• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 ختم کرنے کا اعلان

شائع October 11, 2016
گلیکسی نوٹ 7— رائٹرز فوٹو
گلیکسی نوٹ 7— رائٹرز فوٹو

سام سنگ نے باضابطہ طور پر اپنے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ سیون کو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے تاکہ کئی ماہ سے اس ڈیوائس کی خطرناک بیٹریوں سے پیدا ہونے والے بحران سے خود کو باہر نکال سکے۔

سام سنگ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق صارفین کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے لہذا ہم نے گلیکسی نوٹ سیون کی پروڈکشن اور فروخت کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اعلان سے قبل گزشتہ روز یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ جنوبی کورین کمپنی نے تمام گلیکسی نوٹ سیون ڈیوائسز کو واپس طلب کرلیا ہے جن میں ریپلیسمنٹ فونز بھی شامل ہیں۔

یہ فیصلہ پانچ محفوظ قرار دے کر دوبارہ پیش کیے جانے والے فونز کے پھٹنے کے واقعات کے پیش نظر کیا گیا۔

بیٹریاں پھٹنے کے واقعات سے قبل ماہرین نے اسے موجودہ دور کا سب سے بہترین اسمارٹ فون قرار دیا تھا جبکہ دنیا بھر میں اس کے لاکھوں سیٹس فروخت ہوئے تھے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس فون کی واپس طلبی اور پروڈکشن روکنے کے نتیجے میں سام سنگ کو 17 ارب ڈالرز (لگ بھگ 18 کھرب کے قریب پاکستانی روپوں) کے نقصان کا سامنا ہوگا۔

دوسری جانب سام سنگ نے نوٹ سیون کے تجربے کے پیش نظر اگلے سال کے شروع میں ممکنہ طور پر متعارف کرائے جانے والے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 8 میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔

کورین نیوز سائٹ ای ٹی نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ سام سنگ گلیکسی ایس 8 کی تیاری کے حوالے سے بہت زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کرہی ہے تاکہ نوٹ سیون تجربے کا دوبارہ سامنا نہ کرنا پڑے۔

اسی طرح اس نئے فون میں کئی نئے فیچرز کو صارفین کے لیے پیش کیا جارہا ہے جن میں نیا ہوم بٹن، ڈوئل لینس کیمرہ، نیا سنیپ ڈراگون 830 پراسیسر وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

پہلے خیال کیا جارہا تھا کہ نوٹ سیون کے بحران کے پیش نظر ایس 8 کو جلد متعارف کرایا جاسکتا ہے تاہم اب کمپنی نے اس ارادے کو تبدیل کرلیا ہے۔

اب یہ فون ممکنہ طور پر اگلے سال موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر متعارف کرایا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024