• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
شائع October 11, 2016

رنگین کھلونے بنانے والوں کی بے رنگ زندگی

اختر حفیظ

سندھی زبان کے عظیم شاعر شیخ ایاز نے لکھا ہے کہ "اگر پھولوں کو پیٹ ہوتا تو وہ بھی پیشہ (کاروبار) کرتے۔" مطلب کہ اس فانی جہان میں تمام نفوس کو فنا ہونے سے پہلے ہر روز رزق کی تگ و دو کرنی پڑتی ہے، ورنہ زندگی کے عوض ملی سانسیں ریزہ ریزہ ہونے لگتی ہیں۔

محرم الحرام کا مہینہ تمام عالم کو کربلا کے واقعے کی یاد دلاتا ہے اور غمِ حسین‏‏ میں ڈوبے وجود آج بھی جب کربلا کا تصور کرتے ہیں تو آنکھیں آبدیدہ ہو جاتی ہیں۔

جہاں اس ماہ میں ہمیں مجالس، جلوس، تعزیے، اور ماتم کرتے لوگ دکھائی دیتے ہیں، وہاں حیدرآباد میں ایک بستی ایسی بھی ہے جہاں آباد کولہی قبیلے کے لوگوں کے لیے روزِ عاشور روزگار کے دروازے کھول دیتا ہے۔

حیدرآباد میں واقع کولہی قبیلے کی بستی — تصویر اختر حفیظ
حیدرآباد میں واقع کولہی قبیلے کی بستی — تصویر اختر حفیظ

یہ قصہ ہے ان جوان اور بوڑھے ہاتھوں کا، ان کے سسکتے اور بلکتے بچوں کا، جو کئی دہائیوں سے آج تک نو اور دس محرم کو بچوں کے کھلونے اور دیگر اشیاء بناتے ہیں۔ حیدرآباد میں رانی باغ کے قریب واقع پیون کالونی میں موجود ان ٹوٹے پھوٹے مکانوں میں کئی عورتیں اور مرد محرم الحرام میں یہ اشیاء بناتے ہیں اور محرم الحرام کے ایام میں بازار میں فروخت کرنے نکل پڑتے ہیں۔

حیدرآباد شہر محرم الحرام کے کلچر کے حوالے سے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ جہاں اس شہر میں مسلمان آبادی کے عَلم ہیں، وہاں ہندو اور عیسائی لوگوں کے نام سے منسوب عَلم بھی نصب ہیں۔ حیدرآباد کا یہ کلچر مذہبی رواداری کا ایک عمدہ مثال پیش کرتا ہے۔

ویسے تو یہ تمام لوگ حیدرآباد شہر میں سبزی فروش ہیں مگر امام حسین سے ایک خاص عقیدت کی وجہ سے وہ خود کو ان دنوں ایسا مصروف رکھتے ہیں کہ سبزی بیچنے کا کام تھم جاتا ہے۔

بستی میں ایک خاتون رنگین کاغذ سے پنکھے بنانے میں مصروف ہیں — تصویر اختر حفیظ
بستی میں ایک خاتون رنگین کاغذ سے پنکھے بنانے میں مصروف ہیں — تصویر اختر حفیظ

پنکھے بنائے جانے کے لیے تیار رنگین کاغذ — تصویر اختر حفیظ
پنکھے بنائے جانے کے لیے تیار رنگین کاغذ — تصویر اختر حفیظ

بستی میں مختلف اشیاء کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے — تصویر اختر حفیظ
بستی میں مختلف اشیاء کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے — تصویر اختر حفیظ

ایک گنجان آبادی اور تنگ گلیوں والی اس کالونی میں واقع کولہی قبیلے کے زیادہ تر لوگوں کے گھروں کی چھتیں سرکنڈوں سے بنی ہوئی ہیں، جبکہ دیواروں کی اینٹیں اکھڑ رہی ہیں۔

میں وہاں موجود ایک خاتون کے قریب بیٹھ گیا جو اس وقت رنگیں کاغذ کے پنکھے بنانے میں مصروف تھیں۔ اس کے ہاتھ اس رنگین کاغذ کو مسلسل اس طرح موڑ رہے تھے کہ تھوڑی ہی دیر میں ایک خوبصورت سا پنکھا بن جاتا۔

"آپ اسے کتنے میں بیچتی ہیں اور ان اشیاء کی تیاری کب سے جاری ہے؟" میں نے دریافت کیا۔

"کافی دن ہو گئے ہیں بھائی، اب تھوڑے دن جا کر بچے ہیں، سامان تیار ہونے کے بعد یہاں سے شہر روانہ کر دیا جائے گا، مگر معلوم نہیں کہ اس بار پولیس والے ہمیں یہ سامان بیچنے بھی دیں گے یا نہیں۔"

بستی میں تیار ہونے والے رنگین پنکھے — تصویر اختر حفیظ
بستی میں تیار ہونے والے رنگین پنکھے — تصویر اختر حفیظ

مختلف اشیاء اور کھلونوں پر رنگین پروں کا بھی استعمال کیا جاتا ہے — تصویر اختر حفیظ
مختلف اشیاء اور کھلونوں پر رنگین پروں کا بھی استعمال کیا جاتا ہے — تصویر اختر حفیظ

پچھلے برس ہم نے سامان تیار کیا اور فروخت کرنے لے جانے لگے تھے کہ انہوں نے ہمارے ریڑھے روک لیے تھے اور سارا خرچا گلے پڑ گیا تھا،" وہ پنکھا بناتے ہوئے بنا نظریں اٹھائے بڑبڑاتی رہیں۔ میں نے ان کے لہجے میں تلخی محسوس کر لی تھی۔

پچھلے برس دہشتگردی کے خدشات کے باعث ان مزدوروں کو شہر میں داخل نہیں ہونے دیا گیا تھا جس کی وجہ سے انہیں خالی ہاتھ ہی لوٹنا پڑا۔

میرے پاس اس عورت کے سوال کا جواب تو نہیں تھا مگر وہ خاتون بنا کسی وقفے کے پنکھے بناتی رہیں۔ ان کے مطابق ہر سال تیار کیے گئے سامان میں سے اتنی اجرت مل جاتی ہے کہ زندگی گزارنے کے لیے تھوڑی بہت آسانیاں ضرور پیدا ہو جاتی ہیں۔

محرم کے مہینے میں بستی کا ہر کمرا چھوٹے سے کارخانے کی صورت اختیار کر لیتا ہے، کہیں چھوٹے ڈھول بن رہے ہوتے ہیں، کہیں لکڑی کی تلواروں کی سجاوٹ جاری ہوتی ہے، کہیں رنگین طوطے بنائے جا رہے ہوتے ہیں تو کہیں پر کلہاڑیاں بن رہی ہوتی ہیں۔

ایک کاریگر ڈھول بنانے میں مصروف ہے — تصویر اختر حفیظ
ایک کاریگر ڈھول بنانے میں مصروف ہے — تصویر اختر حفیظ

ایک کاریگر چھوٹے ڈھول بنانے میں مصروف ہے — تصویر اختر حفیظ
ایک کاریگر چھوٹے ڈھول بنانے میں مصروف ہے — تصویر اختر حفیظ

بچوں کو بہلانے کے لیے بنائے گئے طوطے — تصویر اختر حفیظ
بچوں کو بہلانے کے لیے بنائے گئے طوطے — تصویر اختر حفیظ

ان اشیاء کی تیاری میں زیادہ تر رنگ برنگی کاغذوں، پلاسٹک کی شیٹوں اور سجاوٹ کے دیگر سامان کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ان تمام اشیاء میں مہنگی سے مہنگی چیز ڈھول ہوتا ہے جو دو سو روپے تک فروخت کیا جاتا ہے جبکہ سب سے سستی چیز چھوٹی ڈگڈگی ہے جو بیس روپے میں فروخت ہوتی ہے۔ گوند، گتا، کاغذ، لکڑیاں، رنگین پنکھ اور دیگر سامان سے یہ کھلونے تیار کیے جاتے ہیں.

بستی میں موجود فقیرو گزشتہ کئی برسوں سے کاغذ اور گتے کے گھر بناتا آ رہا ہے۔ اس کے اپنے گھر کی چھت کی بات کریں تو کوئی بھروسہ نہیں ہے کہ کب بارش کے زور پر زمین بوس ہوجائے مگر اسی کمزور چھت کے تلے کاغذی در و دیوار سے بنے رنگین اور خوبصورت گھر تعمیر کرتا ہے۔

فقیرو کاغذ اور گتے کی مدد سے گھر بنانے میں مصروف ہے — تصویر اختر حفیظ
فقیرو کاغذ اور گتے کی مدد سے گھر بنانے میں مصروف ہے — تصویر اختر حفیظ

کاغذ اور گتوں سے بنے گھروندے — تصویر اختر حفیظ
کاغذ اور گتوں سے بنے گھروندے — تصویر اختر حفیظ

ان اشیاء میں سب سے سستی چیز ڈگڈگی ہوتی ہے — تصویر اختر حفیظ
ان اشیاء میں سب سے سستی چیز ڈگڈگی ہوتی ہے — تصویر اختر حفیظ

کاغذ اور گتوں سے چھوٹے گھروندے بنانے کا ہنر وہ بخوبی جانتا ہے۔ ہنر اور اپنی محنت کی مدد سے اس وقت تک وہ کئی گھر بنا چکا ہے جو ریڑھے پر جانے کے لیے تیار ہیں۔

میں نے فقیرو سے کہا، "آپ کے ہاتھ میں بڑی صفائی ہے، بہت خوبصورت گھر بنائے ہیں آپ نے."

فقیرو کہتا ہے کہ "ہاں صاحب بس کیا کریں، محرم کے دنوں میں اس طرح کچھ روزگار کا جگاڑ ہو جاتا ہے، چند پیسے مل جاتے ہیں مگر بہت محنت کرنی پڑتی ہے، ان گھروں کو بنانے کا سامان بھی مہنگا ملتا ہے۔ میں باقی لوگوں کی طرح سبزی بیچتا ہوں مگر ان دنوں میں ایسے کاغذی گھروں کی تیاری میں لگ جاتا ہوں۔"

"آپ کو اس کے کتنا پیسے مل جاتے ہیں؟"

اس نے لاچاری سے کہا، "بس شکر ہے جی، ایک گھر سو روپے تک بک جاتا ہے، اگر اس بار پولیس والوں نے نہ روکا تو امید ہے کہ میرا سارا سامان فروخت ہو جائے گا اور اگر روکا تو یہ سارا خرچہ جو میں نے کیا ہے ضایع ہو جائے گا."

اس پر غربت کے سائے عیاں تھے، جس کی گواہی اس کی کٹیا کی وہ دیواریں بھی دے رہی تھیں، جن میں جگہ جگہ دراڑیں پڑ چکی ہیں۔

ان تمام اشیاء کے خریدار بچے ہوتے ہیں جو نو اور دس محرم کو ان کھلونوں سے لُطف اندوز ہوتے ہیں۔ یہ ان مزدوروں کے محنت کش ہاتھ ہی ہیں جو دیگر بچوں کو چند لمحات کی خوشیاں فراہم کرتے ہیں، مگر ستم ظریفی دیکھیے کہ ان کے اپنے بچے جیسے تیسے زندہ رہنے کی جدوجہد میں رہتے اور اسکول کی دہلیز تو بہت دور کی بات ہے، وہ انہی گھروں کے تنگ کمروں اور چھوٹے آنگنوں میں اپنا وقت گزارتے نظر آتے ہیں۔

بستی میں موجود ایک چھوٹی بچی — تصویر اختر حفیظ
بستی میں موجود ایک چھوٹی بچی — تصویر اختر حفیظ

بستی میں موجود مسکراتے بچے جنہیں تعلیم بھی مہیا نہیں — تصویر اختر حفیظ
بستی میں موجود مسکراتے بچے جنہیں تعلیم بھی مہیا نہیں — تصویر اختر حفیظ

میں بستی کے جس گھر بھی گیا وہاں ہر کسی کے لب پہ یہی شکایت تھی کہ گزارا نہیں ہوتا، غربت نے مار ڈالا ہے۔ انہیں اس بات کا بھی ڈر لگا رہتا ہے کہ ان کے بنائے ہوئے سامان کے خریدار تو بہت ہیں مگر پچھلے برس جس طرح پولیس کی لاٹھی ان پر برسی تھی اس ڈر سے وہ اس سال کافی سہمے ہوئے دکھائی رہے تھے۔

اس روز ان کے ریڑھے تیار نہیں تھے، ابھی سامان کے بننے کا سلسلہ جاری تھا۔ مجھے ان سجتے ہوئے ریڑھوں کو بھی دیکھنا تھا۔ مگر اس کے لیے مجھے ایک دن اور انتظار کرنا پڑا۔

میں ایک بار پھر اگلے روز وہاں پہنچا، جہاں تمام تیار شدہ سامان کو ریڑھوں پر سجایا جا رہا تھا۔ چند ہی لمحوں میں یہ ریڑھے رنگوں سے سج گئے۔

تیار شدہ سامان— تصویر اختر حفیظ
تیار شدہ سامان— تصویر اختر حفیظ

ُتیار شدہ پنکھے — تصویر اختر حفیظ
ُتیار شدہ پنکھے — تصویر اختر حفیظ

مجھے ایسا محسوس ہوا کہ ان لوگوں کے خواب بھی اتنے ہی رنگین ہوں گے، جو اب تک شرمندہء تعبیر نہیں ہو پائے۔ چند لمحوں میں ان ریڑھوں کی صورت یکسر تبدیل ہو گئی، کچھ دیر قبل لکڑی کا بے رونق سا چار پہیوں والا ڈھانچہ تھا، اب اس میں جا بجا رنگ ہی رنگ تھے۔ کہیں اس میں ڈھول لٹک رہے تھے تو کہیں تلواریں رکھی تھیں، کہیں ہوا پر وہ کاغذی رنگین پنکھے جھول رہے تھے، جنہیں بڑی محنت سے عورتوں کے محنت کش ہاتھوں نے تیار کیا تھا۔

یہ ریڑھے چلتی پھرتی رنگین گاڑی بن گئے تھے، جن کے رنگ آنکھوں کو موہنے کا باعث بن رہے تھے۔ اب ان کی منزل حیدرآباد شہر کے گلی کوچے تھے، جہاں ان چیزوں کی خرید و فروخت ہوتی ہے۔

یہ تمام اشیاء صرف حیدرآباد تک محدود نہیں رہتیں بلکہ ان میں چند کاریگر ایسے بھی ہیں جو صرف کراچی میں اپنا سامان بیچتے ہیں۔

اسی بستی میں بیمار وجود بھی سالوں سے بستر پر پڑے ہیں، جن کے لیے دوا لینا بھی بہت مہنگا سودا ہے۔ مگر یہ چند روز انہیں امید دلاتے ہیں کہ ان کے ہاتھوں سے کی ہوئی محنت ان کی مشکلوں اور دکھوں کا مداوا کرنے میں کام آئے گی۔

مختلف اشیاء سے سجی ریڑھیاں — تصویر اختر حفیظ
مختلف اشیاء سے سجی ریڑھیاں — تصویر اختر حفیظ

مختلف اشیاء سے سجی ریڑھیاں — تصویر اختر حفیظ
مختلف اشیاء سے سجی ریڑھیاں — تصویر اختر حفیظ

ریڑھے شہر کی جانب رواں ہیں — تصویر اختر حفیظ
ریڑھے شہر کی جانب رواں ہیں — تصویر اختر حفیظ


اختر حفیظ سندھی زبان کے افسانہ نگار اور صحافی ہیں، اور ایک سندھی روزنامے میں کام کر ریے ہیں۔

ان سے ان کے ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔


ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

اختر حفیظ

اختر حفیظ سندھی زبان کے افسانہ نگار اور صحافی ہیں، اور ایک سندھی روزنامے میں کام کر رہے ہیں۔

ان سے ان کے ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (7) بند ہیں

Ghulam Shabir Laghari Oct 11, 2016 05:58pm
Ghareeb hunarmandoon par likhari Akhtar Hafeez ne buht acha Article likha hay. Pictures bhi kamal ki hain. Akhtar Hafeez ki tahreer aur photography ka jawab nahen. Akhtar ke bilog ka antzar rehta hay. Ghulam Shabir Laghari
خوشبخت Oct 11, 2016 06:49pm
ایک تلخ حقیقت کو بہت خوبصورتی سے بیان کیا گیا ہے واقعی رنگین کاغذ اور گتوں سے گھر بنانے والوں کے خواب بھی اتنے ہی رنگین ہوتے ہوں گے. بچوں کی تصاویر بہت اچھی اور زندگی سے بھرپور ہیں. کاش اس بار پولیس ان غریبوں کی محنت پا پانی نہ پھیر ے.
Arshad Baloch Oct 11, 2016 06:50pm
اختر حفیظ آپ کمال کے لکھاری ہیں . سوسائٹی میں رنگ بکھیرنے والوں کی زندگی پے یہ آرٹیکل دیکھ ک بہت مسرت ہوئی. لکھتے رہیں،
مير سجاد اختر ٽالپُر Oct 11, 2016 07:56pm
بابا ، اها آهي حقيقي صحافت آهي جنهن غريبن جي حالتن تي لکجي تـ هو ڪمزور ضرور آهن پر ٽوٽي ۽ سست ڪونهن بيرنگي دُنيا جا مڻهو ضرور آهن پر مايوس ڪونهن انهن جي واهُر ٿيڻ گهُرجي بهترين بابا اختر ، ويلڊن
Rizwan Khan Oct 11, 2016 08:53pm
Very good article, all the pictures are very beautiful. A big job done by the writer.
bushra khalid Oct 12, 2016 01:10pm
بہت خوب ۔۔۔ اپکا آرٹیکل پڑھ کر ایسا لگا کہ ہماری زندگی کتنے رنگوں سے بھری ہونے کے باوجود ناشکری ساتھ ساتھ رہتی ہے اور جن لوگوں کی زندگی بے رنگ ہے ۔۔ وہ صرف دو دن کی ملنے ۔۔ والی.رنگینوں پر کتنا خوش ہو جاتے ہیں
ghulam nabi jarwar Oct 12, 2016 01:54pm
Akhter sb.... weldone weldone weldone..... thnx DAWAN group ,, for giving space to such beautiful and heart touching writting...