فرحان اختر کا ایم این ایس کا مطالبہ پورا نہ کرنے کا اعلان
کرن جوہر کی فلم 'اے دل ہے مشکل' رواں ہفتے ریلیز کی گئی جس کے لیے بولی وڈ کے معروف ڈائریکٹر نے مہاراشٹرا نونرمن سینا کو مطمئن کرنے کے لیے آرمی ویلفیئر فنڈ کو 5 کروڑ انڈین روپے ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی جس کی وجہ فلم کی کاسٹ میں پاکستانی اداکار فواد خان کی موجودگی ہے۔
مگر ان کے ساتھی فلمساز فرحان اختر جن کی زیرتکمیل فلم 'رئیس' میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کام کررہی ہیں، نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ کرن جوہر ایم این ایس کے دباﺅ کے سامنے جھک گئے۔
رپورٹس کے مطابق فرحان اختر کا کہنا تھا ' فوج کو 5 کروڑ روپے دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلمی صنعت کے بیشتر افراد قانون کے مطابق ٹیکس ادا کرتے ہیں اور ان کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
فرحان اختر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایم این ایس کے فلمی ونگ کے صدر امیہ کھوپکر نے کہا ' فلم کی ریلیز نزدیک آنے دو پھر دیکھ لیںگے'۔
اس سے قبل ایک بیان میں فرحان اختر نے کہا کہ تھا کہ کرن جوہر کا فوج کو 'عطیہ' ایک بری نظیر قائم کرے گا کیونکہ فلموںکی ریلیز کی مزاحمت حکومت کی بجائے ان افراد کی جانب سے کی جارہی ہے جو تشدد کی دھمکیاں دیتے ہیں۔