• KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am

پنجاب: پولیو ورکرز کو بچوں کی تصاویر لینے کی ہدایات

شائع October 19, 2016

لاہور: پنجاب کے محکمہ صحت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ رضاکاروں کو صوبے میں پولیو کے قطرے پینے والے بچوں کی تصاویر لینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق پولیو ورکرز کو اس مقصد کے لیے اینڈرائیڈ فونز دیئے جائیں گے تاکہ وہ پولیو کے قطرے پینے والے بچوں کی تصاویر لیں، جنھیں پھر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو بھیجا جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد پولیو کے قطرے پینے والے بچوں کا ریکارڈ رکھنا ہے جبکہ اس کی مدد سے اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ پولیو رضاکار اپنی ڈیوٹی درست انداز میں سرانجام دے رہے ہیں یا نہیں۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب رواں ماہ 24 اکتوبر سے پنجاب میں 3 روزہ پولیو مہم کا آغاز ہونے جارہا ہے۔

پولیو ٹیمیں لاہور سمیت صوبے کے 7 اضلاع کا دورہ کرکے وہاں 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو قطرے پلائیں گی۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں پولیو جہاد کے 'شہداء' کی داستان

اس مقصد کے لیے صرف لاہور کے لیے 4 ہزار 5 سو کے قریب ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

پولیو مہم کے سلسلے میں مالی امداد ڈونر ایجنسیوں یونیسیف، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور بل گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے کی جائے گی۔

دوسری جانب ہر یونین کونسل میں پولیو ٹیم کی نگرانی متعلقہ یونین کونسل کے میڈیکل آفیسر کریں گے۔

پاکستان میں انسدادِ پولیو کے سلسلے میں مشکلات

پاکستان کا شمار دنیا کے ان تین ممالک میں ہوتا ہے، جہاں پولیو وائرس پایا جاتا ہے،اس کے علاوہ نائیجیریا اور افغانستان میں بھی یہ پولیو پایا جاتا ہے۔

ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث جون 2014 میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کے لیے پولیو ویکسین کو لازمی قرار دیا تھا۔

لیکن المیہ یہ ہے کہ کچھ پاکستانی والدین پولیو ویکسین کو حرام قرار دے کر اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے گریز کرتے ہیں۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے بھی ملک میں خصوصاً قبائلی علاقوں میں انسدادِ پولیو مہم میں حصہ لینے والے رضاکاروں کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انسدادِ پولیو، پاکستان میں ایک خطرناک مہم

عسکریت پسند پولیو ٹیموں کے اہلکاروں کو امریکی جاسوس قرار دیتے ہیں جبکہ اس کو مسلم بچوں کو بانجھ بنانے کی سازش بھی سمجھا جاتا ہے۔

طالبان کا مؤقف ہے کہ پولیو مہم اسلامی نظام کے خلاف ہے، لہٰذا جو بھی اس مہم کا حصہ بنے گا، اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

یہی وجہ ہے کہ اب تک متعدد پولیو رضاکار اس بیماری کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 اپریل 2025
کارٹون : 27 اپریل 2025