• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

'ملک،والدین، دوستوں کو چھوڑنا مشکل فیصلہ تھا'

شائع October 5, 2016
عمران طاہر نے یاسر شاہ کو ورلڈ کلاس باؤلر قرار دیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
عمران طاہر نے یاسر شاہ کو ورلڈ کلاس باؤلر قرار دیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژاد مایہ ناز اسپنر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ اپنے ملک، والدین اور دوستوں کو چھوڑ کر دوسرے ملک جانا بڑا مشکل فیصلہ تھا۔

کرکٹ ویب سائٹ پاک پیشن کو دیے گئے انٹرویو میں عمران طاہر کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے کیونکہ جنوبی افریقہ نے مجھے پوری دنیا کے سامنے اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کا موقع دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ میری منزل تھی کہ میں جنوبی افریقہ جاؤں گا اور جس طرح میرے حق میں کام ہوا ہے اس سے میں واقعی خوش ہوں'۔

'مجھے موقع دینے پر کرکٹ جنوبی افریقہ کا مشکور ہوں اور ہمیشہ شکرگزارہوں گا کہ انھوں نے مجھے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع دیا'۔

پاکستان چھوڑنے کے فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ 'یہ میرے ایک آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن کچھ مواقع ہر روز نہیں ملتے'۔

عمران طاہر نے کہا کہ 'مجھے اپنے خاندان خصوصاً میرے والدین، دوست اور میرے ملک کو چھوڑنا ایک بڑا مشکل فیصلہ تھا لیکن میری بیگم جنوبی افریقہ میں تھیں اسی لیے یہ فیصلہ مجھے لینا پڑا'۔

'یہ ان مواقع میں سے ایک تھا جہاں آپ کچھ حاصل کرتے ہیں مگر کچھ کھونا پڑتا ہے'۔

ایک سوال پر عمران طاہر کا کہناتھا کہ 'جب میں نے اپنے بچپن میں کرکٹ کھیلنا شروع کی اور جب گریڈز اور مختلف سطح سے ہوتے ہوئے فرسٹ کلاس میں آیا تو پاکستان کے لیے کھیلنا میرا خواب تھا لیکن یہ موقع کبھی نہیں آیا خیر کوئی بات نہیں اور یہ موقع جنوبی افریقہ کی جانب سے مجھے ملا'۔

پاکستان ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی جس پر میں انھیں مبارک باد دیتا ہوں کیونکہ انگلینڈ میں آکر ہوم ٹیم کے خلاف کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز برابر کی تھی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم ون ڈے سیریز میں 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ٹیم فاتح رہی تھی۔

یاسر شاہ کو ورلڈ کلاس باؤلر قرار دیتے ہوئے عمران طاہر کا کہنا تھا کہ 'وہ ایک زبردست باؤلر ہیں اور انھوں نے وہ سب کچھ کردکھایا کہ وہ کتنا عظیم باؤلر ہے اور میں ان کے بہترین مستقبل کے لیے دعا گو ہوں'۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024