹوئٹر

جب کرکٹ یا فٹ بال میچ ہو، اس دن پاکستانی ٹوئٹر پر الگ ہی ماحول بنا ہوتا ہے۔ ٹائم لائن جوش و جذبے، نعروں، طعنوں، غصے، گالیوں اور ہنسی مذاق سے سرشار نظر آتی ہے۔ ہر لمحے کے ساتھ براہ راست کمنٹری چل رہی ہوتی ہے، ایکسپرٹ آراء کے ساتھ ساتھ آپ کو عوام کا رد عمل بھی دیکھنے کو مل رہا ہوتا ہے۔

ایک کی ہار کسی دوسرے کی جیت ہوتی ہے، ایسے میں چٹکلے چھوڑنے والے اپنا کام بھرپور انداز میں سر انجام دے کر ٹوئٹر کو مزید رنگین کر رہے ہوتے ہیں۔

ٹوئٹر پر کھیل سے تعلق رکھنے والی سب سے مشہور شخصیت سابق کرکٹر وسیم اکرم ہیں جن کے 24 لاکھ 86 ہزار فالوورز ہیں۔ ان کے بعد 8 لاکھ 88 ہزار فالوورز کے ساتھ کرکٹر شعیب ملک اور پھر 7 لاکھ 15 ہزار فالوورز والے کرکٹر احمد شہزاد ہیں۔

خبروں کا ٹوئٹر

ابتدائی طور پر ٹوئٹر ایک خبروں کا پلیٹ فارم ہی سمجھا جاتا تھا، اسی وجہ سے صحافت اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد یہاں زیادہ فعال نظر آتے ہیں، اور زیادہ فالو بھی کیے جاتے ہیں۔ بیشتر خبریں ایسی ہوتی ہیں جو مین سٹریم میڈیا پر آنے سے کئی دن پہلے ٹوئٹر پر بریک ہوچکی ہوتی ہیں، جس کی ایک بڑی وجہ اظہار رائے کی وہ آزادی ہے جو سوشل میڈیا ہر کسی کو دیے ہوئے ہے۔

صحافی حضرات اس آزادی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں اور آئے دن کچھ نہ کچھ ایسا بریک ہوتا رہتا ہے جو ٹرینڈز کا حصہ بن کر ہر کسی کی نظروں اور پھر ٹویٹس میں جگہ پاتا ہے۔

اس زمرے میں حامد میر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 26 لاکھ 14 ہزار ہے۔ ان کے بعد 25 لاکھ 76 ہزار فالوورز کے ساتھ مبشر لقمان اور پھر 17 لاکھ 97 ہزار فالورز کے ساتھ طلعت حسین ہیں۔

ٹین ایجرز اور نوجوانوں کا ٹوئٹر

اظہارِ محبت سے اظہارِ بھوک تک، نیند نہ آنے کی شکایت سے لے کر پڑھائی کی ٹینشن تک، یہاں سب ہوتا ہے۔ ٹوئٹر ایک روز مرہ کی ڈائری بھی ہے اور دوستیاں نبھانے کا ایک میدان بھی۔ یہ تفریح، اداسی، شکایات، اور دل کھول کر سامنے رکھ دینے والا ٹوئٹر ہوتا ہے۔

ٹرینڈز کا ٹوئٹر

یہاں دن رات یہی سوچا جاتا ہے کہ آج ٹرینڈ کیا کرنا ہے؟

ٹرینڈ دراصل وہ 10 مقبول ترین موضوعات ہوتے ہیں جن پر ایک مخصوص وقت میں سب سے زیادہ بات ہو رہی ہوتی ہے۔

ٹوئٹر شہروں اور ملکوں کے حساب سے ایک فہرست مرتب کرتا ہے جہاں اس وقت میں وہاں کے مقبول موضوعات درج ہوتے ہیں۔ پاکستانی ٹوئٹر پر ایسے بے تحاشا گروپس ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کوئی نہ کوئی دلچسپ موضوع ٹرینڈ کرنے کی تگ و دو میں ہوتے ہیں، اس کے لیے چاہے انہیں ہزاروں ٹویٹس ہی کیوں نہ کرنی پڑ جائیں۔ تو پھر چلو لوگو اپنے کی بورڈ پر انگلیاں جماؤ اور شروع ہوجاؤ۔

فنکاروں اور بلاگرز کے ٹوئٹر

ٹوئٹر پر پاکستانی فنکار اس سطح پر فعال نہیں ہیں جتنا ہونا چاہیے جبکہ فیس بک اور انسٹا گرام فنکاروں میں زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔

ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پاکستانی فنکاروں میں سے علی ظفر ہیں جن کے 9 لاکھ 36 ہزار فالوورز ہیں، اس کے بعد گلوکار عاطف اسلم ہیں جنہیں 6 لاکھ 98 ہزار لوگ فالو کرتے ہیں۔ وینا ملک 5 لاکھ 7 ہزار فالوورز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

بلاگرز جہاں اپنے بلاگز کو ٹوئٹر کے ذریعے پھیلاتے ہیں وہیں وہ مختلف مواقع، مہم اور مسائل پر مائیکرو بلاگنگ کو بھی ترجیح دیتے ہیں۔

اس ٹوئٹر پر آپ کو مختلف برانڈز، ان کی پراڈکٹس اور تقریبات کے بارے میں بھی معلومات ملتی ہے وہیں کئی ملے جلے ریویوز بھی ملتے ہیں۔

پیروڈی ٹوئٹر

ٹوئٹر کا یہ ایک ایسا علاقہ ہے جو جتنا متنازع ہے، اتنا ہی آپ کو ہنسنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ پیروڈی اکاؤنٹس ٹوئٹر کے علاوہ آپ کو کہیں نظر نہیں آئیں گے۔

جاوید میانداد کے مخصوص انداز میں ملکی اور کرکٹ کے حالات پر تنقید ہو یا زبیدہ آپا کے آدھی رات کو دیے جانے والے ٹوٹکے، گیم آف تھرونز کی اردو شکل ہو یا ریحام خان کے اپنے سابقہ شوہر پر طنزیہ جملے، پیروڈی کرنے والوں نے ٹوئٹر پر کسی کو نہیں بخشا اور ہر کسی کے اکاؤنٹس بنا ڈالے۔

ستم ظریفی تو یہ ہے کہ کرکٹر ناصر جمشید کے پیروڈی اکاؤنٹ کو لوگ ان کے اصلی اکاؤنٹ سے زیادہ فالو کرتے ہیں۔

اسی طرح سے خبروں کی پیروڈی کے لیے بھی چند اکاؤنٹس موجود ہیں جو سنجیدہ ترین خبروں کو اس انداز میں پیش کرتے ہیں کہ جہاں ایک شخص ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو جاتا ہے، تو وہیں یہ ٹوئیٹس کئی سماجی رویوں پر سے بھی پردہ اٹھا دیتی ہیں.

احسن سعید

احسن سعید پیشے کے اعتبار سے ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ سے تعلق رکھتے ہیں، جب کام نہیں کرتے تو لکھتے اور سفر کرتے ہیں۔

انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں: aey@.

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024