حقیقت سے قریب جنگلی جانوروں کے فن پارے
اگر آپ وائلڈ لائف سے متعلق ان تصویروں میں چھپے راز کو پہچاننے میں کامیاب نہیں ہوئے تو ہم آپ کو بتاتے ہیں حقیقت سے انتہائی قریب یہ تصاویر دراصل مصور لیون فاؤچے کے فن پارے ہیں۔
دیکھنے میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان جانوروں کو کسی انتہائی اعلیٰ معیار کے کیمرے سے عکس بند کیا گیا ہے تاہم حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔
مصور لیون فاؤچے نے اپنے ہاتھوں سے ان پینٹنگز کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔
لیون خود ایک فوٹو گرافر بھی ہیں جو جنگلی حیات میں دلچسپی رکھتے ہیں اور دنیا کے خطرناک ترین جنگلوں میں جاکر جانوروں کی کئی شہرہ آفاق تصویریں بناچکے ہیں۔
لیون نہ صرف ایک اچھے فوٹو گرافر ہیں بلکہ بہترین مصور بھی ہیں جو اپنی کھینچی ہوئی بہترین تصاویر میں سے ایک کا انتخاب کرتے ہیں اور پھر اسے پینٹنگ میں تبدیل کردیتے ہیں۔
لیون اتنی باریکی سے پینٹنگ بناتے ہیں کہ دیکھنے والے کو یہ گمان ہی نہیں ہوتا کہ وہ ایک فوٹو گراف نہیں بلکہ پینٹنگ دیکھ رہا ہے۔
کیٹرز نیوز کی رپورٹ کے مطابق 30 سالہ لیون کہتے ہیں کہ ’یہ تصاویر میرا کیریئر ہیں اور میں پینٹنگ بنانے کے لیے اپنی ہی کسی تصویر کا انتخاب کرتا ہوں‘۔
لیون نے بتایا کہ انہوں نے کبھی بھی فن مصوری کی تعلیم حاصل نہیں کی بلکہ یہ ہنر ان میں پیدائشی طور پر موجود تھا کیوں کہ ان کی والدہ کو بھی جنگی حیات میں دلچسپی تھی اور ان ہی کہ وجہ سے انہوں نے اس شعبے میں قدم رکھا۔
لیون کہتے ہیں کہ ذاتی طور پر انہیں چیتے کی تصویر بنانا سب سے زیادہ پسند ہے تاہم ہر تصویر میں وہ ایک جیسی محنت ہی کرتے ہیں اور ہر بار پہلے سے بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
تبصرے (3) بند ہیں