ماورا حسین، علی ظفر کی بڑی مداح
ویسے تو ہم سب ہی جانتے ہیں کہ پاکستانی اداکارہ ماورا حسین بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کی بہت بڑی مداح ہیں اور متعدد مرتبہ وہ ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کرچکی ہیں لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ ماورا کی پسند کافی تبدیل ہوچکی ہے۔
اسپیشل براڈکاسٹنگ سروس (ایس بی ایس) کے ساتھ ایک ریڈیو انٹرویو کے دوران ماورا حسین نے اس بات کا انکشاف کیا کہ پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر کے ساتھ کام کرنا ان کا خواب ہے۔
ماورا کے مطابق ’مجھے امید ہے کہ میں علی ظفر کے ساتھ جلد کام کروں، وہ بہت اچھے انسان اور ایک بہترین پرفارمر ہیں، میں انہیں بہت اچھی طرح جانتی ہوں، انہوں نے لکس اسٹائل ایوارڈ میں پہلی پرفارمنس کی تھی اور مجھے وہ بہترین لگی‘۔
لیکن علی ظفر وہ واحد آرٹسٹ نہیں جن کے ساتھ ماورا کام کرنے کی خواہشمند ہیں، ان کے مطابق وہ اپنی بہن عروہ حسین کے ساتھ بھی کام کرنا چاہتی ہیں اور وہ دونوں ایسے اسکرپٹس دیکھ رہی ہیں جن میں اکھٹے کام کیا جاسکے۔
مزید پڑھیں: ماورا حسین، رنبیر کپور کی حقیقی پرستار
اس حوالے سے ماورا کا کہنا تھا کہ ’ہم ایسے اسکرپٹس پڑھ رہے ہیں جن میں بہنوں پر مبنی ایسی کہانیاں نہ پیش کی جائیں جو منفی کرداروں کی عکاسی کریں‘۔
ماورا حسین کے مطابق وہ اپنی بہن عروہ حسین کے حال ہی میں ریلیز کامیاب ڈرامے ’اڈاری‘ کی طرح کے ایک ڈرامے ’سمیع‘ میں کام کررہی ہیں جس میں بچوں کے ساتھ تشدد کے مسائل کو پیش کیا جائے گا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے حوالے سے ماورا حسین کا کہنا تھا کہ ’ہمارے سینما کے تمام اداکار ایک ساتھ کھڑے ہیں اور یہ بات طے ہے کہ ہم کسی اور انڈسٹری پر انحصار نہیں کرتے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے نہیں لگتا کہ ہم کسی اور پر انحصار کرتے ہیں، مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہمارے ملک میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں، ہمارے ڈراموں کو دنیا بھر میں بہترین مانا جاتا ہے، اگر ہم دوسرے ممالک کی فلمیں اور ڈرامے دیکھتے ہیں تو ان کی صرف یہی وجہ ہے کہ ہم دیکھنا چاہتے ہیں‘۔
ماورا حسین نے اپنی آنے والی فلموں کے حوالے سے تو کچھ نہیں بتایا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کا نیا کردار کافی منفرد ہوگا جس میں رونا دھونا نہیں ہوگا۔