خانہ جنگی کا شکار مشرق وسطیٰ کے عوام
مشرق وسطیٰ کے بیشتر اہم ممالک میں جاری خانہ جنگی کے باعث یہاں کے عوام شدید کرب میں مبتلا ہیں۔
شام، عراق، لیبیا، یمن، فلسطین اور افغانستان میں مقامی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری خانہ جنگی اور غیر ملکی فورسز کے حملوں میں اب تک نہ صرف لاکھوں شہری ہلاک بلکہ لاکھوں اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے یا کیے گئے ہیں۔
فضائی کارروائیوں سے محفوظ رہنے کیلئے نقل مکانی کرنے والے افراد مہاجرین کیمپوں میں بے سرو سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
ان کیمپوں میں نہ صرف ادویات بلکہ خوراک کی بھی شدید کمی ہے جبکہ اس اذیت ناک زندگی سے بچنے کیلئے غیر قانونی طور پر یورپی ممالک کا رخ کرنے والے مہاجرین کی کثیر تعداد سمندر کی نظر ہوچکی ہے۔
اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ کے علاقوں میں جاری خانہ جنگی کی وجہ سے اطراف کے ممالک اور ان کی سرحدیں بھی غیر محفوظ ہوگئی ہیں جبکہ مشرق وسطیٰ کی ریاستوں میں لڑی جارہی جنگ کے اثرات اب یورپ، امریکا سمیت دیگر مغربی ممالک تک پہنچ گئے ہیں۔