• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

روسی ہیلی کاپٹر سائبیریا میں گر کر تباہ، 19 افراد ہلاک

شائع October 22, 2016
وزارت ہنگامی امور کی جانب سے جاری کی گئی تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی ایک تصویر—۔فوٹو/ اے ایف پی
وزارت ہنگامی امور کی جانب سے جاری کی گئی تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی ایک تصویر—۔فوٹو/ اے ایف پی

ماسکو: روس کا ایک ہیلی کاپٹر سائبیریا کے شمال مغرب میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس کی انویسٹی گیشن کمیٹی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر جمعہ 21 اکتوبر کی رات نووی یورینگوئے شہر کے باہر گر کر تباہ ہوگیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں 22 افراد سوار تھے جن میں سے 19 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

تفتیش کاروں کے مطابق ہیلی کاپٹر سائبیریا کے علاقے کراسنویارسک سے یورینگوئے کی طرف جارہا تھا کہ اسے حادثہ پیش آیا۔

وزارت ہنگامی امور کے مطابق واقعے کے فوری بعد ہی ریسکیو اہلکاروں کو جائے وقوع کی جانب روانہ کردیا گیا، جنھوں نے ہیلی کاپٹر کے ملبے سے 3 افراد کو زندہ نکال لیا۔

تفتیش کاروں کے مطابق ان افراد کو نووی یورینگوئے کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

تاہم وزارت ہنگامی امور کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے حادثے کے مقام کے تعین اور ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفتیش کاروں کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ فلائٹ سیفٹی کے قواعد کی خلاف ورزی، کوئی مکینیکل خرابی یا شدید موسم ہوسکتا ہے۔

مزید کہا گیا کہ ممکنہ خلاف ورزیوں کی تفتیش کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسی طرح کا ایک ہیلی کاپٹر گذشتہ برس بھی سائبیریا کے مغربی قصبے اگارکا میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024