• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

’عمران خان 30 اکتوبر کو اسلام آباد میں نہیں ہوں گے‘

شائع October 16, 2016
مسلم لیگ (ن) نے مردان میں جلسہ منعقد کیا تھا — فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ (ن) نے مردان میں جلسہ منعقد کیا تھا — فوٹو: ڈان نیوز

مردان : وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان 30اکتوبر کو اسلام آباد میں نہیں کہیں اور نظر آئیں گے، سازش سے حکومت کا تختہ الٹنے والے عوام کے ہمدرد نہیں ہوسکتے۔

مردان میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ امن کی ضرورت سب سے زیادہ پاکستان کو ہے جبکہ وزیر اعظم نواز شریف کا ایجنڈا بھی امن اور روشنی دینا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے 30 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قوم نے عمران خان کا رائے ونڈ مارچ کو ناکام بنایا، وعدہ کرتا ہوں کہ وہ 30 اکتوبر کو بھی نظر نہیں آئیں گے، وہ ہوں گے کہاں؟ یہ بعد میں بتاؤں گا۔

عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم سے استعفے لینے کے مطالبہ پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ یلغار کی سیاست نہیں کرتی، دہشت گردی کا خاتمہ اور ترقی کا سفر نواز شریف نے شروع کیا، یہ نہیں ہوسکتا کہ عوام تکلیف میں ہوں اور وزیراعظم چین سے سوئیں۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ 2018 کے انتخابات میں شیر پر مہر لگا کر مخالفین سے بدلہ لیں گے، وزیراعظم نے قوم کی خدمت کےلیے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کے حوالے سے انہوں نے جلسےکے شرکاء کو بتایا کہ ہم نے عمران خان کی جماعت کو خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کا موقع دیا، مسلم لیگ (ن) آج بھی خیبرپختونخوا میں اپنی اکثریت ثابت کرسکتی ہے،لیکن ہم نے پی ٹی آئی کو موقع دیا کہ خیبر پختونخوا سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔

صوبے میں تحریک انصاف کی جانب سے ایک ارب درخت لگانے کی مہم پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف درخت لگائے، مسلم لیگ ن کے کارکن ان درختوں کو پانی دیں گے، مردان سے اٹک تک کوئی ایک درخت دکھا دیا جائے، درختوں کے نام پر اربوں روپے ہڑپ کرلیے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024