• KHI: Asr 4:25pm Maghrib 6:02pm
  • LHR: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm
  • ISB: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm
  • KHI: Asr 4:25pm Maghrib 6:02pm
  • LHR: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm
  • ISB: Asr 3:41pm Maghrib 5:19pm

عمر کوٹ: پولیو رضاکار فائرنگ سے شدید زخمی

شائع October 24, 2016

عمرکوٹ: پولیو کے عالمی دن کے موقع پر صوبہ سندھ کے ضلع عمرکوٹ میں ایک پولیو رضاکار کو گولیاں ماردی گئیں۔

پتھورو پولیس کے مطابق مرزا برج تعلقہ پتھورو کے قریب مرزا محمد حسن کا رہائشی گل محمد مرزا اپنی ٹیم کے ارکان کے ہمراہ ڈیوٹی سرانجام دینے کے لیے جارہا تھا کہ آریسر بس اسٹاپ کے قریب موٹرسائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔

گل محمد مرزا کو سینے پر 2 گولیاں لگیں جنھیں فوری طور پر تعلقہ ہسپتال پتھورو منتقل کردیا گیا، بعدازاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انھیں حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

گل محمد مرزا محکمہ صحت کا ملازم اور تعلقہ ہسپتال پتھورو میں بحیثیت وارڈ بوائے تعینات تھا۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں پولیو جہاد کے 'شہداء' کی داستان

ایس ایچ او پتھورو عزیز سنہڑو نے ڈان کو بتایا کہ ملزمان کو پولیو ٹیم نے شناخت کرلیا ہے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عمر کوٹ عثمان اعجاز باجوہ نے بتایا کہ واقعہ دل اور مرزا خاندان کے درمیان ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے اور دونوں خاندان اس سے قبل ایک دوسرے کے خلاف مقدمات بھی درج کرواچکے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس ملزمان کو تلاش کر رکھی ہے اور وہ جلد ہی جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

دوسری جانب تعلقہ کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کرشنا نے بتایا کہ واقعے کے باوجود پولیو مہم معمول کے مطابق جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انسدادِ پولیو، پاکستان میں ایک خطرناک مہم

واضح رہے کہ ملک بھر میں پولیو مہم کا آغاز آج سے ہوگیا ہے، جس کے دوران پانچ سال کی عمر تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائے جائیں گے۔

پاکستان کا شمار دنیا کے ان تین ممالک میں ہوتا ہے، جہاں پولیو وائرس پایا جاتا ہے،اس کے علاوہ نائیجیریا اور افغانستان میں بھی یہ پولیو پایا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025