• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مسلم لیگ کی حکومت مدت پوری کرے گی، وزیراعظم

شائع October 29, 2016
وزیر اعظم نواز شریف نے ایک روز قبل بھی جلسے سے خطاب کیا تھا — فوٹو:  ڈان نیوز
وزیر اعظم نواز شریف نے ایک روز قبل بھی جلسے سے خطاب کیا تھا — فوٹو: ڈان نیوز

قصور : وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ کی موجودہ حکومت مدت پوری کرے گی، آئندہ پانچ سال بھی مسلم لیگ کی حکومت بنے گی۔

پنجاب کے ضلع قصور کے میں پھول نگر (بھائی پیرو) میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مخالفین کو مسلم لیگ کی طرح کا جلسہ منعقد کرنے کے لیے 2 ماہ لگ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین نے کبھی جیل نہیں دیکھی، ہم نے جیل کاٹی ہے، کسی چیز سے مرعوب اور خوفزدہ ہونے والے نہیں۔

تحریک انصاف کا نام لیے بغیر وزیر اعظم نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات میں عوام نے ان کو مسترد کر دیا تھا، اب وہ عوام سے اس کا بدلہ لے رہے ہیں، لیکن 2018 کے انتخابات میں بھی عوام ان کو مسترد کر دیں گے۔

انہوں نے ایک بار پھر 2018 میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ صرف ختم ہی نہیں ہو گی بلکہ بجلی سستی بھی ہوگی، نوازشریف جو اعلان کرتا ہے اس پر عمل بھی کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کی فراہمی کے منصوبے تیزی سے لگ رہے ہیں، جنرل پرویز مشرف نے کیوں یہ منصوبے نہیں لگائے، پچھلی حکومت نے کوئی منصوبہ نہیں لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ 1999 میں موٹر وے لاہور تک آ گئی تھی، تو ہماری حکومت ختم کر دی گئی، ہماری حکومت کیوں ختم کی گئی، موٹر وے اسی جگہ رک گئی تھی، لیکن اب اس کو آگے لے کر جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کاخاتمہ کیا ہے، اب دہشت گردی ختم ہونے کے قریب ہے، پاکستان پر امن ہوتا جا رہا ہے، اور دنیا اس بات کو تسلیم کر رہی ہے۔

نواز شریف نے چین کے تعاون سے بننے والے منصوبوں اور سی پیک کا بھی ذکر کرتے ہوئے پڑوسی ملک کی تعریف کی، انہوں نے پھول نگر کے لیے گیس کے منصوبوں کے لیے 50 کروڑ روپے جبکہ آب پاشی کے منصوبوں کے لیے 30 کروڑ روپے کا اعلان کیا، بعد ازاں وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کے حلقہ 142 میں گیس کی فراہمی کے لیے 100 کروڑ روپے جبکہ دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے 100 کروڑ روپے کا اعلان کیا، پھول نگر کو موٹر وے سے جوڑنے کے لیے ہائی وے اور تحصیل میں ٹیکنیکل کالج بنانے کا بھی اعلان کیا۔

تحریک انصاف کا نام لیے بغیر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین اس ترقی کے سفر کو رکنا چاہتے ہیں، لیکن ان کا سیاسی سفر چند دن میں ختم ہو جائے گا۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف نے اپنے حامی جماعتوں کے ہمراہ احتجاجی تحریک شروع کی ہوئی ہے، جس میں وہ پاناما لیکس میں سامنے آنےوالی معلومات پر تحقیقات کا مطالبہ کر رہی ہے جبکہ 2 نومبر کو اس حوالے سے اسلام آباد بند کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔

وزیر اعظم کا کوہاٹ میں خطاب : خیبرپختونخوا میں تبدیلی ہم لے کر آئیں گے

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی نواز شریف نے خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کیا تھا، جس میں تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024