• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سرجیکل اسٹرائیکس: 'بھارتی دعوے کے ثبوت نہیں مل سکے'

شائع September 30, 2016

اسلام آباد: سینئر صحافی اور دفاعی تجزیہ نگار زاہد حسین کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اطراف سرجیکل اسٹرائیکس کرنے کے دعوے سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز وائز' میں گفتگو کرتے ہوئے زاہد حسین کا کہنا تھا کہ 'اگرچہ ہندوستان نے اپنے عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کی، لیکن جب بھی اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں تو اس پر ردعمل ضرور آتا ہے'۔

زاہد حسین نے کہا کہ اب تک ہندوستانی دعوے کے کوئی ثبوت نہیں مل سکے اور اگر یہ بات ثابت ہوگئی کہ انھوں نے سرجیکل اسٹرائیکس کی ہیں تو پھر دوسری طرف سے جواب کنٹرول سے باہر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں جبکہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کے بیانات دے رہے ہیں، وہ سمھتے ہیں کہ یہ مودی کی پاکستان مخالف پالیسی کا نتیجہ ہے، لہذا اس وقت کشیدگی میں کمی کی امید نہیں کی جاسکتی۔

زاہد حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان حالات ایک 'آتش' کی طرح رہے ہیں، یہاں کوئی ایک بھی واقعہ ہوجاتا ہے تو بات دور تک جاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق ہندوستانی وزراء اعظم اٹل بہاری واجپائی اور منموہن سنگھ کی نسبت نریندر مودی کا رویہ بہت ہی جارحانہ رہا ہے جوکہ دونوں ملکوں میں تعلقات کی خرابی کا ایک واضح سبب ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھمبھر، کیل، تتہ پانی اور لیپا سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی، جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا، اس واقعہ میں پاک فوج کے 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: سرجیکل اسٹرائیکس کابھارتی دعویٰ 'جھوٹا'، فائرنگ سے 2 پاکستانی فوجی جاں بحق

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ رات ڈھائی بجے سے صبح 8 بجے تک جاری رہا۔

ایل او سی پر فائرنگ کے تبادلے کے چند گھنٹے بعد ہی ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے دعویٰ کیا کہ 'ہندوستانی فورسز نے گذشتہ رات لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیکس کیں'۔

یہ بھی پڑھیں: سرجیکل اسٹرائیکس ہوتی کیا ہیں؟

تاہم آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا فائرنگ کو سرجیکل اسٹرائیکس کا رنگ دینا ایک دھوکہ ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کی جانب سے ہندوستانی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024