امریکی صدور صدارت سے قبل کیا کرتے تھے؟
میمونہ رضا نقوی
ریاستہائے متحدہ امریکا کا صدر بننا اور وائٹ ہاؤس تک کا سفر ہمیشہ بہترین نہیں ہوتا، تاریخ میں ایسے کئی امریکی صدور گزرے ہیں جنہوں نے یہاں تک کا سفر بڑی مشکل سے طے کیا اور اپنے کیریئر کا آغاز ایک حیران کن نوکری سے کیا تھا۔
تاریخ میں کئی ایسے امریکی صدور بھی ہیں جن کا کہیں نہ کہیں سے تعلق قانون، سیاست یا فوج سے رہا ہو، لیکن سب کی قسمت ایسی نہیں تھی۔
کچھ نے تو اپنے کیریئر کی شروعات کسی مرغی کی دکان پر، ایک سرکس میں کام کرکے یا کتابیں بیچ کر کی ہیں، اور قسمت نے انہیں ایک دن امریکا کا صدر بنادیا۔
ایسے افراد جو اپنے کیریئر کا آغاز معمولی کام سے کرتے ہیں، ان کے لیے یہ تمام صدور ایک مثال بن گئے، کہ انسان چاہے تو اپنی محنت سے کچھ بھی کرسکتا ہے۔
یہاں درجہ ذیل ایک فہرست ترتیب دی گئی ہے جس میں امریکا کے 10 صدور کی پہلی نوکری کے بارے میں بتایا گیا ہے:
جارج واشنگٹن

امریکا کے پہلے صدر جارج واشنگٹن نے 16 سال کی عمر میں ایک سروئیر ہونے کی حیثیت ورجینیا میں کام کیا، اگلے سال 17 سال کی عمر میں انہیں کلپیپر کاؤنٹی کا سروئیر بنادیا گیا تھا۔
21 سال کی عمر تک جارج واشنگٹن کے پاس ایک ہزار 500 ایکٹر کی زمین موجود تھی۔
واضح رہے کہ جارج واشنگٹن نے منصب صدارت 1789 تا 1797 تک سنبھالے رکھا۔
اینڈریو جیکسن

اینڈریو جیکسن امریکا کے 7ویں صدر تھے، سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق 13 سال کی عمر میں وہ پیشے سے قاصد تھے۔
ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا جنہوں نے 1829 سے 1837 تک صدارت کا کام کیا۔
ابراہام لنکن

ابراہام لنکن امریکا کے 16ویں صدر تھے، جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز امریکی ریاست الینوائے میں ایک جنرل اسٹور میں کلرک کے طور پر کیا۔
سننے میں تو یہ نوکری نہایت معمولی لگتی ہے لیکن اس ہی کی وجہ سے ابراہام لنکن امریکا کے صدر کے عہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
جب اس اسٹور کی مدد سے ابراہام لنکن ریاست کے ہر شخص سے مل سکے تو چھ ماہ بعد ہی انہوں نے الینوائے میں اپنی سیاسی مہم کا آغاز کردیا۔
ہربرٹ ہوور

امریکا کے 31ویں صدر ہربرٹ ہوور اپنے روزگار کے لیے ماہر ارضیات اور کان کنی انجینئر کے طور پر کام کیا، 23 سال کی عمر میں انہیں کان کنی منیجر بنادیا گیا جس کے بعد ان کے ذمہ میں کئی سونے کی کانوں میں کام کرنا آگیا۔
ہربرٹ ہوور کا تعلق ری پبلکن پارٹی سے تھا، جنہوں نے 1929 سے 1933 تک امریکی صدارت سنبھالی۔
فرینکلن ڈی روزویلٹ

25 سال کی عمر میں فرینکلن ڈی روزویلٹ ایک وکیل کی حیثیت سے کام کرتے تھے، جس ادارے میں فرینکلن ڈی روزویلٹ کام کرتے تھے وہ ایک نامور ادارہ تھا، تاہم اس ادارے کا یہ اصول تھا کہ پہلے سال کی تنخواہ نہیں دی جاتی تھی۔
بعدازاں وہ امریکا کے 32ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔
رچرڈ نکسن

امریکا کے 37ویں صدر رچرڈ نکسن 15 سے 16 سال کی عمر میں امریکی ریاست ایریزونا میں مقامی قصائی کی دکان پر مرغی کے پر اتارنے کا کام کرتے تھے۔
اس کے بعد انہوں نے ایک میلے میں بھی کام کیا۔
انہوں نے منصب صدارت 1969 سے 1974 تک سنبھالی۔
رونالڈ ریگن

امریکا کے 40ویں صدر رونالڈ ریگن 14 سال کی عمر میں ایک سرکس میں کام کرتے تھے، جنہیں ہر ایک گھنٹے کام کرنے پر ایک ڈالر کے چھوتائی حصے یعنی 25 سینٹس ملتے تھے۔
اس کے ایک سال بعد انہوں نے امریکی ریاست الینوائے میں ایک لائف گارڈ کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔
1981 میں 69 سال کی عمر میں انہوں نے منصب صدارت سنبھالی۔
بل کلنٹن

13 سال کی عمر میں بل کلنٹن نے امریکی ریاست ارکنساس میں ایک دکاندار کے طور پر کام کا آغاز کیا، جس کے بعد انہوں نے اس دکان کے مالک سے اجازت لے کر یہاں کتابیں بیچنا بھی شروع کردی۔
1993 میں بل کلٹن کو امریکا کا 42ویں صدر بنایا گیا، جنہوں نے 1993 سے 2001 تک صدارت سنبھالی۔
جارج ڈبلیو بش

ہارورڈ یونیورسٹی سے ایم بی اے کرنے کے بعد جارج واکر بش نے ایک آئل کمپنی میں لینڈ مین کی حیثیت سے موجود تھے، جہاں وہ تیل کی پیداوار کے لیے موزوں ترین مقامات کی نشاندہی کا کام کرتے تھے۔
جارج ڈبلیو بش امریکا کے 43 صدر منتخب ہوئے تھے، جنہوں نے 2001 سے 2009 تک منصب صدارت سنبھالی۔
براک اوباما

براک اوباما کا نیویارک میگزین کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ باسکن روبنز نامی آئس کریم شاپ پر آئس کریم دینے کا کام کرتے تھے، تاہم یہ کام جنتا آسان لگتا ہے، اتنا تھا نہیں، اور متعدد بار ان کے ہاتھ میں اس سے درد ہوجاتا تھا۔
براک اوباما امریکا کے 44ویں صدر ہیں، جنہوں نے 2009 سے اب تک اس عہدے کو سنبھال رکھا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں